لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حق بات کرنے والوں کو قید، مقدمات اور سزاؤں سے ڈرایا جاتا ہے لیکن مجھے قید کی صعوبتوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔
لاہور میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگی رہنماؤں کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہمیں سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت کی بہت امید تھی، سعد رفیق کی غلطی یہ ہے کہ انہوں نے نالائق اعظم کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کی جسارت کی اور دونوں بار جیت بھی گئے۔ حکومت کو خواجہ سعد رفیق کی کامیابی ہضم نہیں ہوئی۔
مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات میں سینیٹ چیئرمین کو ہٹانے اور احتجاج کے حوالے سے بات چیت کی گئی، شہباز شریف کی بھی اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، احتجاج اور دیگر امور کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔
بجٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ نالائق حکومت نےعوام پر بجٹ کے ذریعے ظلم کیا، بجٹ سےعام آدمی کی مشکل میں اضافہ ہوا، جو بجٹ کے حق میں ووٹ دے گا وہ قوم کی نظر میں مجرم ہوگا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ سنتے آئے ہیں کہ قانون اندھا ہوتا ہے لیکن نیب کے قانون کی بڑی بڑی آنکھیں ہیں، نیب اپوزیشن کو نشانہ بنارہا ہے جب کہ نالائق اعظم کی بہن علیمہ خان پر نیب کی نظر نہیں پڑتی۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر سازشی حکومت آئی ہے تو اس کو سازشی حکومت ہی کہنا چاہیے۔ حق بات کرنے والوں کو قید، مقدمات اور سزاؤں سے ڈرایا جاتا ہے، میرا تو جلسوں اور ورکرز کنونشن کا شیڈول تیار ہے، میں تو جلسے کروں گی، مجھے کسی چیز سے ڈرایا نہیں جاسکتا، مجھے مشکلات میں گھرے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور اس حکومت کو ووٹ چور اور سازشی کہنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ پہلی حکومت دیکھی ہے کہ جو اپوزیشن کے خلاف احتجاج کررہی ہے، ان کی تربیت کنٹینر پر ہوئی ہے، انہوں نے اسمبلی کو بھی کنٹینر بنادیا ہے، مزید اپوزیشن رہنماؤں کو بھی بھی جیل میں ڈال دیں لیکن حکومت اتنی نالائق ہے کہ پھر بھی وہ کام نہیں کرسکتی۔