اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے بجٹ سیشن اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آصف علی زرداری، خواجہ سعد رفیق اور فاٹا کے دو ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
تین روز قبل وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ آصف علی زرداری سمیت کسی بھی ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں۔
اپوزیشن کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے اسپیکر اسد قیصر کو تحریری طور پر درخواست دی گئی تھی۔
اب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق صدر آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں۔
پروڈکشن آرڈر بجٹ سیشن کے لیے جاری کیے گئے ہیں اور قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن 29 جون تک جاری رہے گا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے آصف زرداری اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں، پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قاعدہ 108کے تحت جاری کیےگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے سے پہلے خورشید شاہ نے اسد قیصر کو کئی بار فون کیا۔
خورشید شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کل صبح کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔