اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کیلئے آن لائن پروفائل سسٹم کا اجرا کردیا۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ آج سے ڈیٹا کی رسائی عوام کودے دی گئی ہے، ہمارے پاس ٹریولنگ، یوٹیلٹی بلز، بینک ٹرانزیکشن کا ڈیٹا موجود ہے، شہری شناختی کارڈ کی بنیاد پر اپنے بارے میں آن لائن معلومات لے سکیں گے، دستیاب ڈیٹا کے علاوہ اضافی معلومات کی بنیاد پر ٹیکس اسیسمنٹ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کے لیے اپنے شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر کی بنیاد پر ویب سائٹ پر ڈیٹا انٹری ممکن ہوگی، کوئی شخص کسی دوسرے کا پروفائل استعمال نہیں کرسکے گا۔
شبر زیدی نے بتایا کہ نادرا کی مدد سے تمام شہریوں کی معاشی سرگرمیوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، بینک ٹرانزیکشن اور یوٹیلیٹی بلوں سمیت تمام معلومات ایف بی آر کے پاس ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ کسی کی ذاتی معلومات کوئی دوسرا شخص حاصل نہیں کر سکے گا، آن لائن پروفائل سسٹم میں سیکیورٹی فیچرز کا بھی خیال رکھا گیا ہے، ایمنسٹی اسکیم کے علاوہ بھی شہری ایف بی آر سے آن لائن ڈیٹابیس کی معلومات لے سکیں گے۔
اس موقع پر وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ ایف بی آر کے پاس 5 کروڑ 30 لاکھ افراد کا ڈیٹا موجود ہے، اس ڈیٹا کی بنیاد پر نوٹس بھی جاری کیے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سال 2 حکومتیں جھوٹ بولتی رہیں، انہوں نےکوئی ڈیٹا بیس تیارہی نہیں کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے ساڑھے پانچ لاکھ افراد کا ڈیٹا تیار کیا ہے۔