اسلام آباد: امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی دو روزہ دورے پر آج کو پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم اہم وزراء اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امیر قطر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اس دوران وہ صدر مملکت عارف علوی سمیت اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں معاشی اشتراک اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط ہو گا۔
اس سے قبل بھی مارچ 2015 میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔