افغان صدر اشرف غنی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
افغان صدر اشرف غنی آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں ان کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
افغان صدر اشرف غنی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے شہباز شریف سے ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ن لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ نواز شریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق افغان صدر کا کہنا تھا شہباز شریف سے 1980ء میں پہلی ملاقات ہوئی تھی، یہ تعلق آج بھی رواں دواں ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان آمد پر آپ کا خیر مقدم کرتے ہیں اور خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان افغانوں کا دوسرا گھر ہے، ہم آپ کو افغان صدر ہی نہیں بلکہ اپنا محترم بھائی تصور کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا اشرف غنی صدر ہونے کے علاوہ ماہر تعلیم، سوشل سائنٹسٹ، مصنف اور اسٹیٹس مین بھی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ امن اور خطے میں مثبت صورتحال پروان چڑھانے میں اشرف غنی کے کردار کی تحسین کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے افغانستان میں نئے انتخابات کے لیے صدر اشرف غنی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مصروفیت کے باوجود ملاقات کی دعوت دینے پر تشکر کا اظہار کیا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی ہم سب کا خواب ہے، افغان اور پاکستان کے عوام افغانستان میں بدامنی سے بہت تکالیف جھیل چکے ہیں۔
شہباز شریف نے افغان صدر کو نواز شریف کی طرف سے بھی خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
[pullquote]اشرف غنی اور بلاول بھٹو کی ملاقات[/pullquote]
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر کے ساتھ ملاقات میں فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان بھی شامل تھے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افغان امن عمل سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔