جمعہ : 28 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے گریز کرے، ٹریزا مے[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری اسی صورت ممکن ہے کہ اگر روس انٹرنیشنل سکیورٹی کو خطرات لاحق کرنے کے اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔ یہ بیان اوساکا میں پوٹن اور مے کی ملاقات کے بعد لندن سے جاری کیا گیا۔ برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق روسی صدر سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اُس مشتبہ روسی کو لندن حکومت کے حوالے کرے جو ایک ڈبل ایجنٹ اور اُس کی بیٹی کو زہر دینے میں ملوث تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے ساتھ تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہیں، امریکا[/pullquote]

امریکا کے شمالی کوریا کے لیے خصوصی مندوب اسٹیفن بِنگن نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت پیونگ یانگ کے ساتھ تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ بِنگن کے بیان کو جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے جاری کیا ہے۔ امریکی خصوصی سفیر نے یہ بات اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی تھی۔ جنوبی کوریائی وزارت خارجہ کے مطابق یہ ملاقات جمعہ اٹھائیس جون کو سیئول میں ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی سپریم لیڈر کم جونگ اُن کے درمیان ویتنامی دارالحکومت ہنوئی میں ملاقات بغیر کسی پیش رفت کے ناکام ہو گئی تھی۔

[pullquote]تیونسی صدر کی علالت میں کمی، روبہ صحت ہو رہے ہیں[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس کے صدارتی دفتر سے بتایا گیا ہے کہ علیل صدر الباجی قائد السِبسی کی صحت حیران کن انداز میں بہتر ہو رہی ہے۔ بانوے سالہ صدر السِبسی کو جمعرات ستائیس جون کو صحت کے شدید مسائل کے تناظر میں فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جمعہ اٹھائیس جون کو صدر نے اپنے وزیر دفاع کو طلب کر کے ملکی صورت حال پر بریفنگ بھی لی۔ تیونسی حکومت کی جانب سے السِبسی کی علالت بارے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب علیل صدر کے ایک مشیر نورالدین بن تیشا نے کہا ہے کہ ملک میں قیادت کا خلا موجود نہیں ہے کیونکہ ابھی صدر موجود ہیں۔

[pullquote]بھارت: ماؤ باغیوں کے ساتھ جھڑپ میں دو نیم فوجی اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارتی حکام کے مطابق ملک کے وسطی حصے میں ماؤ باغیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نیم فوجی دستوں کے دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گئے ہيں۔ یہ جھڑپ چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور میں ہوئی۔ جھڑپ میں مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی اور گولی لگنے سے اُس میں سوار ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ عام شہری باغیوں کی گولی سے ہلاک ہوا یا نیم فوجی دستوں کے فائر کا نشانہ بنا۔ چھتیس گڑھ ماؤ نواز باغیوں کی مسلح سرگرمیوں سے شدید متاثر ہے۔

[pullquote]مواخذہ کرنے والوں کو جیل میں ڈال دوں گا، فلپائنی صدر[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے اپنے مخالفین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ ان کا مواخذہ کرنے کی کوشش کریں گے تو انہیں جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بیان مخالفین کے اُس الزام کے جواب میں دیا ہے، جس کے مطابق ڈوٹیرٹے فلپائنی اور چینی کشتیوں کی ٹکر میں بیجنگ حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔ نو جون کو دونوں کشتیوں کے درمیان ٹکر منیلا کے خصوصی سمندری اقتصادی زون میں ہوئی تھی۔ صدر ڈوٹیرٹے نے کشتیوں کے ٹکرانے کو ایک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی کشتی نے دانستہ فلپائنی ماہی گیروں کی کشتی کو ٹکر نہیں ماری تھی۔ فلپائن میں کئی اہم شخصیات نے ملکی صدر کے اس موقف کو دستور کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

[pullquote]یک پہلویت کے خلاف اقدام ضروری ہے: روس، چین اور بھارت کا مطالبہ[/pullquote]

روس، چین، اور بھارت کے لیڈروں نے جی ٹوئنٹی سمٹ کے پہلے دن مطالبہ کیا ہے کہ عالمی تجارتی امور میں یک پہلویت اختیار کرنے کے خلاف مناسب ایکشن لینا وقت کی ضرورت ہے۔ جاپانی شہر اوساکا ميں جاری سربراہ اجلاس کے حاشیے میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چینی رہنما شی جن پنگ نے اپنی ملاقات میں باہمی تعلقات بہتر کرنے کو فوقیت دی۔ اس میٹنگ کے بعد روسی صدر پوٹن نے واضح کیا کہ تینوں ملک انٹرنیشنل قانون پر انحصار کرتے ہوئے ايک دوسرے کی قومی سلامتی کا احترام اور دوسرے ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔

[pullquote]چین کو تجارتی معاملات میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج جمعے کو جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی معاملات پر چین کو کوئی رعایت نہیں دی جا رہی اور تجارتی مذاکرات میں تعمیری پیش رفت ممکن ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل ہفتہ انتیس جون کو اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ تجزیہ کاروں نے اس ملاقات میں تجارتی تنازعات کے حوالے سے کسی بڑی پیش رفت کے ظاہر نہ ہونے کا بتایا ہے۔ دوسری جانب چین نے تجارتی و اقتصادی امور میں کثیر الفریقی سرگرمیوں کی حمایت کی ہے۔

[pullquote]افغانستان کے جنگ زدہ علاقوں میں پولیو پھیلتا ہوا[/pullquote]

افغان وزارت صحت کے انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان کے مطابق جنگ زدہ علاقوں میں کم از کم دس بچوں میں ناقابل علاج پولیو وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ عسکریت پسندوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں اس مرض میں مبتلا بچوں کی تشخیص رواں برس پہلی مرتبہ ہوئی ہے۔ پولیو میں مبتلا بچے ہلمند، قندھار اور اُرُوزگان کے صوبوں میں پائے گئے ہیں۔ ان صوبوں میں طالبان یا اسلامک اسٹیٹ سرگرم ہیں۔ طالبان نے گھر گھر پولیو ویکسین پلانے کی مہم کو ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ طالبان کے علاقوں میں مئی سن 2018 کے بعد سے پولیو ویکسین بچوں کو فراہم نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی سمٹ شروع ہو گئی[/pullquote]

جاپان کے شہر اوساکا میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے لیڈروں کی دو روزہ سمٹ شروع ہو گئی ہے۔ کانفرنس کے لیڈران کو باہمی تعاون میں فقدان، عالمی اقتصادی ترقی کو لاحق خطرات اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی سمیت کئی دیگر معاملات کا سامنا ہے۔ اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ چینی صدر شی جن پنگ اور روس کے رہنما ولادیمیر پوٹن بھی شریک ہیں۔ جی ٹوئنٹی سمٹ کے حاشیے میں کئی لیڈروں کی آپس میں ملاقاتیں بھی شیڈیول ہیں۔ چینی و امریکی تجارتی تنازعات کے تناظر میں ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کو اہم خیال کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں میں ابھی تک تجارتی تنازعات کے لیے شروع مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]چین انسانی حقوق کا احترام کرے، جمہوریت نواز کارکنوں کا مطالبہ[/pullquote]

جمہوریت نواز کارکنوں نے جی ٹوئنٹی کے لیڈروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینی صدر پر دباؤ بڑھائیں کہ وہ چین میں انسانی حقوق کے احترام کے معاملے کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے اقلتیوں کے حقوق کے احترام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ چین، ہانگ کانگ اور منگولیا سے تعلق رکھنے والے تین جمہوریت نواز کارکنوں نے جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے لیڈران سے کہا ہے کہ وہ تجارت اور معاشی معاملات کے ذریعے چین پر دباؤ بڑھائیں تا کہ بیجنگ حکومت انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کر سکے۔ یہ سرگرم کارکن اوساکا میں اُس وقت مظاہرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جب چین کے صدر سمٹ کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

[pullquote]جوہری ڈیل محفوظ رکھنے کے لیے ویانا میٹنگ آخری موقع ہے، ایران[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری ڈیل کو محفوظ رکھنے کا آخری موقع جمعہ اٹھائیس جون کو ویانا میں امریکا کے علاوہ سمجھوتے پر دستخط کرنے والے بقیہ ممالک کی میٹنگ ہے۔ ایران نے یہ بھی کہا ہے کہ تہران امریکی پابندیوں کے تناظر میں کسی بھی مصنوعی حل کو قبول نہیں کرے گا۔ ایران نے ڈیل پر دستخط کرنے والے ممالک کو مطلع کر رکھا ہے کہ امریکی اقتصادی پابندیوں کا سدباب نہ کیا گیا تو ڈیل میں طے شدہ اجازت کی روشنی میں یورنیم کی افزودگی شروع کر دے گا۔ ویانا میٹنگ میں اعلیٰ سطحی ایرانی وفد ڈیل میں شامل دیگر ممالک کے اہلکاروں سے ملاقات کرے گا۔

[pullquote]یورپی یونین اور جنوبی امریکی ممالک کے دردمیان تجارتی مذاکرات[/pullquote]

جنوبی امریکی ممالک اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی ڈیل کو طے کرنے کے مذاکرات برسلز میں جاری ہیں۔ یونین کے تجارتی شعبے کے اہلکاروں کے ساتھ جنوبی امریکی ٹریڈ بلاک (Mercosur) کے وزراء بات چیت کے عمل میں شریک ہیں۔ یونین کے ذرائع کے مطابق فریقین ڈیل کو حتمی شکل دینے کے لیے بعض معاملات میں پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے برازیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اُس نے پیرس کلائمیٹ ڈیل سے علیحدگی اختیار کرنے کی کوشش کی تو وہ اس ڈیل کی حتمی منظوری کو روک دیں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ برازیل کے صدر خائر بولسونارو پیرس ڈیل سے دستبردار ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

[pullquote]پاپوا نیوگنی: آتش فشاں کے پھٹنے سے ہزاروں افراد بے گھر[/pullquote]

بحر الکاہل کی ریاست پاپوا نیوگنی کے آتش فشاں ماؤنٹ اُلواوَن نے لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے دہانے سے گہری سیاہ راکھ بھی بلند ہو کر قریبی علاقوں پر گر رہی ہے۔ اِس جزیروں پر مشتمل ریاست کے وزیراعظم نے علاقے میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا ہے۔ آتش فشاں کے لاوے اور راکھ کی وجہ سے سات سے تیرہ ہزار افراد کو بے گھری کا سامنا ہے۔ زمینی کارروائی میں مدد کے لیے فوج کے دستے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ ایک مقامی رکن پارلیمنٹ کے مطابق کم از کم ایک ہزار افراد کے مکانات لاوے سے تباہ ہو گئے ہیں۔ کوہ اُلواوَن کو دنیا کا خطرناک ترین آتش فشاں خیال کیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے