لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود گزشتہ رات 2 بجے غیر ملکی ائیرلائن سے امریکا جارہے تھے لیکن ایف آئی اے حکام نے انہیں ائیرپورٹ پر روک لیا اور کچھ دیر بعد واپس گھر جانے کی اجازت دے دی۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہناہے کہ رانا مشہود کا نام بلیک میں شامل تھا اور اسی بناء پر انہیں بیرون ملک روانگی سے روکا گیا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے رانا مشہود نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، چار گھنٹے تک بغیر وجہ کے ائیر پورٹ پر روکا گیا، امریکا جارہا تھا کہ بتایا گیا کہ نام بلیک لسٹ میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا بتایاگیا کہ نیب حکام نے نام بلیک لسٹ میں شامل کرایا ہے، ائیرپورٹ پر دو گھنٹے بعد ایک نیب افسر سے رابطہ ہوا، نیب افسر نے کہا کیوں روکا اوپر سے پوچھ کر بتاتا ہوں، صبح فلائٹ جانے کے بعد بتایا گیا کہ آپ جاسکتے ہیں، میرے خلاف کوئی چارجز نہیں ہیں۔