بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’خوبصورت‘ میں ان کے ساتھ کوئی بھی بالی وڈ اداکار کام کرنے کو تیار نہیں تھا جس کی وجہ سے پاکستانی اداکار فواد خان کا انتخاب کیا گیا تھا۔
بھارتی نیوز سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بالی وڈ فلم نگری میں اپنا کیرئیر بنانے کے دوران تلخ یادوں کا ذکر کیا اور انکشاف کیا کہ اداکارہ بننے کے لیے بہت سے پاپڑ بیلنے پڑے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ چونکہ میں بالی وڈ کے نامور اداکار انیل کپور کی بیٹی ہوں اس لیے لوگ اقرابا پروری کا الزام لگا کر تنقید کرتے تھے جب کہ کسی کو یہ نہیں معلوم کہ مجھے اپنی ڈیبیو فلم ’ساوریا‘ کرنے کے لیے کتنی بار آڈیشن دینا پڑا تھا۔
سونم کپور نے بتایا کہ انہوں نے فلم ’دہلی 6‘ کے لیے بھی آڈیشن دیا تھا یہاں تک کہ جب فلم ’خوبصورت‘ سائن کی تو کوئی بھی بالی وڈ اداکار میرے ساتھ فلم کرنے کو تیار نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب اداکاروں نے فلم کے لیے اس لیے منع کردیا کیونکہ فلم کا نام ’خوبصورت‘ تھا اور کہانی لڑکی پر مبنی تھی، یہی وجہ تھی کہ پاکستانی اداکار فواد خان کا انتخاب کیا گیا اور دیکھیں کیسے فواد خان ایک بڑے اسٹار بن گئے کیونکہ ان کے اندر اعتماد تھا۔
انہوں نے کہا کہ فواد خان اور میری جوڑی کو سب مداحوں نے بہت پسند کیا اور بطور اداکار فواد خان کو بے حد سراہا بھی گیا۔
واضح رہے کہ سپر اسٹار فواد خان نے 2014 میں بالی وڈ فلم ’خوبصورت‘ میں ڈیبیو کیا تھا جس میں مرکزی اداکارہ سونم کپور تھیں۔
بعدازاں فواد خان فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔