انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے آس لگا لی ہے اور میزبان ٹیم کی جیت کے بعد دیگر ٹیموں کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل بن گیا ہے۔
کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے آخری چند میچز رہ گئے اور ٹیموں کے درمیان اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے زبردست صورتحال بن چکی ہے، میزبان انگلینڈ کی جیت کے بعد سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو 8 میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے اور مزید 3 ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے آگے آنا ہے لیکن مقابلے میں 5 ٹیمیں ہیں۔
بھارت 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس 2 میچز باقی ہیں، نیوزی لینڈ 8 میچز میں گیارہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس ایک ایک میچ ہے۔
پاکستان ٹیم 8 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں، بنگلادیشی ٹیم 7 میچز میں 7 اور سری لنکن ٹیم 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
سیمی فائنل میں براہ راست رسائی کے لیے بھارت کو دو میچز میں سے ایک میچ جیتنا ہے، کسی ایک میچ میں بھی جیت بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچا دے گی اور دونوں میچز میں شکست کی صورت میں اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ رن ریٹ کی جنگ کرنا ہوگی۔
اسی طرح نیوزی لینڈ کو بھی ایک فتح درکار ہے لیکن اس کا اگلا مقابلہ انگلینڈ سے ہونا ہے جو دونوں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ کرے گا، اگر انگلش ٹیم میچ جیت گئی تو سیمی فائنل میں کوالیفائی کر جائے گی۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے 5 جولائی کو بنگلادیش کو لازمی شکست دینا ہوگی اور انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
اگر انگلش ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوتی ہے اور پاکستان بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو گرین شرٹس سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو انگلش ٹیم کی جیت کی صورت میں پاکستان اگر بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
اگر بنگلادیش اپنے بقایا دونوں میچز جیت جاتی ہے جو کہ بھارت اور پاکستان کے خلاف ہیں تو بنگلادیش کے بھی سیمی فائنل میں جانے کے امکانات ہیں لیکن اس صورت میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ سے لازمی ہارنا ہوگا۔