ڈرہم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ پاکستان کی فائنل فور میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جیسن روئے نے 6 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور وہ 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جونی بیئراسٹو نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش کپتان اوئن مورگن نے بھی 42 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جب کہ جو روٹ نے 24 اور عادل رشید نے 16 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشام، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک وکٹ ٹم ساؤتھی کے حصے میں آئی۔
انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
سوائے ٹام لیتھم کے نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی انگلش بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ راس ٹیلر نے 28 اور کین ولیمسن نے 27 رنز کی اننگز کھیلیں۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک وڈ نے تین جب کہ کرس ووکس، جوفرا آرچر، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور بین اسٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بلے بازی پر جونی بیئراسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ کی ٹیم 1992 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
کرک انفو کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلا دیش کو 316 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہو گی، اس سے کم رنز سے بنگلا دیش کو شکست کی صورت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔
[pullquote]پاکستان اب کیسے سیمی فائنل میں پہنچے گا؟[/pullquote]
لارڈز: انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد پاکستان کا ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہوگیا۔
ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
اس شکست کے باوجود نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان ٹیم کا آخری میچ لارڈز میں بنگلادیش سے ہے۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں انگلش ٹیم کی شکست پاکستان کو بنگلادیش سے جیت کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچاسکتی تھی لیکن اب انگلش ٹیم کی فتح نے گرین شرٹس کے لیے صورتحال مزید مشکل کردی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گرین شرٹس کو اگر ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو اب بات کسی کی جیت اور ہار سے نہیں بنے گی، بنگلادیش کے خلاف لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں تاریخ ہی رقم کرنا ہوگی اور اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگال ٹائیگرز کو کم سے کم 316 رنز سے شکست دینا ہوگی جو کہ بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔
یعنی اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے اور 400 رنز بناتا ہے تو اسے بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ کرنا ہوگا۔
اگر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 350 رنز بنائے تو پھر حریف کو 39 رنز پر آؤٹ کرنا ہوگا۔
اگر بنگال ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کی تو پاکستان سیمی فائنل سے باہر ہوجائے گا۔