رانا ثناء کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نا تو انتقام کی سیاست تحریک انصاف کا نظریہ ہے اور نا ہی مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاست اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستان میں اب ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں، جن لوگوں پر مقدمات ہیں عدالتوں میں صفائی دیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت پر الزام لگا کر اپوزیشن اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران اپنے دورہ امریکا سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ دورہ امریکا سے پاک امریکا تعلقات اور خطے کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

حکومت کی جانب سے ایسٹس ڈکلیئرایشن اسکیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق بجٹ کے دوران اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے پر وزیر اعظم نے حکومتی ترجمانوں کی تعریف بھی کی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کو فیصل آباد کے قریب سکھیکی کے مقام سے گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ ان کی گاڑی سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے