کراچی کے مختلف علاقوں میں پھوار اور بونداباندی سے شہر کا موسم خشگوار ہوگیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے پھوار اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم سہانا ہوگیا ہے جب کہ بادل برستے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہری پریشان ہیں۔
کھارادر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی 2 گھنٹوں سے معطل ہے جب کہ پرانی سبزی منڈی الہلال سوسائٹی میں بھی ایک گھنٹہ سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔
ماڈل کالونی،کورنگی،اورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، ملیر رفاع عام، لیاقت آباد اور گلشن میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
شہر کے مخلتف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات کی بھی اطلاعات ہیں اور کچھ سڑکوں پر ٹریفک جام ہے۔
ترجمان کے الیٹرک کے مطابق بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی ہے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے صارفین سے پریشانی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تار، بجلی کے کھمبوں اورپی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں کیونکہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا امکان ہے۔