پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف بیٹنگ، امام کی شاندار سنچری

لندن: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 43 ویں میچ میں پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور گرین شرٹس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنا لیے ہیں۔

لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے دفاعی حکمت عملی کے انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے دوران فخر زمان دو مرتبہ رن آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔

23 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔

امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور وہ سنچری اسکور کرنے کے فوراً بعد ہی ہٹ وکٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ ایک بار پھر اسپنر کو غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کے خلاف قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی البتہ بنگلادیش کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شبیر رحمان اور روبیل حسن کے بجائے محمداللہ اور مہدی حسن ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستان کو فائنل فور میں پہنچنے کیلئے بنگلادیش کی بولنگ کے خلاف پہلے 400 رنز بنانا ہوں گے اور پھر بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ بھی کرنا ہوگا۔

اگر گرین شرٹس نے 350 رنز بنائے تو 311 رنز سے میچ جیتنا ہوگا یعنی صرف 39 رنز پر بنگلادیش کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

بنگلادیش کا ون ڈے کرکٹ میں کم سے کم اسکور 58 ہے جو اس نے ورلڈ کپ 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا، پاکستان کو بھی اسی طرح بنگلادیشی ٹیم کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنائے تھے، فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ پر 399 رنز اسکور کیے تھے ، اس بار بھی بیٹنگ میں کچھ ایسی ہی کارکردگی دکھانی ہوگی۔

پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح 233 رنز ہے جو 19 سال قبل حاصل کی تھی لیکن موجودہ بنگلادیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن مضبوط تصور کی جاتی ہے صرف شکیب الحسن ہی ایونٹ میں 500 سے زائد رنز بناچکے ہیں تو گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے