بدھ : 17 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان نے سویڈش امدادی ادارے کے ہیلتھ مراکز بند کروا دیے[/pullquote]

افغان طالبان نے وردک صوبے میں سویڈن کے امدادی گروپ سویڈش کمیٹی برائے افغانستان کے قائم ہیلتھ مراکز بند کروا دیے ہیں۔ سویڈش کمیٹی نے تصدیق کی کہ طالبان کی ہدایت کے بعد اس صوبے کے ستتر میں سے بیالیس سینٹرز بند کر دیے گئے ہیں۔ اسی امدادی گروپ کے ایک ہیلتھ سینٹر پر گزشتہ ہفتے کے دوران کیے گئے ایک شبینہ حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی مذمت سویڈش تنظیم نے کی تھی لیکن طالبان نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ ادارہ اپنے افغان ملازمین کی مناسب سلامتی میں ناکام رہا تھا۔

[pullquote]مون سون کی بارشیں: جنوبی ایشیا میں دو سو سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی ایشیائی ممالک بھارت اور نیپال میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ان ملکوں میں شدید بارشوں اور سیلابوں سے دو سو سے زائد انسانی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی ایک بڑی آبادی کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ لاکھوں انسانوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ مختلف علاقوں میں عمارتوں کے گرنے اور وقفے وقفے سے لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ نیپال میں تراسی افراد ہلاک اور پینتیس لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ مشرقی بھارتی ریاست بہار میں بارشوں اور سیلابوں سے خطرناک صورت حال پیدا ہے۔ بھارتی ریاست آسام میں سیلاب کی زد میں آ کر دو گینڈوں سمیت تیس جانور ہلاک ہو گئے ہیں۔

[pullquote]نئی یونانی پارلیمنٹ کے اراکین نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

یونان میں سات جولائی کے عام انتخابات کے بعد بننے والی نئی پارلیمنٹ کے اراکین نے بدھ سترہ جولائی کو حلف اٹھا لیا ہے۔ چھ مختلف پارٹیوں پر مشمل پارلیمنٹ جمعرات اٹھارہ جولائی کو نیا اسپیکر منتخب کرے گی۔ نئی پارلیمنٹ میں قدامت پسند نیو ڈیموکریسی پارٹی کو برتری حاصل ہے اور اس کے پاس 158 نشستیں ہیں۔ اتواراکیس جولائی کو نئے یونانی وزیراعظم کیراکوس مٹسوٹاکیس(Kyriakos Mitsotakis) اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ اس کے بعد وہ اپنی حکومت کی ترجیحات کی وضاحت کریں گے۔ نئے وزیراعظم کو سست روی کی شکار ملکی اقتصادیات کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کے چیلنج کا سامنا ہے۔

[pullquote]یمن کے حوثی مليشیا کا سعودی علاقے پر ڈرون سے حملہ کرنے کا دعویٰ[/pullquote]

یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے جیزان ایئر پورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بایا گیا ہے۔ حوثی باغیوں کی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق اس حملے سے جیزان ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ یہ ہوائی اڈہ یمنی سرحد کے قریب واقع ہے۔ سعودی عرب نے اس مناسبت سے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب منگل سولہ جولائی کو سعودی عسکری اتحاد نے کہا تھا کہ تین یمنی ڈرون کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]ممبئی: منہدم عمارت سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں[/pullquote]

بھارتی شہر ممبئی میں منگل کو گرنے والی قدیمی چار منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن تھا اور اس باعث ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ عمارت کے گرنے کی وجہ مون سون کی شدید بارشیں خیال کی گئی ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی حکومت کا وزیر پرتعش لائف اسٹائل کے الزام پر مستعفی[/pullquote]

فرانس کے اکالوجی امور کے وزیر فرانسوا ڈی رگبی نے ملکی وزیراعظم ایڈوارڈ فِلِپے کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقوم پر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے وزارتی اپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش بھی کروائی ہے۔ مستعفی ہونے والے وزیر نے کہا ہے کہ انہوں اپنے دفاع کے لیے استعفیٰ دیا ہے اور مختلف میڈیا ہاؤسز پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا بھی بتایا ہے۔

[pullquote]ارزولا فان ڈیئر لان یورپی کمیشن کی صدر منتخب[/pullquote]

یورپی کمیشن کے نئے سربراہ کے طور پر جرمن سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لان کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں واقع یورپی پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں فان ڈیئر لائن کو 383 ووٹ ملے۔ یہ انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہوا۔ وہ محض نو ووٹوں کی عددی برتری سے کامیاب قرار دی گئیں۔کرسچیئن ڈیموکریٹک یونین سے تعلق رکھنے والی فان ڈیئر لائن اس سے قبل ملکی وزیر دفاع کے عہدے پر فائز تھیں۔ فان ڈیئر لائن رواں برس یکم نومبر کو یورپی کمیشن کی صدارت کا منصب سنبھالیں گی۔ وہ اس منصب کو سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ موجودہ صدر ژاں کلود ینکر کی مدت اکتیس اکتوبر پوری ہو جائے گی۔

[pullquote]نئی جرمن وزیر دفاع سی ڈی یو کی موجودہ صدر ہوں گی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی موجودہ صدر آنے گریٹ کرامپ کارن باؤر کو اگلا وزیر دفاع نامزد کر دیا ہے۔ وہ اپنا منصب آج اُس وقت سنبھالیں گی جب ارزولا فان ڈیئر لائن اپنی وزارت سے پوری طرح سبکدوش ہو جائیں گی۔ کارن باؤر جرمن پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی بنڈس راٹ کی اول نائب صدر بھی ہوں گی۔ جرمنی کی سبکدوش ہونے والی وزیر دفاع فان ڈیئر لائن سن 2013 سے یہ منصب سنبھالے ہوئے تھیں۔ وہ منگل سولہ جولائی کو یورپی کمیشن کی نئی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔

[pullquote]امریکا نے میانمار کی فوج کے سربراہ پر پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]

امریکی حکومت نے میانمار کی فوج کے سربراہ جنرل من آنگ ہلینگ اور دوسرے اعلیٰ فوجی افسروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ابھی تک ان افراد کے خلاف میانمار حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مرتکب پائے گئے تھے۔ ان پر یہ پابندیاں روہنگیاں مسلم برداری کی ماورائے قانون ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے عائد کی ہیں۔ دوسرے افسران میں جنرل ہلینگ کے بعد دو اعلیٰ ترین افسر ہیں جب کہ بقیہ دو بریگیڈیئر رینک کے افسران ہیں۔ یہ پابندیاں ان افسران کے خاندانوں پر بھی لاگو ہوں گی۔

[pullquote]ترقی یافتہ ممالک کے وزرائے خزانہ کا اجلاس پیرس میں ہو گا[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں آج بدھ سترہ جولائی کو ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے وزرائے خزانہ کا اجلاس ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس میں فیس بک کی ڈیجیٹل کرنسی لبرا پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس میٹنگ کے ایجنڈے پر انٹرنیٹ کی بڑی کمپنیوں پر ٹیکسوں کے نفاذ کا معاملہ بھی شامل ہے۔ انٹرنیٹ کمپنیوں پر ٹیکس لگانے کے معاملے پر امریکا اور یورپی اراکین میں شدید اختلاف پایا جاتا ہے۔ فرانس گزشتہ ہفتے تین فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ کر چکا ہے۔اس اجلاس میں فرانس کے علاوہ برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، جاپان، اٹلی اور امریکا کے وزرائے خزانہ شریک ہوں رہے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے گا، امریکی امید[/pullquote]

امریکا نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ شمالی کوریا جوہری پروگرام سے دستبرداری کے مذاکراتی عمل سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ یہ بیان نئی امریکی اور جنوبی کوریائی فوجی مشقوں کے انعقاد کے اعلان پر دی گئی شمالی کوریائی دھمکی کے تناظر میں ہے۔ شمالی کوریا نے منگل سولہ جولائی کو کہا تھا کہ وہ جوہری تجربات کے معطل سلسلے پر نظرثانی کرے گا، اگر امریکا اور جنوبی کوریا نے اگلے مہینے اپنی فوجی مشقوں کو شروع کیا۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ توقع ہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہوں گے تاکہ طے شدہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

[pullquote]امریکی وزارت خارجہ کے اعلیٓ اہلکار مشرقی ایشیا کے دورے پر[/pullquote]

امریکی محکمہ خارجہ کے مشرقی ایشیا پالیسی کے نگران اہلکار ڈیوڈ اسٹل ویل جاپان اور جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں۔ اُن کا یہ دورہ ایسے وقت پر شروع ہوا ہے جب دونوں امریکی اتحادی ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔ امریکی سفارتی اہلکار اسٹیل ویل پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ واشنگٹن جاپان اور جنوبی کوریا تنازعات میں کوئی کردار ادا کرنے کی خواہش نہیں رکھتا لیکن ان کے درمیان مکالمت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ جنوبی کوریا نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ جاپانی صنعت پر اپنا انحصار محدود کر رہی ہے۔ اس اعلان کے بعد سیئول اور ٹوکیو حکومتیں ایک نئے اقتصادی تنازعے میں الجھ کر رہ گئی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے