شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے، پاک فوج کے 10 جوان شہید

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں پاک وطن کے 10 محافظ مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔

شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن کے دوران ایف سی کے جوانوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت چار جوان شہید ہوگئے۔

شہداء میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ جوانوں کی شہادت وہ قربانی ہے جو پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے دے رہا ہے، دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہو چکی اور تمام تر کوششیں سرحد کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہیں، دشمن قوتیں بلوچستان کو غیر مستحکم بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، ان کی یہ جسارت ناکام ہو کر رہے گی۔

[pullquote]وطن کا دفاع اپنے خون پسینے کی قیمت پر یقینی بنائیں گے، آرمی چیف [/pullquote]

ڈی جی آئی ایس پی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے شہداء اور اُن کے خاندانوں کو سلام پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا ہےکہ ہم مادر وطن کا دفاع اور سیکیورٹی اپنے خون و پسینے کی قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مایوس اور دشمن قوتوں کی دم توڑتی ہوئی کوششیں ہیں، پاکستان استحکام سے پائیدار امن کی جانب بڑھ رہا ہے، دنیا کیلئے وقت ہے کہ وہ علاقائی امن کیلئے سہولت فراہم کرے۔

[pullquote]قوم کو محفوظ بنانے والے جوانوں کو سیلوٹ کرتا ہوں، وزیراعظم عمران خان[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردوں سے مقابلے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو محفوظ بنانے والے جوانوں کو سلیوٹ کرتے ہيں۔

عمران خان نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی بلوچستان اورشمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی۔ صدر نے کہا کہ وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

[pullquote]افغانستان دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے روکے، شہباز شریف[/pullquote]

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں فوجی جوانوں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے ایک بیان میں پاک فوج کے شمالی وزیرستان میں 6 اور بلوچستان میں 4 جوانوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دیں۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ افغانستان دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے روکے اور اُن کا قلع قمع کرے۔

صدر مسلم لیگ ن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

[pullquote]بعض عناصر امن کی کاوشیں سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، شاہ محمود[/pullquote]

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلام ہے ہمارے جوانوں کو جنہوں نے پاکستان کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، دہشت گردوں کے ساتھ اُن کے سہولت کاروں کا صفایا بھی ضروری ہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے