اتوار : 28 جولائی 2019 کی اہم عالمی خبریں

[pullquote]طالبان نے افغان حکومت سے براہ راست بات چیت مسترد کر دی[/pullquote]

طالبان نے کہا ہے کہ اشرف غنی حکومت کے ساتھ فی الحال براہ راست بات چیت کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔ طالبان کی جانب سے یہ بیان کابل حکومت کے ایک بیان کے جواب میں ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اگلے دو ہفتوں کے دوران حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا امکان پیدا ہوا ہے۔ خلیجی ریاست قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغان فریقین کے مابین مذاکرات کا سلسلہ اُسی وقت شروع ہو سکتا ہے، جب غیرملکی افواج کے انخلا کے نظام الاوقات کا اعلان کیا جائے گا۔ کابل حکومت کے وزیر مملکت برائے امن امور عبدالسلام رحیمی نے طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

[pullquote]بھارتی سکیورٹی فورسز نے کشمیر میں ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

بھارتی سکیورٹی فورسز نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دل باغ سنگھ نے بتایا کہ ہلاک کیا جانے والے کمانڈر کا نام مُنا بہاری تھا اور وہ عسکری گروپ جیش محمد سے تعلق رکھتا تھا۔ اس کی ہلاکت شوپیاں قصبے میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران ہوئی۔ دل باغ سنگھ کے مطابق منا بہاری کا ایک ساتھی بھی دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے۔ اعلیٰ پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والا عسکریت پسند بم بنانے کا ماہر تھا۔

[pullquote]فرانسیسی صدر اپنے روسی ہم منصب سے اگلے مہینے ملاقات کریں گے[/pullquote]

فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں اگلے ماہ کی انیس تاریخ کو اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات بحیرہ روم پر واقع بریگاں کون (Bregancon) قلعے میں ہو گی۔ دونوں صدور کی یہ ملاقات اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ یہ ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کی سمٹ سے محض پانچ روز قبل ہو رہی ہے۔ جی سیون ممالک کی تنظیم کی موجودہ صدارت فرانس کے پاس ہے۔ ماکروں گزشتہ ماہ جاپان میں منعقد ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ میں پوٹن سے ملاقات کر چکے ہیں۔ یہ سمٹ فرانس کے بندرگاہی قصبے بیارٹز (Biarritz) میں چوبیس سے چھبیس اگست کی تاریخوں پر منعقد ہو گی۔

[pullquote]بھارتی سکیورٹی فورسز نے سات ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

وسطی بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کی پولیس نے کم از کم سات ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان باغیوں کی ہلاکت جگدال پور کے علاقے میں ہونے والی جھڑپ کے دوران ہوئی۔ ان ہلاک شدگان میں تین عورتیں بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز ایک آپریشن جاری رکھے ہوئے تھیں کہ چالیس سے پچاس کے درمیان ماؤ نواز باغیوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ پولیس نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے جانی نقصان بارے کوئی تفصیلات بیان نہیں کی ہیں۔ چھتیس گڑھ کی ریاست ماؤ نواز باغیوں کی مسلح سرگرمیوں سے شدید متاثر ہے۔

[pullquote]میانمار: جیڈ کی کان میں لینڈ سلائیڈنگ، تیرہ ہلاک[/pullquote]

میانمار میں سبز رنگت والے قیمتی پتھر جیڈ یا یَشب کی کان کے اندر ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم تیرہ کان کنوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ شمالی میانمار میں واقع کان میں لینڈ سلائیڈنگ اتوار کی صبح ہوئی۔ مزید ہلاک یا زخمی کان کنوں کی تلاش و امداد کا آپریشن شروع ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق کان اندر کی جانب تقریباً دو سو میٹر منہدم ہو گئی اور اس کے ملبے تلے کان کن دب کر رہ گئے۔ کان میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ حالیہ ایام میں ہونے والی شدید موسلا دھا بارشیں خیال کی گئی ہیں۔

[pullquote]امریکا اور چین کے تجارتی مذاکرات آئندہ منگل سے شروع ہوں گے[/pullquote]

چین اور امریکا کے تجارتی نمائندے اگلے ہفتے کے دوران منگل اور بدھ کے ایام پر اختلافات کے شکار تجارتی معاملات پر مذاکرات شروع کریں گے۔ اِس مرتبہ مذاکرات کی میزبانی چینی دارالحکومت بیجنگ کے بجائے بندرگاہی شہر شنگھائی کو دی گئی ہے۔ اب تک ہونے والے تجارتی مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ دونوں فریق پیچیدہ معاملات پر بریک تھرو کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ تجارتی تنازعات کی وجہ سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر ساڑھے تین سو بلین ڈالر سے زائد کے اضافی محصولات کا نفاذ کر چکے ہیں۔ جاپان میں منعقد ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ میں چینی و امریکی صدور نے تنازعاتی معاملات میں مزید شدت پیدا نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]ایران جوہری ڈیل کے دستخط کنندگان سے ملاقات کرے گا[/pullquote]

ایران کے حکومتی نمائندے اتوار کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں سن 2015 کی جوہری ڈیل پر دستخط کرنے والے ممالک برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین اور روس کے مندوبین کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ امریکا اس ڈیل سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے۔ آج ہونے والی میٹنگ میں ایران کے ساتھ جوہری ڈیل کے معاملات پر پائے جانے والے اختلافی مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ قبل ازیں ایسی ہی ایک میٹنگ ناکامی سے ہمکنار ہوئی تھی۔ دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان خلیج فارس میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے ایران پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ تیل کے ٹینکروں پر کیے جانے والے حملوں میں ملوث ہے، اس الزام کی ایران تردید کرتا ہے۔

[pullquote]چین: لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں تین درجن ہو گئیں[/pullquote]

چین کے گوئی ژُو صوبے کے ایک دیہات میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں چھتیس تک پہنچ گئی ہیں۔ ابھی تک پندرہ افراد مٹی اور پتھروں تلے دبے ہوئے ہیں اور اُن کی تلاش جاری ہے۔ اس انتہائی بڑی لینڈ سلائیڈنگ سے گاؤں کے کم از کم بائیس مکانات مٹی تلے دب کر رہ گئے تھے۔ یہ مٹی کا تودہ گزشتہ منگل کی شام میں گاؤں پر گرا تھا اور تب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں سے مٹی کے نیچے دبے چالیس افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ مقامی انتظامی دفتر نے ایک مقامی اسکول کو عبوری ہنگامی طبی و امدادی مرکز میں تبدیل کر کے ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا نے روسی ماہی گیری کی کشتی کو آزاد کر دیا[/pullquote]

شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یانگ میں قائم روسی سفارت خانے نے اپنے ملک کی ماہی گیری کی کشتی کے آزاد کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اس کشتی کو شمالی کوریائی کوسٹ گارڈز نے سترہ جولائی کو ممکنہ طور پر سمندری حدود کی خلاف ورزی پر اپنی تحویل میں لیا تھا۔ روسی ایمبیسی کے مطابق رشیئن نارتھ ایسٹرن فشنگ کمپنی کی کشتی کے عملے میں شامل پندرہ روسی شہریوں کو بھی آزاد کر دیا گیا ہے۔ مچھلیاں پکڑنے والی کشتی رہائی کے بعد شمالی کوریا کی بندرگاہ وونسان سے ہفتہ ستائیس جولائی کو ساڑھے سات بجے شام جنوبی کوریا کے بندرگاہی مقام سوکچو کی جانب روانہ ہوئی۔ روسی سفارت خانہ کشتی کو تحویل میں لیے جانے کے معاملے کی چھان بین جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]مرحوم تیونسی صدر کی تدفین[/pullquote]

شمالی افریقہ کے ملک تیونس کے انتقال کر جانے والے صدر بیجی قائد السبسی کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہیں ہفتہ ستائیس جولائی کو دفن کر دیا گیا۔ بانوے سالہ السبسی کی رحلت جمعرات پچیس جولائی کو ہوئی تھی۔ السبسی اپنے ملک کے پہلے آزادانہ پارلیمانی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پہلے صدر تھے۔ کارتھیج کے علاقے میں واقع صدارتی محل سے جلاز کے قبرستان تک بیس کلومیٹر کے راستے پر دونوں جانب سوگوار تیونسی شہری اپنے لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع تھے۔ اُن کی تدفین کی رسومات میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں، ہسپانوی بادشاہ فلپے چہارم، قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سمیت کئی غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں حکومت مخالفین کا مسلسل دوسرے روز بھی مظاہرہ[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی اختیارات کے حامل علاقے ہانگ کانگ میں حکومت مخالفین اتوار اٹھائیس جولائی کو بھی مظاہرے کے لیے جمع ہیں۔ گزشتہ روز پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں تقریباً ایک درجن مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا اور قریب دو درجن افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اتوار کی سہ پہر میں فنانشل مرکز کے چیٹر پارک کے مظاہرے کو پولیس کی عدم اجازت کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ آج کا مظاہرہ شیونگ وان علاقے میں کیا جا رہا ہے، جو ہانگ کانگ کے حکومتی دفاتر سے محض دو کلومیٹر سے بھی کم دوری پر ہے۔ چین کے اس علاقے کو گزشتہ سات ہفتوں سے شدید مظاہروں کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے