جمعرات : یکم اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی[/pullquote]

پاکستان میں آج جمعرات کو ملکی پارلیمان کے ایوان بالا کے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔ رائے شماری کے بعد پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے پچاس ارکان نے تحریک کے حق میں ووٹ دیے، جو ناکافی ثابت ہوئے۔ اس تحریک کی کامیابی کے لیے کم از کم تریپن ارکان کی حمایت درکار تھی۔ اس بارے میں پاکستان میں گزشتہ کئی دنوں سے سیاسی رسہ کشی جاری تھی اور اپوزیشن جماعتیں دعوے کر رہی تھیں کہ انہیں ایوان بالا میں ساٹھ سے زائد اراکین کی تائید حاصل تھی۔

[pullquote]اگلے دوحہ مذاکرات سے قبل افغان طالبان امریکا کے ساتھ حتمی معاہدے کے لیے پرامید[/pullquote]

افغان طالبان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا کے ساتھ دوحہ میں اگلے مذاکراتی دور میں ایک حتمی سمجھوتے پر اتفاق رائے ہو سکتا ہے۔ قطر کے دارالحکومت میں طالبان اور امریکی حکام کے مابین مکالمت کا اگلا دور آئندہ چند روز میں ہو گا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے دوحہ راؤنڈ میں افغانستان میں امن کے حوالے سے کوئی ڈیل طے پا جائے گی۔ افغان مصالحتی عمل کے لیے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے کل بدھ کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ امریکا طالبان کے ساتھ معاہدے کا خواہش مند ہے۔

[pullquote]یمن میں حکومتی دستوں کی پریڈ پر حوثی باغیوں کے حملے میں درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں صدر منصور ہادی کے حامی دستوں کی ایک پریڈ کے موقع پر کیے گئے ایک بڑے حملے میں کم از کم بھی پینتیس فوجی ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ بندرگاہی شہر عدن میں ایک سرکاری فوجی چھاؤنی میں کیا گیا۔ ان ہلاکتوں کی سکیورٹی ذرائع کے علاوہ محکمہ صحت کے حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ اس حملے کے لیے ایک راکٹ کے علاوہ ڈرون طیارے بھی استعمال کیے گئے۔ ایران نواز حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ حوثی باغیوں کی طرف سے صنعاء سے نکالے جانے کے بعد سے یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے عدن کو اپنا عبوری دارالحکومت بنا رکھا ہے۔

[pullquote]ہالینڈ میں برقعے پر پابندی کا متنازعہ قانون نافذ ہو گیا[/pullquote]

ہالینڈ میں طویل سیاسی اور سماجی بحث کے بعد برقعے پر پابندی کا نیا قانون بالآخر نافذ ہو گیا ہے۔ آج جمعرات سے جو بھی خاتون یا لڑکی نقاب یا برقعہ پہن کر اسکول، ہسپتال یا کسی سرکاری دفتر میں جائے گی یا بسوں اور ٹرینوں وغیرہ میں سفر کرے گی، اسے کم از کم بھی ڈیڑھ سو یورو جرمانہ کیا جا سکے گا۔ یہ قانون عوامی مقامات پر برقعہ یا نقاب پہننے کی ممانعت کرتا ہے۔ ملکی وزارت داخلہ نے تمام بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اس قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اس متنازعہ قانون کے نفاذ کی خاص طور پر ہالینڈ کے مسلمان شہری شدید مخالفت کر رہے تھے۔

[pullquote]نئی پابندیاں امریکا کے جواد ظریف سے خوف زدہ ہونے کا ثبوت ہیں، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر لگائی گئی پابندیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ واشنگٹن حکومت ظریف سے خوف کھاتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے خلاف یہ پابندیاں امریکی وزارت خزانہ نے لگائی ہیں اور ان کے امریکا یا امریکی اداروں میں تمام اثاثے منجمد کر دینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس بارے میں صدر روحانی نے کہا کہ امریکا تو ان انٹرویوز سے بھی خوف زدہ ہو جاتا ہے، جو جواد طریف بین الاقوامی میڈیا کو دیتے ہیں۔ خود جواد ظریف نے اپنے خلاف ان امریکی پابندیوں کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے یا ان کے اہل خانہ کے تو ایران سے باہر کوئی اثاثے ہی نہیں ہیں۔

[pullquote]جرمن امدادی بحری جہاز کو اطالوی سمندری حدود میں داخلے سے روک دیا گیا[/pullquote]

اٹلی نے بحیرہ ر وم میں مہاجرین کو بچانے والے جرمن بحری جہاز ’ایلان کُردی‘ کے ملکی سمندری حدود میں داخلے یا وہاں سے گزرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ یہ اعلان اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کیا۔ اس سے قبل امدادی تنظیم ’سی آئی‘ کے اس ریسکیو شپ نے یورپ کی طرف سفر کرنے والے چالیس تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچایا۔ ’سی آئی‘ نے اعلان کیا ہے کہ ’ایلان کُردی‘ نامی اس کا یہ بحری جہاز اس پابندی کے باوجود لامپے ڈوسا کے اطالوی جزیرے کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا کیونکہ جغرافیائی طور پر اس کے لیے قریب ترین محفوظ بندرگاہ اسی جزیرے پر واقع ہے۔

[pullquote]اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ غالباﹰ مارا جا چکا، امریکی حکومتی ذرائع[/pullquote]

دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ممکنہ طور پر مارا جا چکا ہے۔ یہ بات امریکی حکومتی ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی۔ صدر ٹرمپ نے اس بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے این بی سی اور اخبار نیو یارک ٹائمز نے بتایا تھا کہ تقریباﹰ تیس سالہ حمزہ بن لادن ایک ایسے آپریشن میں مارا گیا، جس میں امریکی فوج نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ امریکا نے اس سال فروری میں حمزہ بن لادن سے متعلق کوئی بھی اطلاع دینے پر ایک ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔ حمزہ اپنے والد کے تقریباﹰ بیس بچوں میں سے پندرہویں نمبر پر تھا، جو امریکا کے مطابق القاعدہ کا ایک اہم رہنما بن چکا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربات پر سلامتی کونسل میں بحث آج جمعرات کو[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربات پر بحث آج جمعرات کو بند کمرے میں ہو گی۔ اس کے لیے درخواست برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے دی تھی۔ ان ممالک کو تشویش ہے کہ کمیونسٹ کوریا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طویل فاصلے تک مار کر سکنے والے ہتھیار مسلسل بناتا اور ان کے تجربات کرتا جا رہا ہے۔ پیونگ یانگ حکومت نے اپنے ایسے دو بیلسٹک میزائلوں کے تازہ ترین تجربات کل بدھ اکتیس جولائی کو کیے تھے۔ اس سے چند روز قبل بھی ایسا ہی ایک تجربہ کیا گیا تھا، جسے شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی امریکا کے ساتھ مل کر مجوزہ فوجی مشقوں کے خلاف تنبیہ کا نام دیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ کی طرف سے فیڈرل ریزرو کے سود میں کمی کے فیصلے پر شدید تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کی طرف سے شرح سود میں کمی کے بعد اس ادارے کے مالیاتی فیصلوں پر شدید تنقید کی ہے۔ ٹرمپ نے نہ صرف اس بینک کے مالیاتی اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا بلکہ ساتھ ہی ایک بار پھر فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پاول پر نئے سرے سے ذاتی حملے بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ جیروم پاول نے ہمیشہ کی طرح اب بھی نا امید ہی کیا ہے۔ اس سے قبل اس بینک نے گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے میں پہلی بار مرکزی شرح سود صفر اعشاریہ دو پانچ فیصد کم کر کے دو فیصد کر دی تھی۔ ٹرمپ کا الزام ہے کہ مرکزی بینک اپنی مالیاتی سیاست سے امریکی معیشت میں ترقی کی رفتار کم کرنا چاہتا ہے۔

[pullquote]زمین کے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیاروں کی دریافت[/pullquote]

ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے ہمارے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیاروں کا پتہ چلایا ہے۔ یہ تینوں سیارے اکتیس نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے جھرمٹ ہائیڈرا کے ایک ستارے جی جے تین سو ستاون کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک، جسے GJ 357 d کا نام دیا گیا ہے، ممکنہ طور پر قابل رہائش بھی ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سیارے پر اوسط درجہ حرارت کا فوری اندازہ منفی تریپن ڈگری سینٹی گریڈ لگایا گیا ہے لیکن وہاں کی فضا کے بارے میں ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

[pullquote]امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر بھی پابندیاں لگا دیں[/pullquote]

تہران اور واشنگٹن کے مابین پائی جانے والی شدید کشیدگی کے پس منظر میں امریکا نے اب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر بھی پابندیاں لگا دی ہیں۔ اس بارے میں واشنگٹن کی طرف سے کہا گہا ہے کہ ظریف ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لاپرواہی سے عبارت ایجنڈے پر عمل درآمد کے مرتکب ہوئے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس کے باوجود ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ممکنہ بات چیت کا دروازہ بند نہیں ہوا۔ جواد ظریف نے ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ ایک غیر مؤثر اقدام ہو گا کیونکہ ان کی اور ان کے اہل خانہ کی ایران سے باہر کوئی املاک نہیں ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں نئی امریکی سفیر، سینیٹ نے توثیق کر دی[/pullquote]

امریکی سینیٹ نے ستاون سالہ کیلی کرافٹ کو اقوام متحدہ میں امریکا کی نئی سفیر تعینات کرنے کی توثیق کر دی ہے۔ سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری میں ان کی نامزدگی کی چھپن ارکان نے حمایت جبکہ چونتیس نے مخالفت کی۔ انہیں صدر ٹرمپ نے عالمی ادارے میں امریکا کی نئی مندوب نام‍زد کیا تھا۔ کیلی کرافٹ نکی ہیلی کی جگہ لیں گی، جنہوں نے گزشتہ برس کے اواخر میں ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے