ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کرکے کارروائی کریں گے: شہبازشریف

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کےخلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں (ن) لیگ کے ارکان سینیٹ نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات پر غور کیا گیا جب کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر ارکان سے تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے پارٹی لائن سے انحراف کرنے والے سینیٹرز پر سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک کو ناکام بنایا، تمام اپوزیشن مل کر اس معاملے پر لائحہ تیار کرے گی، اپوزیشن کے کچھ سینیٹرز نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ اور اپنا وقار تباہ کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اور کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

جب کہ حکومت نے جواب میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے