جمعہ : 02 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ نے ایک بار پھر کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ خطے کشمیر کا معاملہ سلجھانے کے لیے ایک بار پھر اپنی پیشکش دہرائی ہے۔ امریکی صدر نے ایک رپورٹر کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے معاملے پر وہ کچھ کر سکتے ہیں، اگر بھارت اور پاکستان ان سے ایسا چاہیں تو وہ لازمی طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ واشنگٹن کے دوران امریکی صدر نے یہ پیشکش کی تھی کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑی وجہٴ تنازعہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ثالثی کرنے کو تیار ہیں۔ تاہم بھارت نے اس پیشکش کو رد کر دیا تھا۔

[pullquote]امریکا اور روس کے درمیان اسلحے کے کنٹرول کا معاہدہ ختم[/pullquote]

امریکا اور روس نے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی سے آج جمعے سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ یوں تین دہائی قبل طے پانے والا اہم جوہری معاہدہ دم توڑ گیا ہے۔ اس معاہدے پر سابقہ سوویت یونین کے لیڈر میخائل گورباچوف اور سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن نے دستخط کیے تھے۔ امریکا نے اس معاہدے کے ختم ہونے کا الزام روس دھرا ہے کہ برسوں سے ماسکو حکومت اس معاہدے کا احترام نہیں کر رہی اور مسلسل جوہری ہتھیار سازی مصروف ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ اب وہ روس اور چین کے مقابلے کے لیے امریکا کو بھی بھرپور تیار کرے گی۔

[pullquote]آئی این ایف ٹریٹی کے خاتمے پر جرمنی کے تحفظات[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ امریکا اور روس کے مابین نیوکلیئر ٹریٹی (آئی این ایف) کا خاتمہ یورپ میں امن اور سکیورٹی سے جڑے معاملات کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے اصرار کیا ہے کہ ’انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی‘ کے خاتمے کے بعد ان ممالک کو اسلحے کی دوڑ کو روکنے کی خاطر کیے گئے دیگر معاہدوں پر عمل پیرا رہنا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی اس ٹریٹی کے خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آئی این ایف نامی تاریخی معاہدہ سن 1987 میں طے پایا تھا۔

[pullquote]شامی علاقے ادلب پر بمباری روک دی گئی، جنگ بندی معاہدے کا اعلان[/pullquote]

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا (SANA) کے مطابق دمشق حکومت شمال مغربی علاقے پر فضائی حملے بند کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔ شامی اور روسی جنگی طیارے رواں برس اپریل سے یہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی وجہ سے سینکڑوں افراد مارے بھی گئے ہیں۔ مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے سربراہ کے مطابق جمعرات اور جمعے کی نصف شب سے فضا میں جنگی طیاروں کی آوازیں سنائی نہیں دے رہی ہیں۔ یہ جنگ بندی روس اور ترکی کے بفر زون بنانے پر اتفاق پیدا ہونے کے بعد شروع ہوئی ہے۔

[pullquote]جاپان کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ ہے، جنوبی کوریائی صدر[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے جاپانی حکومت کے اُس فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے، جس کے مطابق اُن کے ملک کو پسندیدہ تجارتی پارٹنر کی فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹوکیو حکومت کے اس خود غرضانہ فیصلے کے عالمی اقتصادیات پر غیر معمولی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ جنوبی کوریائی صدر نے جاپان کے خلاف کئی جوابی اقدامات کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ مون جے اِن نے اپنے ملک کے جوابی اقدامات کی ذمہ داری جاپان پر عائد کرنے کا بھی کہا۔ انہوں نے جاپانی فیصلے کے خلاف بتدریج سخت جوابی اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]القاعدہ کا حملہ، انیس یمنی فوجی ہلاک[/pullquote]

جنوبی یمن میں جمعہ دو اگست کو کیے گئے عسکریت پسندوں کے حملے میں انیس فوجی مارے گئے ہیں۔ حملے میں یمنی صوبے ابیان میں سرگرم القاعدہ کے عسکریت پسند شامل تھے۔ القاعدہ کے جنگجو ابیان صوبے میں واقع المہفد فوجی مرکز میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق بندرگاہی شہر عدن میں جمعرات کو دہشت گردانہ اور میزائل حملوں کی وجہ سے عسکریت پسندوں نے فومی بیس پر حملہ کیا۔ اس حملے کے بعد فریقین میں کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔

[pullquote]یمنی شہر عدن پر حملے کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی[/pullquote]

جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے جنوبی شہر میں کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ یہ حملہ عدن کے پولیس اسٹیشن پر کیا گیا تھا۔ جمعرات پہلی اگست کو کیے گئے دو حملوں میں انچاس افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ ان میں ایک حملہ حوثی ملیشیا نے کیا تھا۔ دوسرے حملے کی ذمہ داری دو اگست کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عدن اس وقت یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ منصور ہادی حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے۔

[pullquote]تھائی دارالحکومت میں چھ چھ بم دھماکے[/pullquote]

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کی پولیس نے بتایا ہے کہ آج شہر کے مختلف حصوں میں نصب کم از کم چھ بم پھٹے ہیں۔ ان دھماکوں سے چار افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ایک بارودی ڈیوائس کو پھٹنے سے قبل ہی تلاش کر کے ناکارہ بھی کر دیا۔ بنکاک پولیس کے اعلیٰ افسر کے مطابق نصب شدہ چھ میں سے تین بم حکومتی کمپلیکس کے علاقے چینگ واتانا میں پھٹے جبکہ بقیہ میں دو ایک دوسرے علاقے چونگ نونسی میں پھٹے جبکہ اسی علاقے میں نصب چھٹا بم پھٹ نہیں سکا۔ پولیس کے مطابق یہ تمام دھماکا خیز ڈیوائسز مقامی ساختہ تھیں۔

[pullquote]افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی تیاری جاری ہے، رپورٹ[/pullquote]

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور ٹیلی وژن چینل سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ واشنگٹن حکومت افغانستان میں سے اپنے ہزاروں فوجیوں کی واپسی کی تیاری میں مصروف ہے۔ ان میڈیا اداروں کے مطابق افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد میں کمی کر کے اسے چودہ ہزار سے آٹھ سے نو ہزار کے درمیان کیا جا رہا ہے۔ فوجیوں کی تعداد میں کمی طالبان اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں طے پانے والے معاہدے کا نتیجہ ہو گا۔ اس امریکی حکومتی اقدام کے جواب میں طالبان کابل حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات کریں گے۔ ابھی تک طالبان کابل حکومت کو امریکا کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]سوڈان میں مظاہرین پر تشدد کے الزام میں نو فوجی برخاست اور گرفتار[/pullquote]

سوڈان کی فوجی کونسل کے ترجمان کے مطابق خصوصی تربیت یافتہ ریپڈ اسپورٹ فورسز سے تعلق رکھنے والے نو اہلکاروں کو برخاست کرنے کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان فوجیوں پر الزام ہے کہ یہ رواں ہفتے کے دوران اُم درمان اور الابیض کے مقامات پر ہونے والے پرتشدد واقعات میں ملوث ہیں۔ فوجی کونسل کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل شمس الدین کباشی نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوردوفان کی ریاست اور اُس کی سکیورٹی کونسل کو ریاستی دارالحکومت الابیض میں ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ انتیس جولائی کو الابیض میں مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی گولیاں چلانے سے پانچ افراد مارے گئے تھے اور ان میں چار ہائی اسکول کے طلبا تھے۔

[pullquote]سعودی عرب میں خواتین کے لیے مزید حقوق کا اعلان[/pullquote]

سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے ملکی قوانین میں ترمیم کا اعلان آج جمعہ دو اگست کو کیا گیا ہے۔ نئی ترامیم کے مطابق اب سعودی خواتین ‘مرد سرپرست‘ کے بغیر پاسپورٹ بھی حاصل کر سکتی ہیں اور انہیں اکیلے سفر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ یہ ترامیم سرکاری گزٹ میں شائع کی گئی ہیں اور ان کی رو سے کوئی بھی سعودی شہری جس کی عمر 21 برس یا اس سے زائد ہو اور وہ پاسپورٹ کے لیے درخواست دیتا ہے تو اسے پاسپورٹ جاری کیا جانا چاہیے اور اسے سفر کے لیے کسی سے اجازت لینے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔ ان ترامیم میں کسی صنف کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ساتھ ہی ان میں خصوصی طور پر خواتین کا ذکر بھی نہیں کیا گیا۔

[pullquote]جنوبی کوریا پسندیدہ تجارتی پارٹنز نہیں رہا، جاپان[/pullquote]

جاپانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کو اُس کے غیر مناسب اقدامات کے تناظر میں پسندیدہ تجارتی پارٹنر کے اسٹیٹس سے علیحدہ کر رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوسری عالمی جنگ کے دوران جبری مشقت کے معاملے پر سیئول کی اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد سے کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ جاپان کا موقف ہے کہ جبری مشقت کا تنازعہ حل ہو چکا ہے اور دو اگست کا فیصلہ ملکی قومی سلامتی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ٹوکیو کے اس فیصلے سے امریکی حکومت کے دو قریبی اتحادی ممالک میں پیدا شدہ کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔ امریکا اپنے اتحادی ممالک کو مسلسل تلقین کر رہا ہے کہ وہ تنازعے کو بات چیت سے حل کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے