‘اب ہوگا صاف کراچی’

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی آج سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کریں گے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے صوبائی حکومت کو دو ہفتوں میں کراچی کے 6 اضلاع سے کچرا صاف کرکے دکھانے کا چیلنج دے رکھا ہے جس کے تحت وہ کراچی صفائی مہم کا آغاز آج سے کر رہے ہیں۔

اس مہم کی تھیم ‘اب ہوگا صاف کراچی’ رکھی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالے صاف کیے جائیں گے اور بند نالوں کو کھولا جائے گا ۔

اس کے بعد شہر سے کچرا اٹھایا جائے گا، سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر موجود گندگی کو صاف کیا جائے گا۔

علی زیدی کے سوشل میڈیا ٹوئٹر بیان کے مطابق ‘اب ہوگا صاف کراچی’ مہم آج دن 12 بجے سے کے پی ٹی ہیڈ آفس سے شروع ہوگی جو دو ہفتے یعنی 14 اگست تک جاری رہے گی۔

کراچی صفائی مہم سے متعلق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ ابھی سندھ حکومت کو صفائی مہم پر ہونے والے خرچ کا اندازہ نہیں ہے، ایف ڈبلیو او اس کام کی نگرانی کرے گی جس میں منافع کا دخل نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کارروں نے علاقہ صاف کرنے کی پیش کش کی ہے۔

علی زیدی نے صوبائی سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو پلاسٹک بیگس پر پابندی لگانی چاہیے کیونکہ سمندر میں جا کر یہ پلاسٹک بیگ تباہی مچاتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حمایت اور شرکت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں ہے لہذا اس مہم میں سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔

علی زیدی کی صفائی مہم کے اقدام کو کرکٹ کھلاڑی، شوبز شخصیات اور شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

اس کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فاسٹ بولر وہاب ریاض، حسن علی، انگلینڈ کے کھلاڑی کرس جارڈن، ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر، میوزک گروپ ‘اسٹرنگز’، گلوکار شہزاد رائے اور علی ظفر نے بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]کراچی کو صاف کرنا ایک فرد کی ذمہ داری نہیں، ہر شہری کی ذمہ داری ہے[/pullquote]

ادھر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے علی زیدی کی کاوشوں کو شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کسی نے تو یہ بیڑہ اٹھایا ہے۔

اداکارہ سیمی راحیل کا بھی مہم کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی تمنا ہے کہ کراچی دوبارہ ویسا ہوجائے جیسا ان کی بچپن کی یادوں میں زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے، اسے ایسا ہونا چاہیے کہ لوگ یہاں آئیں تو واپس جانا نہ چاہیں، آئیے اپنے بچوں کو سکھائیں کہ سڑکوں پر کچرا نہ پھینکیں۔

اب ہوگا صاف کراچی کے لیے اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے روشنیوں کے شہر کو مشکلات میں گھرا پایا، ارمان بن کر رہ گیا ہے کہ کراچی میں بھی کوئی ترقی ہو۔

اداکار نے مزید کہا کہ کراچی کو صاف کرنا ایک فرد کی ذمہ داری نہیں، ہر شہری کی ذمہ داری ہے آئیے مل کر علی زیدی کا ہاتھ بٹائیں۔

ڈیزائنر یوسف بشیر قریشی نے کہا کہ کراچی، کراچی ہے یہ برطانوی راج کا مثالی صاف ستھرا شہر تھا اور آج ہم نے اسے کس حالت میں پہنچا دیا ہے۔ کھارادر، وینس کی گلیوں سے زیادہ خوبصورت ہے بس اسے دوبارہ دنیا کا صاف ستھرا ترین شہر بنانے کی ضرورت ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے