اتوار : 04 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا میں چوبیس گھنٹوں میں شوٹنگ کا دوسرا واقعہ، مزید نو ہلاکتیں[/pullquote]

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہو گئے۔ مبینہ حملہ آور خود بھی پولیس کی فائرنگ میں مارا گیا۔ اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ امریکا کا وفاقی تفتیشی ادارہ ایف بی آئی پولیس کے ساتھ مل کر تفتیش کر رہا ہے۔ فائرنگ ڈیٹن شہر کے مرکزی علاقے کے قریب اوریگن نامی بستی میں کی گئی۔ اوریگن اپنے ریستورانوں، تھیٹرز اور شراب خانوں کے باعث مشہور ہے۔ اس سے قبل ہفتے کی شام امریکی ریاست ٹیکساس کے سرحدی شہر ایل پیسو کے ایک شاپنگ مال میں ہونے والی شوٹنگ میں بھی بیس افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]ادلب میں مشروط جنگ بندی خوش آئند ہے، امریکا[/pullquote]

امریکا نے شام کے شمال مغربی علاقے ادلب میں مشروط جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واشنگٹن نے زور دیا ہے کہ شامی خانہ جنگی میں شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے زیادہ کوششیں کرنا ضروری ہیں۔ شامی افواج نے جمعے کی شب سے ادلب میں فضائی کارروائیاں روک رکھی ہیں۔ اس نئی مشروط ڈیل کے تحت یہ بھی منظور کیا گیا ہے کہ باغیوں کا حامی ملک ترکی ادلب کے اس خطے میں ایک غیر فوجی علاقہ یا بفر زون یقینی طور پر بنائے گا۔ ادلب کے زیادہ تر حصے جبکہ حما، حلب اور لاذقیہ کے کچھ حصوں پر اب بھی ’حیات التحریر الشام‘ نامی جہادی گروہ کا قبضہ ہے۔

[pullquote]امریکی ریاست ٹیکساس میں شوٹنگ، بیس افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پیسو میں ایک نوجوان کی بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی تعداد چھبیس بتائی گئی ہے۔ ایل پیسو شہر کی پولیس کے سربراہ کے مطابق مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس اس پہلو پر تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے کہ آیا نوجوان ملزم مہاجرین مخالف اور نسل پرستانہ رجحانات کا حامل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے دو اہلکاروں نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ملزم کی عمر اکیس برس ہے اور اس کا نام پیٹرک کروسیئس ہے۔ ایل پیسو پولیس کے سربراہ نے اپنی پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔

[pullquote]فلپائن کے سمندری علاقے میں تین کشتیاں غرقاب، پچیس ڈوب گئے[/pullquote]

فلپائنی حکام کے مطابق ملک کے وسطی علاقے کے قریبی سمندر میں تین کشتیوں کے ڈوب جانے سے کم از کم پچیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے پچپن افراد کو زندہ بچا لیا۔ حکام کے مطابق چھ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ علاقائی پولیس کے مطابق سمندر میں تیز رفتار ہواؤں سے اٹھنے والی لہروں نے دو کشتیوں کو الٹا دیا تھا۔ تیسری کشتی پر کوئی مسافر سوار نہیں تھے لیکن اُس کے عملے کے افراد کو بچا لیا گیا۔ سمندر میں تند موجوں کی وجہ موسلا دھار بارشیں اور تیز رفتار جھکڑ بھی بتائے گئے ہیں۔

[pullquote]امریکا اور طالبان کے مذاکرات آج دوسرے دن بھی جاری رہیں گے[/pullquote]

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان کل ہفتے کو شروع ہونے والا آٹھواں مذاکراتی دور آج اتوار کو دوسرے دن بھی جاری رہے گا۔ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی مندوب زلمے خلیل زاد طالبان کے نمائندوں سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فریقین نے اس نئے مذاکراتی دور کو انتہائی اہم قرار دیا ہے اور امکانات ہیں کہ اس دوران میں کوئی باقاعدہ معاہدہ بھی طے پا سکتا ہے۔ اس بات چیت میں افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے نظام الاوقات اور طالبان کی کابل حکومت سے بات چیت جیسے معاملات کو فوقیت حاصل ہے۔ امریکی حکومت یکم ستمبر سے پہلے پہلے طالبان کے ساتھ کوئی امن معاہدہ طے کر لینے کی خواہش مند ہے۔

[pullquote]جرمنی کی مشرقی ریاستوں میں انتہائی دائیں بازو کی اے ایف ڈی اور زیادہ مقبول[/pullquote]

رائے عامہ کے ایک تازہ ترین جائزے کے مطابق وفاقی جرمنی کی مشرقی ریاستوں سیکسنی اور برانڈن بُرگ میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت آلٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ (AfD) کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جائزے کے مطابق اس مقبولیت کی وجہ سے پارٹی کا ووٹ بینک میں زیادہ ہو گیا ہے۔ انہی ریاستوں میں دوسری مقبول ترین پارٹی چانسلر انگیلا میرکل کی سی ڈی یو اور تیسری پوزیشن پر بائیں بازو کی جماعت دی لِنکے ہے۔ چوتھے نمبر پر ایس پی ڈی ہے۔ اے ایف ڈی کو جرمن پارلیمنٹ میں سن 2017 کے عام انتخابات میں مطلوبہ پانچ فیصد ووٹ حاصل ہونے کے بعد کئی نشستیں حاصل ہو گئی تھیں۔

[pullquote]سمندر سے بچائے گئے چالیس مہاجرین کو مالٹا میں داخلے کی اجازت[/pullquote]

مالٹا کی حکومت نے بحیرہ روم میں بچائے گئے چالیس مہاجرین کو ملکی ساحل پر اترنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان مہاجرین کو ایک جرمن غیرسرکاری تنظیم کے امدادی بحری جہاز ’ایلان کُردی‘ نے کھلے سمندر سے بچایا تھا۔ ان مہاجرین کو تاہم مالٹا میں مستقل رہائش کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان میں سے پانچ تارکین وطن کو پرتگال نے اپنے ہاں قبول کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ دیگر کو جرمنی، فرانس اور لکسمبرگ اپنے ہاں قبول کرنے پر تیار ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی شہری ہوور بورڈ کے ذریعے رودبار انگلستان عبور کرنے میں کامیاب[/pullquote]

فرینکی زاپاٹا نامی ایک فرانسیسی مہم جو موجد نے آج اتوار چار اگست کو انگلش چینل کو ایک ہوور بورڈ کی مدد سے فضا میں اڑتے ہوئے عبور کر لیا۔ انہوں نے اپنا سفر فرانس سے شروع کیا اور برطانیہ پہنچنے تک وہ ہوا میں مسلسل اڑتے رہے تھے۔ چالیس سالہ زاپاٹا نے اپنی مہم کا آغاز عالمی وقت کے مطابق اتوار کو صبح چھ بج کر سترہ منٹ پر فرانسیسی شہر کَیلے کے نواح سے کیا۔ وہ تقریباﹰ بیس منٹ بعد برطانوی ساحلی شہر ڈوور کے قریب سینٹ مارگریٹ بے کے مقام پر زمین پر اترے۔ ان کی ’لینڈنگ‘ دیکھنے کے لیے بہت سے موجود شائقین تھے۔ یہ ریکارڈ بناتے ہوئے زاپاٹا نے ہوور بوڑد کے ذریعے پینتیس کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں پولیس نے مزید مظاہرین کو حراست میں لے لیا[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ کی پولیس نے غیر قانونی طور جمع ہونے کے الزام میں بیس سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد کی گرفتاری ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہوئی۔ پولیس کے مطابق بعض مظاہرین نے پولیس پر پٹرول بم، اینٹیں اور شیشے کی بوتلیں بھی پھینکیں۔ پولیس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتباہ کے باوجود مظاہرین نے منتشر ہونے سے انکار کر دیا تھا، جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

[pullquote]بحر ہند اور بحرالکاہل میں عدم استحکام کے مخالف ہیں، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ وہ بحر ہند اور بحرالکاہل کے خطے میں کسی بھی طرح کے عدم استحکام کے مخالف ہیں۔ آسٹریلوی شہر سڈنی میں ایسپر نے اتوار کے روز کہا کہ اس تناظر میں امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر معاملات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے کی سکیورٹی ضروریات پورا کرنے پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ کل ہفتے کے روز امریکی وزیر دفاع نے ایشیا پیسیفک خطے میں امریکی میزائل نصب کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ یہ میزائل کب تک نصب کیے جائیں گے تاہم انہوں نے ایسا جلد کیے جانے کا اشارہ دیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے آسیان فورم کو نظر انداز کرنے پر پومپیو ناامید[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر مایوسی ہوئی ہے کہ شمالی کوریا نے امریکا کے خصوصی ایلچی سے ملاقات کے لیے اپنا وزیر خارجہ یا کوئی اور نمائندہ بنکاک نہ بھیجا۔ انہوں نے شمالی کوریائی حکومت کے ساتھ مزید بات چیت جاری رکھنے کی امید بھی ظاہر کی۔ پومپیو کے مطابق یہ نیا مذاکراتی سلسلہ جلد شروع ہو سکتا ہے۔ پومپیو کے بنکاک میں تین روزہ قیام کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کو توقع تھی کہ شمالی کوریا کی ممکنہ شرکت سے اب تک معطل دوطرفہ مذاکراتی سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا لیکن ایسا نہ ہوا۔ امریکی وزیر خارجہ آسیان تنظیم کے سالانہ علاقائی سکیورٹی فورم میں شرکت کے لیے بنکاک میں تھے۔ اس اجلاس میں روسی اور چینی وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی تھی۔

[pullquote]پیسیفک جزائر فورم کے سربراہی اجلاس کا مرکزی موضوع ماحولیاتی تبدیلیاں[/pullquote]

سولہ رکنی پیسیفک جزائر فورم کے سیکرٹری جنرل ڈیم میگ ٹیلر نے کہا ہے کہ رواں ماہ اس تنظیم کے سربراہی اجلاس میں زیادہ تر توجہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر مرکوز رہے گی اور اس سمٹ کا مقصد چین یا اُس کی پالیسیاں نہیں ہوں گی۔ پیسیفک فورم کا یہ اجلاس تیرہ سے سولہ اگست تک ٹُووالو نامی جزیرہ ریاست میں ہو گا۔ اس فورم میں چھوٹے جزائر سمیت بڑی جزیرہ ریاستیں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پاپوا نیو گنی بھی شامل ہیں۔ اس فورم کی رکن چھوٹی جزیرہ ریاستوں میں ایسے خدشات پائے جاتے ہیں کہ بڑے رکن ممالک کے درمیان اس فورم کو کنٹرول کرنے کی کشمکش سے انہیں گہرے اقتصادی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے