وعدہ کرتا ہوں مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا، ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔

صوابی میں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ہندو انتہا پسندوں کی سوچ سمجھ گئے تھے، اگر پاکستان نہ بنتا تو آج ہمارے ساتھ بھی وہی ہو رہا ہوتا جو آج کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان مخصوص وجہ سے بنا تھا، ہمیں پاکستان بنا کر دنیا کو بتانا تھا کہ اسلام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں پہلی مرتبہ خواتین کوحقوق دیئے گئے، اسلام میں جو غلام تھے انہوں نے مختلف ممالک پر حکومت کی۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود کو سفیر کشمیر کا ٹائٹل دیدیا ہے، قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہوں گا اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑوں گا۔

خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 راجیہ سبھا میں پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے ختم کر دیا تھا۔

بھارت نے اس اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا۔

مودی سرکار نے اس اقدام کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے خوف کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر کے کشمیری رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قیدر کر رکھا ہے۔

بھارتی حکومت کے اقدامات کو نا صرف بھارت میں بلکہ پوری دنیا میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ حریت رہنماؤں اور حکومت پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت کے غیر آئینی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے