جمعرات : 29 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]يورپ میں خسرہ تیزی سے پھیل رہا ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

يورپ میں خسرے کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران یورپی براعظم میں خسرے کے تقریباً نوے ہزار واقعات سامنے آئے۔ اس ادارے نے مزید بتایا کہ 2018ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں یہ تعداد دو گنا تھی۔ ساتھ ہی اس پیش رفت کے بعد برطانیہ، البانیہ، چیک جمہوریہ اور یونان کی خسرے سے پاک ممالک کی حیثیت بھی ختم ہو گئی ہے۔ اس مرض سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں یوکرائن، قزاقستان،جارجیا اور روس ہیں۔ خسرے کے نوے ہزار میں سے اٹھہتر فیصد کیسز انہی ممالک میں دیکھنے میں آئے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کلسٹر بموں سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی[/pullquote]

دنیا بھر میں کلسٹر بموں سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تخفیف اسلحہ سے متعلق آج جاری کی جانے ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کلسٹر بموں کے پھٹنے سے 149 ہلاکتیں ہوئیں اور یہ تعداد 2018ء کے مقابلے میں نصف ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کمی کی وجہ یہ ہے کہ شام اور یمن میں اس طرح کے بارود کا استعمال روک دیا گیا ہے۔ دنیا کے 106 ممالک نے کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس کے بعد سے ان بموں کے ذخیرے میں نناوے فیصد کی کمی آ چکی ہے۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان کی کارورائی میں جبری وقفہ: لوگ جانسن کے خلاف سڑکوں پر[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی جانب سے ملکی پارلیمان کی کارروائی میں جبری طور پر وقفہ کر دیے جانے پر عوام میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ اس متنازعے فیصلے کے خلاف شروع کی جانے والی آن لائن مہم میں چند گھنٹوں کے دوران ہی دس لاکھ سے زائد افراد شامل ہو گئے۔ لندن میں ملکی پارلیمان اور بورس جانسن کی رہائش گاہ کے سامنے بہت بڑے عوامی مظاہرے کیے گئے۔ بورس جانسن نے بریگزٹ سے قبل اکتوبر کے وسط تک پارلیمان کی محدود معطلی کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ اکتیس اکتوبر کو یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]فارک باغیوں نے اپنی مسلح کارروائیاں دوبارہ سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا[/pullquote]

کولمبیا میں امن عمل کو ایک شدید جھٹکا لگا ہے۔فارک باغیوں کے دو سابق کمانڈروں ایوان مارکیز اور جیسوس سانتش نے اپنی مسلح کارروائیاں دوبارہ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے ویڈیو انٹرویو میں ان دونوں نے کہا کہ یہ ریاست کی جانب سے امن معاہدے سے غداری کا جواب ہے۔ اس ویڈیو میں فارک باغیوں کی علامت اور وردی پہنے ہوئے بیس مسلح افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ستمبر 2016ء میں کولمبیا کے اس وقت کے صدر خوآن سانتوس نے اس باغی گروپ کے ساتھ ایک امن معاہدہ کیا تھا۔

[pullquote]شامی تنازعے کے فریقین شہریوں کو تحفظ دیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے شمال مغربی شام میں جاری تنازعے کے فریقین سے عام شہریوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی ادارے کے ایک ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق ادلب، شمالی حلب اور صوبہ حماء کے شمالی علاقے میں جاری لڑائی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ان کے بقول اس دوران تباہ کن بیرل بم بھی استعمال کیے گئے۔ دوجارک نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر سے واضح ہے کہ پورے کے پورے شہر اور گاؤں صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے ہیں اور چار لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

[pullquote]سمندری طوفان ’ڈوریان‘ فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے[/pullquote]

سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کی وجہ سے امریکی ریاست فلوریڈا میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ فلوریڈا کے گورنر رَون دےسانتِس کے مطابق ہنگامی حالت اس امر کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کی گئی ہے کہ فلوریڈا ڈوریان کے حوالے سے مکمل تیار ہے۔ ان کے بقول تمام شہریوں کے پاس کم از کم ایک ہفتے تک کی خوراک کا موجود ہونا ضروری ہے۔ ماہرین کو امید ہے کہ آئندہ دنوں میں اس طوفان کی شدت ایک سے کم ہو کر تین ہو جائے گی۔ یہ طوفان بدھ کو امریکا کے جزائر ورجن سے ٹکرایا تھا۔

[pullquote]جنوبی امریکی ممالک مل کر ایمیزون میں لگی آگ کے مسئلے پر بات کریں گے، بولسونارو[/pullquote]

برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے ایمیزون کے جنگلات میں لگی آگ کے موضوع پر جنوبی امریکی ممالک کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ بولسونارو نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد ان بارانی جنگلات کے تحفظ اور ان کی نشو و نما جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس اجلاس میں وینزویلا کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ بولسونارو نے مزید بتایا کہ یہ اجلاس چھ ستمبر کو کولمبیا کے شہر لیتیسیا میں ہو گا، جس میں تحفظ ماحول کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

[pullquote]امریکی سربراہی میں قائم عسکری مشن آبنائے ہرمز میں فعال[/pullquote]

امریکی سربراہی میں قائم عسکری مشن نے آبنائے ہرمز میں اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع کے مطابق اس مشن کا مقصد اس آبی گزرگاہ میں جہازوں کی آمد و رفت اور آئل ٹینکروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ایک بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ ساتھ برطانیہ،آسٹریلیا اور بحرین کے دستے بھی اس مشن کا حصہ ہیں۔ امریکا دیگر ممالک سے بھی اس سلسلے میں بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایران اور خلیج کی عرب ریاستوں کے درمیان یہ تنگ آبی راستہ خام تیل کی عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے۔

[pullquote]اٹلی میں نئی مخلوط حکومت کے قیام کی امید پیدا ہو گئی[/pullquote]

اٹلی میں حکومتی بحران کے حل ہو جانے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملکی صدر سرجیو ماتاریلا آج جمعرات کو عبوری وزیر اعظم جوزیپے کونٹے سے ملاقات کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ صدر ماتاریلا کونٹے کو فائیو اسٹار تحریک اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ’پی ڈی‘ کے اشتراک سے نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپ دیں گے۔ صدر ماتاریلا بدھ کو ان دونوں جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ کونٹے کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ فائیو اسٹار تحریک اور سوشل ڈیموکریٹس نے نئی مخلوط حکومت کے قیام پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

[pullquote]ادلب میں شامی حکومتی دستوں کی کارروائی، مرنے والوں میں چار بچے بھی شامل[/pullquote]

شامی صوبے ادلب میں اسد حکومت کے دستوں کے ایک فضائی حملے میں متعدد بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق معرة النعمان نامی علاقے میں کی گئی اس فضائی کارروائی میں مجموعی طور پر پندرہ ہلاکتیں ہوئیں، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ اس واقعے میں تیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ شامی دستوں نے اپریل میں روسی فضائیہ کے تعاون سے صوبے حماء اور ادلب میں باغیوں کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

[pullquote]تحفظ ماحول کے لیے سرگرم نوجوان سویڈش شہری گریٹا تھنبرگ نیو یارک پہنچ گئیں[/pullquote]

تحفظ ماحول کے لیے سرگرم نوجوان سویڈش شہری گریٹا تھنبرگ نیو یارک پہنچ گئی ہیں۔ گریٹا کے مطابق وہ کئی ہفتے براعظم امریکا میں قیام کریں گی۔ ان کے اس سفر کا اختتام دسمبر میں چلی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ہو گا۔ گریٹا دوہفتے تک بحر اوقیانوس پر سفر کرنے کے بعد نیو یارک پہنچی ہیں۔ وہ تیئیس ستمبر کو اسی موضوع پر ہونے والے ایک ایسے اجلاس میں بھی شرکت کرنا چاہتی ہیں، جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے