پیر : 02 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، بھارت کو ایک اور سفارتی ناکامی[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر کی صوتحال کے حوالے سے بھارت کی ایک اور بڑی سفارتی کوشش کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑگیا۔یورپی ملک بیلجیئم کے شہر برسلز میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس کو روکوانے کیلئے بھارت کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر ہنگامی دورے پر برسلز پہنچے جہاں انہوں نے یورپی یونین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی تاہم ان کے ہاتھ کچھ نہ آیا اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس رکوانے کی ساری بھارتی کوششیں ناکام ہوگئیں اور بھارتی وزیرخارجہ 4 گھنٹے کی ناکام کوششوں کے بعد واپس چلے گئے۔

[pullquote]یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تشویشناک قرار[/pullquote]

برسلز: یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قرار دے دیا۔بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود بیلجیئم کے شہر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ارکان نے مودی سرکار سے فوراً کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور مودی انتظامیہ کے رویے کو قابل مذمت قرار دیا۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھارت پاکستان سے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے جبکہ اراکین نے کہا کہ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری رد عمل ظاہر کریں۔انسانی حقوق کمیٹی کی چئیرپرسن ماریہ ایرینا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت خراب ہے۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہنگامی دورے پر برسلز پہنچے تھے جہاں انہوں نے یورپی یونین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی تھی تاہم ان کے کچھ ہاتھ نہ آیا اور ناکامی کا منہ سامنا کرنا پڑا۔

[pullquote]افغان طالبان کے ساتھ ڈیل: امریکا مسودے کی تفصیلات بتائے، صدر غنی[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ امریکا کابل حکومت کو افغان طالبان کے ساتھ اپنی ممکنہ امن ڈیل کے مسودے کی تفصیلات سے آگاہ کرے۔ یہ بات صدر غنی نے افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد سے ہیر کے روز کہی۔ کابل میں صدارتی محل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملکی صدر نے زلمے خلیل زاد سے یہ بھی کہا کہ امریکا کو طالبان کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے مسودے سے تمام افغان رہنماؤں کو مطلع کرنا چاہیے۔ خلیل زاد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اب تک طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نو ادوار میں حصہ لے چکے ہیں۔ تاہ ترین دوحہ مذاکراتی دور کے بعد وہ اتوار کی رات کابل پہنچے تھے۔ خلیل زاد نے کابل میں اپنی موجودگی کے دوران اتوار کی رات اور پیر کو صدر اشرف غنی سے دو بار ملاقات کی۔

[pullquote]ایرانی راکٹ کے دھماکے سے پھٹ جانے کی وجہ ’تکنیکی خرابی‘ تھی[/pullquote]

ایرانی حکام نے پہلی مرتبہ یہ اعتراف کر لیا ہے کہ امام خمینی خلائی مرکز پر ایران کا ایک راکٹ دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔ ایک حکومتی ترجمان کے سرکاری ٹیلی وژن سے پیر کے روز نشر ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ راکٹ ایک تکنیکی نقص کے باعث پھٹا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا تھا۔ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق یہ راکٹ ایرانی خلائی مرکز کے لانچنگ پیڈ پر ہی گزشتہ جمعرات کے روز پھٹ گیا تھا۔ امام خمینی خلائی مرکز تہران سے تقریباﹰ ڈھائی سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

[pullquote]ارجنٹائن کے مرکزی بینک نے زرمبادلہ کی خریداری محدود کر دی[/pullquote]

ارجنٹائن کے مرکزی بینک نے ملکی کرنسی پیسو کو سہارا دینے کے لیے زرمبادلہ کی خریداری محدود کر دی ہے۔ حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد اس بینک نے حکم جاری کر دیا ہے کہ اب بڑے بڑے برآمدی اداروں کو زرمبادلہ کی خریداری اور بڑی رقوم بیرون ملک بھیجنے سے قبل مرکزی بینک سے اجازت حاصل کرنا ہو گی۔ ارجنٹائن میں قرضوں کا بحران گزشتہ کچھ عرصے کے دوران شدید تر ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ملکی کرنسی پیسو کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر میں بیس فیصد سے زائد کی کمی بھی ہو چکی ہے۔

[pullquote]تارکین وطن کو بچانے والا جرمن امدادی بحری جہاز اطالوی حکام کے قبضے میں[/pullquote]

اطالوی حکام نے ایک جرمن امدادی تنظیم کے اس بحری جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے، جس پر سو کے قریب تارکین وطن سوار ہیں۔ یہ بحری جہاز روم حکومت کی طرف سے پابندی کے باوجود اطالوی سمندری حدود میں داخل ہو گیا تھا۔ اس سے قبل مہاجرین اور تارکین وطن کی مدد کرنے والی جرمن تنظیم ’لائف لائن‘ کی طرف سے ٹوئٹر پر یہ اعلان بھی کر دیا گیا تھا کہ ’ایلیونورے‘ نامی یہ ریسکیو شپ اطالوی جزیرے سسلی کی ایک بندرگاہ پر پہنچنے والا تھا۔ یہ جہاز گزشتہ آٹھ دنوں سے سمندر میں سفر میں تھا اور اس جہاز کا عملہ اس پر سوار تارکین وطن کے لیے کسی محفوظ بندرگاہ کی تلاش میں تھا۔

[pullquote]فائیو جی نیٹ ورک سکیورٹی: امریکا اور پولینڈ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیے[/pullquote]

امریکا اور پولینڈ نے پیر کے روز فائیو جی نیٹ ورک سکیورٹی سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے ایک نامہ نگار کے مطابق، جو اس تقریب میں موجود تھا، امریکا کی طرف سے اس اعلامیے پر دستخط نائب صدر مائیک پینس نے کیے۔ امریکا کی طرف سے اس کے اتحادی ممالک پر یہ دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنے ہاں فائیو جی موبائل فون نیٹ ورک سے متعلق فیصلوں اور ان پر عمل درآمد سے چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے کو دور ہی رکھیں۔ امریکا اور کئی دیگر مغربی ممالک کی طرف سے ہواوے پر جاسوسی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔

[pullquote]دوحہ میں طالبان سے مکالمت کے بعد زلمے خلیل زاد کی کابل میں صدر غنی سے ملاقات[/pullquote]

افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ افغان حکام کی طرف سے پیر کے روز بتایا گیا کہ اس ملاقات میں خلیل زاد نے صدر غنی کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے تازہ ترین دور کے نتائج سے آگاہ کیا۔ صدر غنی کے ایک ترجمان کے مطابق یہ ملاقات اتوار کی رات ہوئی۔ زلمے خلیل زاد اس ملاقات سے کچھ ہی دیر پہلے دوحہ سے کابل پہنچے تھے۔امریکا طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے کسی امن معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے، تاکہ واشنگٹن کے لیے افغان جنگ اپنے اختتام کو پہنچ جائے۔ افغان جنگ امریکا کے لیے اس کی تاریخ کی طویل ترین جنگ بن چکی ہے۔

[pullquote]دو جرمن صوبوں میں الیکشن: سیکسنی میں سی ڈی یو اور برانڈن برگ میں ایس پی ڈی کامیاب[/pullquote]

جرمنی کے دو وفاقی صوبوں میں اتوار کو ہونے والے علاقائی پارلیمانی الیکشن کے نتائج کے مطابق سیکسنی میں چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو اور برانڈن برگ میں سوشل ڈیموکریٹس کی جماعت ایس پی ڈی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم ان دونوں پارٹیوں کو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں عوامی تائید میں واضح کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس کے باوجود کرسچین ڈیموکریٹک یونین سیکسنی میں اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی برانڈن برگ میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعتیں بن کر سامنے آئی ہیں۔ اسلام اور تارکین وطن کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعت اے ایف ڈی کو ان دونوں صوبوں میں حاصل عوامی تائید میں اضافہ ہوا۔ یہ پارٹی دوسرے نمبر پر رہی اور ان دونوں میں سے کسی بھی صوبے میں حکومت نہیں بنا سکے گی۔

[pullquote]بھارت یقینی بنائے کہ کوئی بے وطن نہ رہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت اس امر کو یقینی بنائے کہ اس جنوبی ایشیائی ریاست میں کوئی بھی بے وطن نہ رہے۔ اقوام متحدہ کے اس اعلیٰ عہدیدار نے یہ مطالبہ بھارتی ریاست آسام میں تقریباﹰ دو ملین انسانوں کو مقامی شہری تسلیم نہ کیے جانے کے پس منظر میں کیا۔ ان میں سے بہت بڑی اکثریت آسام میں برسوں سے آباد مسلمانوں کی ہے۔ فیلیپو گرانڈی نے جنیوا سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسا کوئی بھی عمل، جو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو ان کی شہریت سے محروم کر دے، عالمی سطح پر بے وطنیت کے خاتمے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچائے گا۔

[pullquote]بہاماس کی تاریخ کا طاقت ور ترین سمندری طوفان ’ڈوریان‘ ساحل سے ٹکرا گیا[/pullquote]

بلند ترین درجے کا انتہائی خطرناک سمندری طوفان قرار دیے جانے کے بعد ہَری کین ’ڈوریان‘ اپنے تباہ کن حد تک تیز رفتار جھکڑوں کے ساتھ بہاماس کے ساحلی علاقے سے ٹکرا گیا ہے۔ میامی میں امریکا کے نیشنل ہَری کین سینٹر نے بتایا کہ اس طوفان کی وجہ سے ہلاکت خیز ثابت ہونے والے ایسے اچانک سیلابوں کا خدشہ ہے، جن میں پانی کی اونچائی کی سطح سات میٹر تک ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بہاماس کے ساحلوں سے ٹکرانے والا یہ آج تک کے ریکارڈ کے مطابق طاقت ور ترین سمندری طوفان ہے۔ امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں پوری ساحلی پٹی کا رہائشی علاقہ خالی کرا لینے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ آج پیر کی دوپہر تک وہاں سے تقریباﹰ ساڑھے آٹھ لاکھ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔

[pullquote]اسرائیلی انتخابات سے قبل ہونڈوراس نے یروشلم میں اپنا سفارتی مرکز کھول دیا[/pullquote]

اسرائیل میں سترہ ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے صرف دو ہفتے قبل ہونڈوراس نے یروشلم میں اپنا ایک سفارتی مرکز کھول دیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کی صدارت ہونڈوراس کے صدر خوآن اورلانڈو ہیرنانڈیس نے کی۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو بھی موجود تھے۔ صدر ہیرنانڈیس نے کہا کہ یروشلم میں سفارتی مرکز کے کھولے جانے کا مقصد اسرائیل میں ان کے ملک کے سفارت خانے میں توسیع کرنا ہے، جو ابھی تک تل ابیب میں قائم ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ خود ان کے لیے ہونڈوراس کے اس سفارتی اقدام کا مقصد یروشلم کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنا ہے۔ اس سال مئی میں امریکا نے بھی اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیا تھا۔

[pullquote]ایس پی ڈی کی قیادت کے لیے کئی امیدوار میدان میں[/pullquote]

جرمنی کی سو شل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کی نئی وفاقی قیادت کے طور پر انتخاب کے لیے کم از کم آٹھ امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں امیدواروں کی طرف سے اپنے کاغذات جمع کرانے کے لیے مقرر کردہ میعاد اتوار کی رات ختم ہو گئی۔ آج پیر کو پارٹی کا ایک داخلی انتخابی کمیشن ان امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دے دے گا۔ ان امیدواروں کو آئندہ ہفتوں کے دوران اپنے انتخاب کے لیے اس جماعت کی دو درجن کے قریب علاقائی کلانفرنسوں میں پارٹی ارکان کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔ کامیاب امیدوار کے نام کا اعلان دسمبر میں ہونے والے ایک وفاقی کنوینشن میں کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے