جمعہ : 06 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانوی پارلیمنٹ معطل کرنے کے خلاف دائر اپیل مسترد[/pullquote]

برطانوی ہائی کورٹ نے وزیراعظم بورس جانسن کی پارلیمنٹ معطل کرنے کی تجویز کے خلاف دائر کی جانے والی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ اپیل بریگزٹ ڈیل کی ایک مخالف خاتون جینا ملر نے دائر کی تھی۔ عدالت نے اپیل کنندہ کو اس کی اجازت بھی دی کے وہ اپیل مسترد کرنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتی ہیں۔ سپریم کورٹ میں جینا ملر اور سابق وزیر اعظم جان میجر سترہ ستمبر کو اپیل دائر کریں گے۔

[pullquote]جزائر سولومن چینی قرضوں کے جال سے ہوشیار رہے، تائیوان[/pullquote]

تائیوانی حکومت نے بحر الکاہل کی جزیرہ ریاست سولومن جزائر کو متنبہ کیا ہے کہ وہ چین کی قرضہ فراہم کرنے کی پالیسی سے خبردار رہے کیونکہ وہ اس جال میں جکڑا جا سکتا ہے۔ سولومن جزائر کے ایک سینیئر رکن پارلیمنٹ نے رواں ہفتے کے دوران اشارہ دیا تھا کہ ملکی حکومت چین کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے کے قریب ہے۔ چین پہلے ہی اس جزیرہ ریاست کو پچاسی لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی ترقیاتی فنڈ اس صورت دینے کے لیے تیار ہوا ہے کہ وہ تائیوان کے ساتھ سفارتی روابط کم کر لے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں اقوام متحدہ کے عملے کو کم کرنے کی درخواست[/pullquote]

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ ملک میں عالمی ادارے کے متعین عملے کی تعداد میں کمی لائی جائے۔ اس کمیونسٹ ملک نے عملے میں کمی رواں برس کے اختتام تک کرنے کی درخواست کی ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے عملے میں کمی کی درخواست نیشنل کوآرڈی نیٹگ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے اقوام متحدہ کے مقامی سربراہ کو لکھے گئے خط میں بیان کی گئی ہے۔ اس خط میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی مدد سے چلنے والے مختلف پروگراموں سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے ہیں اور دوسری جانب جارح قوتیں اس عملے کو اپنے مقاصد کے لیے بھی استعمال کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]یورینیئم افزودگی بڑھانے کا فیصلہ درست ہے، ایرانی وزیر خارجہ[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے انڈونیشی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ایرانی حکومت کا یورینیئم افزودگی کی سطح کو بلند اور بہتر کرنے کا فیصلہ درست ہے۔ ظریف کا یہ کہنا ایرانی صدر حسن روحانی کے پانچ اگست کو جاری ہونے والے بیان کا تسلسل ہے جس میں انہوں نے دوبارہ جوہری تحقیق اور پیداوار شروع کرنے کا بتایا تھا۔ ایرانی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ اُن کا ملک خود پر عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ ڈیل کے تحت عائد ہونے والی ذمے داریوں میں سے کسی کی بھی پابندی نہیں کرے گا۔

[pullquote]قزاقستان کو جمہوریہ نہیں بنایا جا سکتا، قازق صدر[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے صدر قاسم جمرات توکائیف نے اپوزیشن کے اُس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے جس میں ملک میں پارلیمانی جمہوریت متعارف کرانے کا کہا گیا تھا۔ اپوزیشن کی جانب سے یہ مطالبہ حالیہ مظاہروں کے دوران بلند کیا گیا تھا۔ قازق صدر نے مطالبے کو رد کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی پارلیمنٹ کے کردار کو مزید وسیع کرنے کا عندیہ ضرور دیا ہے۔ صدر توکائیف نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ قزاقستان کے لیے صدارتی نظام ہی بہتر ہے لیکن پارلیمنٹ کو ملکی سیاسی نظام میں مزید فعال اور اختیار دیا جائے گا۔ قازق صدر نے یہ بیان اپنے ملک کے اپوزیشن رہنماؤں اور جمہوریت نواز کارکنوں سے ملاقات کے بعد دیا۔

[pullquote]جنگلات کے تحفظ کے لیے ایمیزون ممالک کے لیڈروں کی سمٹ[/pullquote]

جنوبی امریکا کے ایمیزون خطے کے ممالک کے صدور اور اعلیٰ سطحی نمائندوں کا ایک خصوصی اجلاس کولمبیا میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد خطے کے جنگلات کے تحفظ کی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔ اس اجلاس میں برازیل، کولمبیا، پیرو، ایکواڈور، بولیویا اور سری نام شریک ہوں رہے ہیں۔ یہ میٹنگ کولمبیا کے ایمیزون علاقے کے مرکزی شہر لیٹیسیا (Leticia) میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ برازیل کے صدر یائیر بولسونارو اپنی علالت کی وجہ سے اس اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

[pullquote]زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے انتقال کر گئے[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے پچانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ موجودہ صدر ایمرسن مناناگاگوا نے بھی موگابے کی رحلت کی تصدیق کر دی ہے۔ وہ علاج کے لیے سنگا پور لائے گئے تھے۔ ابھی ہرارے حکومت یا رحلت پا جانے والے صدر کے خاندان کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ اُن کی نعش کو کب زمبابوے پہنچایا جائے گا۔ موگابے زمبابوے کی آزادی کی تحریک کے لیڈر بھی تھے اور آزادی کے بعد پہلے صدر بنے تھے۔ کئی برسوں کے بعد سن 2017 کی فوجی بغاوت کے نتیجے میں انہیں منصب صدارت سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے خراب صحت کا سامنا کر رہے تھے۔ وہ تین دہائیوں تک سابقہ برطانوی نوآبادی کے صدر رہے تھے۔

[pullquote]جرمن چانسلر نے چین کا دورہ شروع کر دیا[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعہ چھ اگست سے چین کا دو روزہ دورہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے دورے کے پہلے دن میزبان وزیراعظم لی کیچیانگ سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات چینی دارالحکومت بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ چینی وزیراعظم اور جرمن چانسلر نے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران میرکل نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین اور امریکا اپنے تجارتی تنازعات کو جلد حل کر لیں گے کیونکہ ان کے تجارتی تنازعے کے اثرات عالمی اقتصادیات پر مرتب ہو رہے ہیں۔ جرمن چانسلر نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ اُن کے ملک کے دروازے چینی سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

[pullquote]کشمیر میں لینڈ لائن ٹیلیفون سروس بحال کر دی گئی[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ریاستی حکومت نے لینڈ لائن ٹیلیفون سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ایک مہینے کے کمیونیکیشن بلیک آؤٹ اور سکیورٹی کریک ڈاؤن کے بعد بحال کی گئی ٹیلیفون سروس ابھی پوری طرح فعال نہیں ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق بظاہر لینڈ لائن بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رابطے بحال کرنے سے ابھی بھی قاصر ہیں۔ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں ہر قسم کے ٹیلی فونک رابطے پانچ اگست کو معطل کر دیے تھے۔ یہ کمیونیکشن بندش کشمیر کی خصوصی خود مختار حیثیت کو ختم کرنے کے دستوری اقدامات کے وقت عمل میں لائی گئی تھی۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں ویک اینڈ پر مزید مظاہرے[/pullquote]

خصوصی چینی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں اس ویک اینڈ پر مزید مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ مظاہرین آج جمعے کے دن اُس سڑک کی ٹریفک کو بند کرنا چاہتے ہیں جو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جاتی ہے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے کے حکام نے مظاہرین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے مظاہروں سے ہزاروں افراد کے سفر کو متاثر کرنے سے گریز کریں۔ ہانگ کانگ شہر کے مختلف حصوں بشمول حکومتی دفاترکے نزدیک احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ابھی دو روز قبل ہانگ کانگ کی انتظامی لیڈر کیری لائم نے قیدیوں کی چین منتقلی کے مجوزہ قانونی مسودے کو مکمل طور پر واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]سمندری طوفان ڈوریان امریکی ساحلی پٹی سے ٹکرا گیا[/pullquote]

خصوصی چینی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں اس ویک اینڈ پر مزید مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ مظاہرین آج جمعے کے دن اُس سڑک کی ٹریفک کو بند کرنا چاہتے ہیں جو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جاتی ہے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے کے حکام نے مظاہرین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے مظاہروں سے ہزاروں افراد کے سفر کو متاثر کرنے سے گریز کریں۔ ہانگ کانگ شہر کے مختلف حصوں بشمول حکومتی دفاترکے نزدیک احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ابھی دو روز قبل ہانگ کانگ کی انتظامی لیڈر کیری لائم نے قیدیوں کی چین منتقلی کے مجوزہ قانونی مسودے کو مکمل طور پر واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے