منگل : 10 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کی امریکی فوجیوں پر حملوں کی دھمکی[/pullquote]

امریکا کی طرف سے امن مذاکرات ختم کرنے کے بعد افغان طالبان نے امریکی فوجیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دینے کی دھمکی دی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جلد ہی امریکا اپنے اس فیصلے پر پچھتائے گا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہرایا ہےکہ افغان طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات ختم ہو چکے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اس اٹھارہ سالہ جنگ کا خاتمہ اور امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طویل عرصے سے وہاں تھانیدار کا کردار ادا کر رہا ہے اور اب افغان حکومت کو خود بھی ذمہ داریاں اٹھانا ہوں گی۔

[pullquote]جرمنی کی طرف سے طالبان سے مذاکرات ختم کرنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم[/pullquote]

جرمنی نے امریکا کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات بند کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق طالبان کو یہ پیغام دینا ناگزیر تھا کہ امریکا امن معاہدے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کی لیے تیار نہیں۔ بیان کے مطابق کابل حملوں کے ذریعے طالبان نے اپنی امن کی خواہش پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ گزشتہ روز جرمنی نے افغانستان میں سکیورٹی کے مخدوش حالات کی وجہ سے پولیس کے ایک تربیتی منصوبے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کئی تریبت کاروں کو واپس جرمنی بلا لیا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کا ڈرون غزہ میں گر کر تباہ[/pullquote]

اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ گزشتہ شب غزہ کے جنوب میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب ہفتے کے روز لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے جنوبی سرحد کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیل نے بعد میں کہا کہ اس کا یہ ڈرون معمول کی پرواز پر تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حالیہ چند روز میں اسرائیل کی شمالی اور جنوبی سرحدوں پر کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔

[pullquote]بہاماس میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہوگئی[/pullquote]

کیریبین ریاستوں کے شمال میں سمندری طوفان ڈوریان سے ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہو گئی ہے۔ بہاماس میں پچھلے ہفتے آنے والے اس طوفان کی وجہ سے شدید تباہی ہوئی ہے اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ہزاروں متاثرین کو نیو پروویڈنس جزیرے اور امریکا منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینےکے لیے جرمنی اور ہالینڈ کی بحریہ کے اہلکار منگل کو بہاماس پہنچ رہے ہیں۔ وہ اپنے ساتھ خوراک لے کر جا رہے ہیں اور وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔

[pullquote]ہانگ کانگ مظاہروں کے رہنما کی جرمنی میں وزیر خارجہ سے ملاقات[/pullquote]

ہانگ کانگ میں جمہوری آزادیوں کے لیے سرگرم کارکن جاشوآ وانگ نے جرمنی میں وزیر خارجہ ہائیکو ماس سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے ہانگ کانگ کے مظاہرین کی حمایت کی اپیل کی۔ بائیس سالہ جاشوآ وانگ کا کہنا تھا کہ برلن ماضی میں آزادی کی جدوجہد کا مرکز رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ جرمنوں سے مدد کی درخواست کر رہے ہیں۔ جرمنی میں ان کی سیاسی سرگرمیوں پر چین نے جرمن حکومت سے احتجاج کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل کا ایران کی خفیہ جوہری تنصیبات سے متعلق نیا الزام[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہی کہ ان کے ملک نے ایران کی نئی جوہری تنصیبات کا پتا لگا لیا ہے۔ پارلیمانی انتخابات سے آٹھ روز پہلے انہوں نے ایسی سیٹلائٹ تصاویر میڈیا کے سامنے پیش کی ہیں، جو مبینہ طور پر ایرانی شہر آبادہ کی ایک مضافاتی جوہری سائٹ کی ہیں۔ تاہم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ تہران حکومت نے کچھ عرصہ قبل اسے اُس وقت تباہ کر دیا تھا، جب انہیں علم ہوا کہ اسرائیل کو اس خفیہ مقام کا پتا چل چکا ہے۔ انہوں نے امریکا اور بین الاقوامی برادری سے ایران کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]جرمن سعودی عرب پولیس تعاون دوبارہ شروع[/pullquote]

جرمنی نے سعودی عرب کے ساتھ پولیس تعاون دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترکی میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد برلن حکومت نے احتجاجاﹰ سعودی حکومت کے ساتھ سکیورٹی تعاون ختم کر دیا تھا۔ جرمن حکومت کے ترجمان اشٹیفن زائبرٹ کا کہنا تھا کہ یہ جرمنی کے مفاد میں ہے کہ عرب خطے میں سرحدیں محفوظ ہوں اور دہشت گرد انہیں عبور نہ کر پائیں۔ جرمن وزارت داخلہ کے مطابق جرمنی کی پولیس سن دو ہزار نو سے سعودی عرب کو اپنی سرحدیں محفوظ بنانے کے لیے تربیت اور مشاورت فراہم کر رہی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا نے دوبارہ میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، جنوبی کوریا[/pullquote]

جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ نے سرکاری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل شمالی کوریا کے مشرق سے کھلے سمندر کی جانب فائر کیے گئے۔ چند ہفتے پہلے بھی شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کئی شارٹ رینج میزائل فائر کیے تھے۔ ان میزائل تجربات سے پہلے شمالی کوریا نے ستمبر کے اوآخر میں امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ تاہم شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات مخصوص شرائط کے تحت ہی ممکن ہو سکتے ہیں لیکن مجوزہ شرائط کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

[pullquote]برطانیہ، نئے انتخابات کی قرارداد دوبارہ مسترد[/pullquote]

برطانیہ میں نئے انتخابات کروانے کی قراردار ایک مرتبہ پھر مسترد کر دی گئی ہے۔ یہ قرارداد پیر کی شب وزیراعظم بورس جانسن کی طرف سے پیش کی گئی تھی لیکن اس کی کامیابی کے لیے انہیں ایوان نمائندگان میں دو تہائی اکثریت نہ مل سکی۔ اس قرارداد کے حق میں تین سو گیارہ جبکہ مخالفت میں تین سو دو ووٹ پڑے۔ بورس جانسن اکتیس اکتوبر کو بریگزٹ سے پہلے نئے انتخابات چاہتے تھے۔ اس سے قبل اراکین پارلیمان نے بورس جانسن سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ یورپی یونین سے بغیر کسی معاہدے کے علیحدگی کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی پیش کریں۔

[pullquote]طالبان کے ساتھ مذاکرات ختم ہو چکے ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق افغان طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات ختم ہو چکے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اٹھارہ سال کی جنگ کا خاتمہ اور امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طویل عرصے سے وہاں تھانیدار کا کردار ادا کر رہا ہے اور اب افغان حکومت کو خود بھی ذمہ داریاں اٹھانا ہوں گی۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ نے ہفتے کی شب طالبان اور افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ طے شدہ ایک خفیہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے