جمعرات : 12 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مصر، اخوان المسلمون کے رہنماؤں کے لیے تاحیات قید کی سزائیں[/pullquote]

مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع اور نو دیگر سرکردہ رہنماؤں کو تاحیات قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ حکام نے ان رہنماؤں پر فلسطینی تنظیم حماس اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ مل کر جاسوسی اور دہشت گردی کی پشت پناہی کے الزامات عائد کیے تھے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے جون دو ہزار تیرہ میں محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ تب سے اخوان المسلمون اور اپنے ناقدین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی اتحاد کا قیام[/pullquote]

امریکا نے وینزویلا کے خلاف لاطینی امریکی ملکوں پر مشتعمل ایک نیا فوجی اتحاد قائم کیا ہے۔ اس اتحاد میں امریکا کے ساتھ خطے کے دس دیگر ممالک شامل ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ یہ فوجی اتحاد باہمی تعاون سے متعلق ہے۔ اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک رکن ملک کے خلاف بھی حملہ ہوا تو باقی ممالک اس کا ساتھ دیں گے۔ مائیک پومپیو کے مطابق یہ معاہدہ وینزویلا کی طرف سے شروع کی جانے والی جنگی مشقوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ وینزویلا کے ایک لاکھ پچاس ہزار فوجی کولمبیا کی سرحد پر فوجی مشقیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]نظام شمسی سے باہر سیارے پر پانی دریافت[/pullquote]

ماہرین فلکیات نے پہلی بار کسی سیارے کی فضا میں پانی کے بخارات دریافت کیے ہیں۔ یہ سیارہ ایک دوسرے نظام شمسی میں واقع ہے اور ایک سورج کے قابل رہائش زون میں چکر لگا رہا ہے۔ یہ تحقیق نیچر آسٹرونومی میں شائع کی گئی ہے اور اسے نظام شمسی کے باہر کسی زندگی کی تلاش میں سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سیارے کو K2-18b کا نام دیا گیا ہے اور یہ K2-18 نامی سورج کے گرد چکر کاٹ رہا ہے۔ یہ سیارہ سن دو ہزار پندرہ میں دریافت کر لیا گیا تھا لیکن اس کی فضا میں پانی کے بخارات کی تصدیق خلائی دوربین ہبل سے اب ہوئی ہے۔

[pullquote]یونان زیادہ سے زیادہ مہاجرین ترکی واپس بھیجے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے یونان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مہاجرین کو ترکی واپس بھیجنے کی کوشش کرے۔ جرمن وزارت داخلہ کے مطابق یونانی جزائر پر صورت حال گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔ صرف لیسبوس جزیرے کے پناہ گزین کیمپ میں گیارہ ہزار افراد موجود ہیں جبکہ اس کیمپ میں صرف تین ہزار مہاجرین کی گنجائش ہے۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران ترکی سے کشتیوں کے ذریعے یونان پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سن دو ہزار سولہ میں ترکی اور یورپی یونین کے درمیان ایک معاہدہ کے تحت یونان غیر قانونی تارکین وطن کو واپس ترکی بھیجنے کا پابند ہے۔

[pullquote]ایمن الظواہری کی ’وڈیو پیغام‘ میں امریکا پر تنقید[/pullquote]

القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے ایک ویڈیو پیغام میں امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ واضع نہیں کہ یہ بیان کب اور کہاں ریکارڈ کیا گیا۔ گیارہ ستمبر کے حملوں کی اٹھارویں برسی کی موقع پر سامنے آنے والے اس بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کو صرف تشدد کی زبان ہی سمجھ آتی ہے۔ القاعدہ کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

[pullquote]بہاماس میں 25 سو افراد ابھی تک لاپتہ[/pullquote]

سمندری طوفان ڈوریان کے آنے کے گیارہ روز بعد بھی بہاماس میں تقریباً پچیس سو افراد لاپتہ ہیں۔ بہاماس حکومت کے مطابق ان لاپتہ افراد کی فہرست کا موازنہ اب ان افراد کی فہرست سے کیا جائے گا، جنہیں ہنگامی حالات میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ یکم ستمبر کے روز ڈوریان سمندری طوفان کی تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے وہاں تباہی مچا کر رکھ دی تھی۔ کیریبین ریاستوں کے شمال میں واقع بہاماس میں ابھی تک پچاس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی طرف سے چین پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ موخر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا فیصلہ دو ہفتوں کے لیے موخر کر دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے درآمدی ٹیکس اکتوبر میں عائد کیے جائیں گے۔ قبل ازیں چینی مصنوعات پر نئے اضافی ٹیکسوں کا نفاذ یکم اکتوبر سے ہونا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق ان کا یہ فیصلہ خیرسگالی کی علامت ہے۔ گزشتہ روز چین نے بھی چند امریکی اشیاء پر عائد کیا جانے والا اضافی ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ کئی ماہ سے ان دونوں ممالک کے مابین تجارتی جنگ جاری ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

[pullquote]نائجیریا نے جنوبی افریقہ سے اپنے شہری نکالنا شروع کر دیے[/pullquote]

جنوبی افریقہ میں غیرملکیوں پر حملوں اور جھڑپوں کے بعد نائجیریا نے اپنے ایک سو اسی شہری ملک سے نکال لیے ہیں۔ نائجیریا کے میڈیا کے مطابق ساؤتھ افریقی حکام نے نائجیریاکے درجنوں شہریوں کو کاغذات نامکمل ہونے کی وجہ سے ہوائی اڈوں پر روک رکھا ہے جبکہ کئی بچوں اور خواتین کو نائجیریا واپس جانے کی اجازت فراہم نہیں کی گئی۔ ساؤتھ افریقہ میں غیرملکیوں پر حملوں کا آغاز اگست کے اواخر میں دارالحکومت پریٹوریا ہوا تھا لیکن اب یہ پرتشدد واقعات دیگر شہروں تک پھیل چکے ہیں۔ اب تک کے حملوں میں بارہ افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]کاتالونیا کی آزادی کے لیے اسپين ميں بڑے پیمانے پر مظاہرے[/pullquote]

بارسلونا میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران لاکھوں افراد نے کاتالونیا کی اسپین سے آزادی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اس مظاہرے میں تقریباً چھ لاکھ افراد نے شرکت کی۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ تعداد چار لاکھ کم بنتی ہے۔ قبل ازیں اسپین کے اس علاقے نے یکطرفہ طور پر میڈرڈ حکومت سے آزادی کا اعلان کر دیا تھا، جس کے بعد اس کی علاقائی پارلیمان کے متعدد اراکین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان میں سے متعدد اراکان پارلیمان کو بغاوت کے مقدمات کا سامنا ہے۔ آزادی کی تحریک چلانے والے بارہ سرکردہ رہنماؤں کے خلاف عدالتی فیصلہ اکتوبر میں متوقع ہے۔ انہیں طویل قید کی سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔

[pullquote]امریکا میں ذائقے والی ای سگریٹ مصنوعات پر پابندی کا منصوبہ[/pullquote]

ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں ذائقے دار ای سگریٹس پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کا یہ بیان نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں بیماریوں اور چند پراسرار ہلاکتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ علاوہ ازیں سینکڑوں افراد میں پھیپھڑوں کی ایسی بیماریاں بھی سامنے آئی ہیں، جو امکاناً مصنوعی ذائقے والے ای سگریٹس کے استعمال سے پیدا ہوئيں۔ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ای سگریٹس کی وجہ سے لاکھوں نوجوان نیکوٹین کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں ایک ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا، جس کے تحت مارکیٹوں سے ذائقے دار ای سگریٹ اٹھا لیے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے