پیر : 16 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی حکام نے فاروق عبداللہ کو گرفتار کر لیا[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس نے سینیئر کشمیری رہنما فاروق عبداللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہیں پیر کے روز سری نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس بات کا فیصلہ بعد میں ہوگا کہ انہیں کب تک حراست میں رکھا جائے گا۔ 81 سالہ فاروق عبداللہ بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ یہ گرفتاری اُس متنازعہ بھارتی قانون کے تحت عمل میں آئی ہے جس کے مطابق کسی بھی شخص کو بغیر کسی الزام یا عدالتی کارروائی کے دو برس تک جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔

[pullquote]خام تیل کی عالمی قیمتوں میں زبردست اضافہ[/pullquote]

سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں آج پیر کے روز اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہ گزشتہ چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ آسٹریلوی تیل کی منڈی میں آج پیر کی صبح ایک موقع پر خام تیل کی قیمت 20 فیصد تک بڑھ گئی تھی جبکہ مجموعی طور پر یہ اضافہ 16 فیصد رہا جو رواں برس مئی کے بعد بلند ترین ہے۔ ہفتے کے روز سعودی کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر میزائل حملے کے بعد سعودی عرب کی طرف سے تیل کی سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

[pullquote]ایران نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا امریکی الزام مسترد کر دیا[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے الزامات ’بے بنیاد اور ناقابل قبول‘ ہیں۔ امریکا کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں یمنی حوثی باغیوں کی بجائے ایران کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ان الزامات کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ، مودی کی ریلی میں شرکت کریں گے، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیوسٹن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسے میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس جلسے میں امریکا میں آباد بھارتیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے اور اس میں صدر ٹرمپ کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتوں کا اظہار ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ 22 دسمبر کو ہونے والی اس ریلی میں پچاس ہزار سے زائد لوگ متوقع ہے۔ یہ ریلی ہیوسٹن کے ایک بڑے فٹ بال اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔

[pullquote]بورس جانسن کی بریگزٹ پر یورپی کمیشن کے صدر سے ملاقات[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پیر کے روز یورپیئن کمیشن کے صدر ژاں کلود یُنکر سے ملاقات کر رہے ہیں۔ چھ ہفتے قبل وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد جانسن کی یورپی کمیشن کے صدر سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے علحیدگی کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ طے ہے اور برطانیہ کی کوشش ہے کہ بریگزٹ کسی معاہدہ کے تحت ہو سکے۔ برطانوی حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ برسلز میں ہونے والی ملاقات میں اگر بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کی پیشکش ہوئی تو برطانوی وزیر اعظم اسے قبول نہیں کریں گے۔

[pullquote]شام کی صورتحال پر ترکی، ایرانی اور روسی صدور کی ملاقات[/pullquote]

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں آج روسی صدر ولادیمیر پوٹن، ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کی ملاقات ہو رہی ہیں۔ یہ سربراہی ملاقات شام کی صورتحال پر غور کے لیے ہے۔ ترک ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں خاص طور پر ادلب کی صورتحال موضوع بحث ہو گی۔ اگر ادلب میں شامی حکومتی فورسز کی طرف سے نئی کارروائی ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ہزارہا شامی باشندے ترکی کا رُخ کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں مہاجرین کی شام میں رضاکارانہ واپسی پر بھی غور کیا جائے گا۔

[pullquote]جنوبی کوریا تیل کی ترسیل کی لیے اپنے ذخائر کھولنے کو تیار ہے، وزارت توانائی[/pullquote]

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں حملوں کے سبب اگر تیل کی ترسیل متاثر ہوتی ہے تو وہ اپنے محفوظ ذخائر استعمال میں لائے گا۔ جنوبی کوریا کی وزارت توانائی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس بات کا امکان کم ہے کہ سعودی عرب سے جنوبی کوریا کے لیے تیل کی سپلائی میں کمی واقع ہو، لیکن اگر ایسا ہوا تو وزارت تیل ملک کے محفوظ ذخائر میں سے یہ کمی دور کرے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے