منگل : 17 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام میں کیے گئے فضائی حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے 10 ارکان ہلاک[/pullquote]

شام کے مشرقی حصے میں گزشتہ شب کیے جانے والے فضائی حملوں میں ایران نواز عراقی ملیشیا کے 10 ارکان مارے گئے۔ یہ بات سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فضائی حملے کس نے کیے۔ آبزرویٹری کے مطابق وادی فرات میں یہ فضائی حملے ایرانی انقلابی گارڈز اور اس کی اتحادی عراقی ملیشیا کے تین اہداف پر کیے گئے۔

[pullquote]ماسکو مشرق وسطیٰ میں اپنے پارٹنر ممالک کو ڈرون شکن ٹیکنالوجی فروخت کرے گا[/pullquote]

روس مشرقی وُسطیٰ میں اپنے پارٹنر ممالک کے ساتھ ڈرون شکن ٹیکنالوجی کی فروخت کے حوالے سے مذاکرات کرے گا۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس نے یہ بات روس سے اسلحہ برآمد کرنے والی ایک کمپنی کے حوالے سے بتائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون شکن ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے یہ بات چیت نومبر کے آخر میں دبئی میں ہونے والے ایئر شو کے دوران کی جائے گی۔

[pullquote]اشرف غنی کی ریلی کے قریب خودکش بم دھماکا، کم از کم 24 ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکا افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب ہوا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے ریلی کی طرف جانے والے راستے پر چیک پوائنٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس خودکش حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد 28 ستمبر کو ہوگا۔

[pullquote]ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے۔ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے تناظر میں وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ یقینی طور پر ایسے کسی تنازعے سے گریز کرنا چاہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لگ رہا ہے کہ یہ کام ایران کا تھا تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں کہ اس حملے کے پیچھے کون ہے۔ یمن میں سرگرم حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے اس حملے میں ایرانی ہتھیار استعمال کیے گئے۔

[pullquote]دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی ناکام ہوگی، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی ناکام ہو گی۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی حکام کبھی بھی امریکا سے بات چیت نہیں کریں گے اور یہ کہ حالیہ اقدامات ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی کا حصہ ہیں۔

[pullquote]کشمیر پر تنقید روکنے کی بھارتی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سربراہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کے باوجود اس گروپ کو کشمیر کی صورتحال پر آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ مالیاتی جرائم کی تفتیش کرنے والے بھارتی محکمے نے حال ہی میں ایمنسٹی کی مقامی برانچ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ زرمبادلہ کے حوالے سے بھارتی قواعد کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ یہ الزام ایمنسٹی کی طرف سے کشمیر پر مودی حکومت کے اقدامات پر تنقید کے بعد سامنے آیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سربراہ کُمی نائیڈو کے مطابق مودی حکومت نے بھارت میں ایمنسٹی کو کچلنے کی کوشش کی ہے۔

[pullquote]شام پر سہ فریقی ملاقات بغیر کسی پیشرفت کے ختم[/pullquote]

شام کی خانہ جنگی کے معاملے پر ترکی، روس اور ایران کی سربراہی ملاقات میں کوئی اہم پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن، روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ایرانی صدر حسن روحانی کی انقرہ میں گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا جس میں شام کے صوبہ ادلب میں انسانی بحران پر تشویش ظاہر کی گئی۔ شامی باغیوں کے قبضے میں موجود اس آخری اہم علاقے میں صورتحال کی بہتری کے لیے ’ٹھوس اقدامات‘ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے تاہم اس کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

[pullquote]اسرائیل میں انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری[/pullquote]

اسرائیل میں پانچ ماہ کے اندر آج دوسری مرتبہ انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ اپریل میں ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کی جماعت فاتح رہی تھی لیکن وہ ایک مخلوط حکومت بنانے میں ناکام رہے۔ آج کے انتخابات میں بھی نیتن یاہو کی لیکود پارٹی اور سابق فوجی سربراہ بینی گَنٹس کی جماعت ’بلیو اینڈ وائٹ‘ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ دونوں جماعتیں زیادہ تر دائیں بازو کے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ آج کی ووٹنگ میں چھ ملین سے زائد لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

[pullquote]فلپائن: ٹرک پہاڑی سے گرنے سے پندرہ ہلاک[/pullquote]

فلپائن میں ایک ٹرک پہاڑی سے گرنے کے سبب اس میں سوار کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ جنوبی صوبہ کوتاباتو میں پیش آیا۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے محمکے کے مطابق امدادی کارکنوں نے کم از کم پندرہ مسافروں کی لاشیں نکال لی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس ٹرک میں کُل کتنے لوگ سوار تھے۔ امدادی کارکن تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ابھی تک حادثے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوئی۔

[pullquote]سابق اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے الگ سیاسی جماعت بنا لی[/pullquote]

اٹلی کے سابق وزیر اعظم ماتیو رینزی نے ڈیموکریٹک پارٹی کو چھوڑ کر اپنی ایک الگ سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے لیڈر ماتیو سالوینی کا مقابلہ کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ مخالف فائیو اسٹار موومنٹ کے ساتھ اتحاد کیا تھا۔ تاہم انہوں نے ایک اطالوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کو چھوڑ کر الگ جماعت بنا رہے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں ان کی سابقہ جماعت کے پاس مستقبل کے لیے کوئی پروگرام نہیں ہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے