سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (‏پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہورہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام بالخصوص فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں طے کی ہیں۔

‏ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 20 ستمبر سے کیا جارہا ہے۔ شائقین نجی کورئیر سروس سے آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں جبکہ کورئیر سروس کے مراکز پر ٹکٹوں کا اجراء 21 ستمبر سے شروع ہوگا۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی میں شیڈول میچز کیلئے پی ایس ایل مقابلوں کیلئے مختص قیمتوں کو برقرار رکھا ہے۔ 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جاری رہنے والی ایک روزہ سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

‏اقبال قاسم، نسیم الغنی، وسیم باری، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 جبکہ آصف اقبال، وقار حسن اور ماجد خان انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

وسیم اکرم، عمران خان اور ظہیر عباس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2000 جبکہ حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000 روپے مختص کی گئی ہے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے بھی ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔

‏انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیرعباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 جبکہ عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000 جبکہ وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 5000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

‏شائقین کرکٹ 1 شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے شراکت دار کے تعاون سے ٹکٹ کی تیاری میں ایک مخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے جسے دوبارہ تیار کرناممکن نہیں لہٰذا پی سی بی اصل ٹکٹ رکھنے والے تمام شائقین کرکٹ کے اسٹیڈیم میں داخلے کی ضمانت دیتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے