وزیراعظم کا زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن اور فوری اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی اور متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے آزاد کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور ڈی ایچ کیو اسپتال میر پور میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان اور ریلیف کے حوالے سے جاری اقدامات اور بحالی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور بھی بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت دکھ ہوا، فوری طور پر آزاد کشمیر کا دورہ کرنا چاہتا تھا مگر امریکا سے واپسی میں تاخیر ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے