جمعہ : 11 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امن کا نوبل انعام ایتھوپیا کے وزیر اعظم کے نام[/pullquote]

ناروے کی نوبل امن کمیٹی نے اس سال کا امن انعام ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوبل امن کمیٹی کے مطابق انہیں یہ انعام ہمسایہ افریقی ملک اریٹیریا کے ساتھ سرحدی تنازعے کے حل میں پیش قدمی پر دیا گیا۔ اس سال امن کے نوبل انعام کے لیے 301 امیدواروں کے ناموں پر غور ہوا۔ لیکن آخر میں کمیٹی نے ابی احمد کی امن اور تعاون سے متعلق کاوشوں کو سرہاتے ہوئے یہ انعام ان کے نام کر دیا۔

[pullquote]نیٹو کو ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے، ترک وزیر خارجہ[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ وہ نیٹو سے توقع کرتا ہے کہ وہ ترکی کی سکیورٹی کو درپیش خطرات کے تناظر میں اس کا ساتھ دے گا۔ یہ بات ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے استنبول میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ فوجی اتحاد ترکی سے توقع کرتا ہے کہ وہ شام کے شمالی حصے میں جاری اپنے فوجی آپریشن میں تحمل کا مظاہرہ کرے گا۔ ترکی کی طرف سے شام میں فوجی کارروائی پر یورپی ملکوں نے گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]شام میں بمباری سے ہزاروں گھر بار چھوڑنے پر مجبور[/pullquote]

شمالی شام میں ترکی کی بمباری کے بعد وہاں موجود آخری سرکاری ہسپتال بھی بند کر دیا گیا ہے اور اس کا زیادہ تر عملہ جان بچا کر وہاں سے نکل گیا ہے۔ یہ بات فرانسیسی امدادی تنظیم ایم ایس ایف کی طرف سے بتائی گئی ہے، جو اس ہسپتال کو چلانے میں مدد کر رہی تھی۔ اُدھر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ کشیدگی کے باعث 70 ہزار سے زائد شہری راس العین اور تل ابیاد کے علاقوں سے اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ شام میں ترکی کے فوجی آپریشن کو آج تیسرا دن ہے۔

[pullquote]ترک فوجی آپریشن سے شام میں داعش کے قیدی فرار ہو سکتے ہیں، روس[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام میں ترک فوجی آپریشن داعش کی واپسی کا سبب بن سکتا ہے۔ روسی صدر نے خبردار کیا کہ شام کے شمالی حصے میں کُردوں کی قید میں موجود داعش کے جنگجو ترک فوجی آپریشن کے سبب فرار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ترکی صورتحال پر قابو رکھ سکے گا۔

[pullquote]سعودی ساحل کے قریب ایک ایرنی آئل ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی[/pullquote]

سعودی بندرگاہ کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ایک ایرانی کمپنی کی ملکیت اس ٹینکر میں دھماکہ جدہ کی بندرگاہ سے قریب ایک سو کلومیٹر کی دوری پر ہوا۔ دھماکے کے بعد تیل بحیرہ احمر میں لیک ہونا شروع ہو گیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ISNA کے مطابق اس بحری جہاز پر موجود ماہرین نے اس بات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا کہ یہ ایک ’دہشت گردانہ حملہ‘ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]شام میں فوجی کارروائی کے دوران ترک فوجی کی ہلاک[/pullquote]

شام میں کُرد ملیشیا اور ترک فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک ترک فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق اس لڑائی میں بھاری فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ امریکا اور یورپی ممالک نے شام میں اس ہفتے ترکی کی فوجی کاروائی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ترکی کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی سرحد کے قریب ایک محفوظ علاقہ قائم کرنا چاہتا ہے جہاں ترکی میں موجود شامی مہاجرین کو بسایا جائے گا۔

[pullquote]امريکی صدر ترکی اور کردوں کے درمیان ثالثی کے خواہاں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی اور کُرد ملیشیا کے درمیان جاری فوجی تنازعے کے حل میں ثالثی کرانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں امریکا ایسا کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ترکی کو ایک بار پھر متنبہ کیا کہ اگر ترکی نے شام کے شمالی حصے میں اپنی حدود سے تجاوز کیا تو وہ ترک معیشت کے خلاف سخت اقدامات کریں گے۔ کُرد ملیشیا نے امریکی مدد سے دہشت گرد گروپ داعش کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ امریکا کی طرف سے غیر متوقع طور پر شام کے شمالی حصے سے اپنی فوج نکالنے کے بعد ترکی نے وہاں فوجی کارروائی شروع کر دی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں یہودی عبادت گاہ پر حملےکے ملزم کے وارنٹ جاری[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی عدالت نے مشرقی شہر ہالے میں دو روز پہلے یہودی عبادت گاہ پر حملے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ 27 سالہ سفید فام نسل پرست اسٹیفان بی نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا تھا۔ حملے کے وقت یہودی عبادت گاہ میں 50 سے زائد افراد موجود تھے لیکن حملہ آور اندر داخل ہونے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے کئی جانیں بچ گئیں۔ جرمن حکام نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ گزشتہ شام ہالے شہر میں سینکڑوں لوگ عبادت گاہ کے باہر جمع ہوئے اور یہودی برداری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

[pullquote]دائیں بازو کی شدت پسندی کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کی شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ہالے میں ہونے والے فائرنگ کے ایک واقعے کے تناظر میں کہی جس میں دو افراد مارے گئے تھے۔ فائرنگ سے قبل حملہ آور نے ایک یہودی عبادت گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ میرکل نے نیورمبرگ میں اپنے ایک خطاب میں کہا کہ دائیں بازو کی شدت پسندی کو ’بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ملین دیگر افراد کی طرح وہ بھی اس واقعے پر دھچکے کی کیفیت میں ہیں۔

[pullquote]چین امریکا تجارتی مذاکرات توقع سے زیادہ بہتر رہے، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے اعلیٰ اہلکاروں کے درمیان تازہ تجارتی مذاکرات توقع سے زیادہ بہتر جا رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ فریقین کے درمیان بات چیت بہت اچھی رہی۔ امریکا اور چین کی ایک دوسرے کے خلاف تجارتی رکاوٹوں سے عالمی معیشت میں کساد بازاری کے خدشات نے جنم لے رہے ہیں۔ امریکی چیمبر آف کامرس کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق ان مذاکرات کے دوران اعتماد سازی کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کی کوشش کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے