پاکستان کی ابھرتی ہوئی ویٹ لفٹر رابعہ کیلئے ایک اور اعزاز

پاکستان کی ابھرتی ہوئی خاتون ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے کارڈف میں ہونے والی ویلش اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔

رابعہ شہزاد ماضی میں 55 کلوگرام کی ویٹ کیٹیگریز میں مقابلہ کرتی تھیں لیکن اس ایونٹ سے قبل انہوں نے اپنا وزن کم کیا اور 49 کلوگرام کی کیٹیگری میں پہلی مرتبہ حصہ لیا۔

رابعہ نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں انہوں نے اسنیچ میں 40 کلوگرام اور پھر کلین اینڈ جرک میں 55 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور میڈل اپنے نام کیا۔

رابعہ نے بتایا کہ ایونٹ سے قبل وہ بخار میں مبتلا ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے ان کی تیاریاں متاثر ہوئیں، بخار کی وجہ سے انہیں خدشہ تھا کہ کہیں وہ چیمپئن شپ سے باہر ہی نہ ہوجائیں۔

رابعہ نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ کوئی کوچ بھی نہیں تھا اور ٹورنامنٹ میں موجود ایک اور کھلاڑی کےکوچ نے ان کی مدد کی۔

واضح رہے کہ رابعہ شہزاد نے گذشتہ سال بھی آسٹریلیا میں ہونے والی رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن تھا ۔

اس سے قبل وہ دبئی میں ہونے والی ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی سلور میڈل جیت چکی ہیں۔

[pullquote]پاکستانی ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد کا آسٹریلیا میں کارنامہ، گولڈ میڈل جیت لیا[/pullquote]

پاکستان کی نوجوان ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے آسٹریلیا میں رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا۔

20 سالہ رابعہ شہزاد نے اسنیچ (40 کلوگرام) اور کلین اینڈ جرک (50 کلوگرام) کے ساتھ کُل 90 کلوگرام لفٹ کیا اور اپنے مد مقابل تمام کھلاڑیوں کو پچھاڑ دیا۔

اس ایونٹ کا انعقاد نیو ساؤتھ ویلز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن نے کیا تھا، جس میں 15 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔

دوسری جانب رابعہ شہزاد نے پاکستان ویمن پلئیر فیڈریشن سے شکوہ بھی کیا کہ وہ کسی بھی جگہ انٹری نہیں کرواتی۔

انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کھیلنا چاہتی تھی لیکن فیڈریشن نے انٹری نہیں دلوائی جب کہ حکومت بھی مدد نہیں کرتی۔

رابعہ شہزاد نے مزید بتایا کہ میں اپنی مدد آپ کے تحت مقابلہ لڑنے آسٹریلیا آئی ہوں تاہم پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو چاہیے کہ ایسی فیڈریشن کے خلاف ایکشن لے۔

خیال رہے کہ رابعہ شہزاد نے رواں سال دوسرے غیر ملکی ایونٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

وہ اس سے قبل دبئی میں ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی سلور میڈل جیت چکی ہیں۔

رابعہ شہزاد نے بی بی اے کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے لیکن ان کا رجحان بطور ویٹ لفٹر اپنا اور ملک کا نام روشن کرنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے