کیٹ مڈلٹن نے لیڈی ڈیانا کی یادیں تازہ کردیں

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن 4 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔

شاہی جوڑے کی پاکستان میں صبح سے ہی مصروفیات جاری ہیں اور انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران سے ملاقاتیں کیں جبکہ ایک اسکول کا بھی دورہ کیا ہے۔

ان مصروفیات کی خاص بات یہ ہے کہ شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا قومی لباس شلواز قمیض زیب تن کیا اور اس عمل نے اُن کی آنجہانی ساس لیڈی ڈیانا کی یادیں تازہ کردیں۔

کیٹ مڈلٹن نے گرلز اسکول کے دورے کے موقع پر نیلے رنگ کی شلوار قمیض جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات میں پاکستانی پرچم کے رنگ سبز اور سفید شلوار قمیض زیب تن کررکھی تھی۔

ماضی میں اُن کی ساس لیڈی ڈیانا نے بھی 2 بار دورہ پاکستان کے دوران شلوار قمیض پہن کر پاکستانی عوام کا دل جیتا تھا۔

[pullquote]کیٹ کا لباس کس نے تیار کیا؟[/pullquote]

برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کے پہلے دورے پر اسلام آباد میں موجود ہے جہاں وہ مختلف سرگرمیوں میں مشغول ایک مصروف دن گزار رہا ہے۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے نور خان ایئربیس پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیاگیا تھا۔ اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے ہلکے نیلے رنگ کا شلوار قمیض پہن رکھا تھا جو ان پر خوب جچ رہا تھا۔

لڑکیوں کے سکول کے دورے پر کیٹ مڈلٹن نے گہرے نیلے رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کیا جس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کراچی سے تعلق رکھنے والی فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے ڈیزائن کیا ہے۔

نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں کیٹ مڈلٹن انتہائی دلکش دکھائی دیں اور انہوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

ماہین خان نے بتایا کہ ان کے لیے یہ نہایت فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ برطانوی شاہی خاندان نے اس اہم دورے کے لیے ان کے بنائے گئے جوڑے کا انتخاب کیا۔

انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کے علاقے چیلسی میں ایک فیشن بوتیک ہے جہاں وہ اپنے ڈیزائن کردہ جوڑے رکھتی ہیں، وہیں سے برطانوی شاہی محل کے عہدیدار ان کے بنائے گئے کچھ جوڑے لے کر گئے تھے جو شہزادی کیٹ کو پسند آئے تھے جس کے بعد انہیں برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کیلئے ڈریس ڈیزائن کرنے کا کہا گیا تھا۔

ماہین نے بتایا کہ مشرقی طرز کا لباس جو شہزادی کیٹ نے آج زیب تن کیا ہے یہ انہوں نے شہزادی کیٹ کی شخصیت اور انکیے دورے کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص طور پر ڈیزائن کیا تھا اور اس کے رنگ کا انتخاب بھی ان کا اپنا تھا جو کہ شہزادی کو بہت پسند آیا۔

ماہین کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان کی شہزادی کیٹ سے ملاقات نہیں ہوئی، البتہ ان کی جانب سے ہدایات اور فیڈ بیک پہنچا دیا جاتا ہے۔

پاکستانی ڈریس ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہزادی کیٹ کے لیے مزید جوڑے بھی بنائے ہیں جو انہیں نہایت پسند آئے، ”اب یہ شاہی عملے اور شہزادی کی ایما پر ہے کے وہ کب دیگر لباس بھی زیب تن کریں۔“

یہ پہلا موقع نہیں کہ شہزادی کیٹ نے پاکستانی ڈیزائنرز کی بنائی ہوئی پراڈکٹس پہنی ہوں، اس سے پہلے شہزادی کیٹ نے پاکستانی فیشن برانڈ ’زین‘ کی ڈیزائن کردہ بالیاں پہنیں تھیں جو بعد میں عوام میں بے حد مقبول ہوئی تھیں اور انکی آن لائن فروخت میں ہوشربا اصافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے