منگل : 15 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]رواں ہفتے بریگزٹ ڈیل کا امکان، یورپی یونین مذاکرات کار[/pullquote]

یورپی یونین کے بریگزٹ کے لیے مقرر خصوصی مذاکرات کار مشیل بارنیئر نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ رواں ہفتے کے دوران بریگزٹ ڈیل طے پا سکتی ہے بشرط يہ کہ سمجھوتے کے لیے مناسب برطانوی حکومتی تجاویز پیش کی جائیں۔ بریگزٹ ڈیل میں فریقین کو اس وقت آئرلینڈ کی پیچیدہ سرحدی صورت حال کا سامنا ہے۔ بارنیئر کے مطابق ضرورت اس امر کی ہے کہ مناسب اور عمدہ توقعات کو قانونی الفاظ کی شکل دے دی جائے تاکہ معاملات آگے بڑھ سکیں۔ مشیل بارنیئر آج منگل کو یونین کے وزراء کے ساتھ ایک میٹنگ میں برطانوی تجاویز کو زیر بحث لائیں گے۔

[pullquote]کاتالونیا میں پرتشدد مظاہرے، ایک سو ستر افراد زخمی[/pullquote]

اسپین ميں سیاسی عدم استحکام کے شکار نیم خودمختار علاقے کاتالونیا میں علیحدگی پسند سیاسی رہنماؤں کو دی جانے والی سزاؤں کے خلاف شديد عوامی ردعمل جاری ہے۔ مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں ایک سو ستر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں چالیس پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا۔ کاتالونیا کے ہوائی اڈے کے حکام نے کم از کم پینتالیس پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس دوران کاتالونیا کی علاقائی حکومت کے سربراہ قوئم تورا (Quim Torra) نے کہا ہے کہ حتمی آزادی تک جد و جہد جاری رکھی جائے گی۔

[pullquote]برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستانی دورہ شروع کر دیا[/pullquote]

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ پير چودہ اکتوبر کی شب راولپنڈی کے نور خان ايئر بيس پر پہنچے۔ شاہی جوڑے کی پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد آمد پر سکيورٹی کے سخت ترين انتظامات کيے گئے ہيں۔ اسلام آباد ميں جس جگہ شاہی جوڑا ٹھہرا ہوا ہے، اس کے آس پاس ايک ہزار پوليس اہلکار تعينات ہيں۔ آج منگل کے دن برطانوی شاہی جوڑے نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز اسلام آباد ميں لڑکيوں کے ايک اسکول کے دورے سے کیا۔ اسکول کے دورے پر شہزادی کیٹ روایتی پاکستانی لباس پہنے ہوئی تھیں۔ شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ پولیس ریاست نہیں بن رہی، کیری ليم[/pullquote]

خصوصی انتظامی اختيارات کے حامل چینی علاقے ہانگ کانگ کی سربراہ کیری ليم نے کہا ہے کہ علاقے کو پولیس ریاست میں تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہانگ کانگ کی پولیس کو پرتشدد مظاہرین کی جانب سے پھینکے جانے والے پتھروں اور پٹرول بموں کا سامنا ہے۔ پولیس کے دفاع میں جاری کیے گئے بیان میں کیری ليم نے پولیس پر مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ کیری ليم کل بدھ سولہ اکتوبر کو سالانہ پالیسی بیان جاری کریں گی۔ وہ یہ پالیسی تقریر ایسے وقت میں کرنے والی ہیں جب ہانگ کانگ کو گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید مظاہروں کا سامنا ہے۔

[pullquote]جاپان میں سمندری طوفان سے ہلاکتیں ساٹھ سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]

جاپان میں انتہائی طاقت ور سمندری طوفان ہاگیبیس کے بعد شمالی اور وسطی علاقوں میں ہونے والی ہلاکتیں چھیاسٹھ تک پہنچ گئی ہیں۔ ان ہلاکتوں کے علاوہ دو سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔ طوفان میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش بھی ابھی جاری ہے۔ ٹوکیو حکومت متاثرہ افراد کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی بجٹ مختص کرنے پر غور کر رہی ہے۔ سمندری طوفان کے ساتھ آنے والی بارشوں سے وسطی اور شمالی جاپان کے قریب دو سو دریاؤں میں طغیانی پیدا ہے۔ ابھی تک چونتیس ہزار مکانات بجلی کے بغير ہیں۔ ایک لاکھ تینتیس ہزار مکانوں کے لیے صاف پانی کی سپلائی بھی منقطع ہے۔ دوسری جانب دارالحکومت ٹوکیو میں کاروباری سرگرمیاں معمول پر آنا شروع ہو گئی ہیں۔

[pullquote]روسی صدر متحدہ عرب امارات کے دورے پر[/pullquote]

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اپنے پہلے دورے پر خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ وہ سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امارتی دورے پر ہیں۔ ابو ظہبی کے ہوائی اڈے پر روسی صدر کا استقبال ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے کیا۔ سعودی عرب کی طرح متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران بھی اہم میٹنگوں اور ملاقاتوں میں پوٹن کی بات چیت میں خام تیل کی پیداوار کو فوقیت حاصل ہو سکتی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین تھائی لینڈ سے تجارتی مذاکرات شروع کرے گی[/pullquote]

یورپی یونین کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کا سلسلہ جلد بحال کر دیا جائے گا۔ یورپی یونین اور تھائی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے کے منقطع مذاکراتی سلسلے کو پھر سے شروع کریں گے۔ یورپی کونسل کے مطابق تھائی لینڈ میں انتخابی عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب تجارتی مذاکرات کے سلسلے کی بحالی مناسب ہو گی۔ ابتداء میں فریقین پارٹنرشپ اور تعاون کے سمجھوتے پر بات چیت شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یورپی یونین کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ بنکاک حکومت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت کب شروع ہو گی۔ تھائی لینڈ میں رواں برس مارچ میں پارلیمانی الیکشن ہوئے تھے۔

[pullquote]نئی دہلی کی فضائی آلودگی: خصوصی ایکشن پلان کا نفاذ[/pullquote]

بھارتی حکومت نے ملکی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان نافذ کر دیا ہے۔ اس پلان کے تحت نئی دہلی کی حدود میں ڈیزل سے چلنے والے ہر قسم کے جنریٹر کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔ نئی دہلی کو موسم سرما میں گہری سموگ یا گرد سے اٹی شدید دھند کا سامنا رہتا ہے۔ نئی دہلی کی حدود میں کاروں کے داخلے کو بھی چار سے پندرہ نومبر کے دوران محدود کیا جا رہا ہے۔ اس پلان کے تحت طاق اور جفت نمبروں والی کاروں کے داخلے میں ایک دن کا وقفہ شامل ہو گا۔

[pullquote]امریکا نے ترکی پر پابندیاں عائد کر ديں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک اقتصادیات کو کمزور کرنے والی پابندیوں کا نفاذ کر دیا ہے۔ ان میں ترکی کے ساتھ ایک سو بلین ڈالر کی تجارتی ڈیل پر بات چیت روکنے کے ساتھ ساتھ اسٹیل کی ترکی سے امریکا امپورٹ پر درآمدی ٹیکس میں پچاس فیصد اضافہ شامل ہيں۔ ساتھ ہی امریکا نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شام میں جاری پیش قدمی کا سلسلہ روکتے ہوئے فائر بندی کرے اور کرد جنگجوؤں سے مذاکرات کرے۔ ٹرمپ نے اپنے نائب صدر مائیک پینس اور قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن کو جلد ہی ترک دارالحکومت روانہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پینس نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ترک ہم منصب سے بھی ٹیلی فون پر بات کی ہے۔

[pullquote]شام میں متعین امریکی فوجی مشرق وسطیٰ روانہ کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے مطابق شام میں متعین تقریباً ایک ہزار امریکی فوجیوں کو شام سے مشرق وسطیٰ کے کسی اور ملک منتقل کر دیا جائے گا۔ جس ملک میں ان امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی جائے گی، اس کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ طے ہے کہ یہ فوجی شام سے نکل جائیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی مجموعی صورت حال کی نگرانی کے لیے ہو گی۔ اس کے علاوہ یہ داعش کی سرگرمیوں پر بھی آنکھ رکھے گی تاکہ يہ تنظيم سن 2014 کی طرح دوبارہ فعال نہ ہو سکے۔ ٹرمپ کے مطابق ایک قلیل تعداد میں امریکی فوجی جنوبی شام میں واقع ایک فوجی اڈے پر تعينات رہيں گے۔

[pullquote]فرانس کا عراق سے مکمل تعاون کا فیصلہ[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ ترکی کی شام میں فوجی کارروائی سے پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں عراق کے ساتھ بھرپور تعاون کيا جائے گا۔ فرانسیسی صدر نے اپنے عراقی ہم منصب برہم صالح کے ساتھ ترک فوج کشی سے پیدا ہونے والی انسانی المیے کی صورت حال پر ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی ہے۔ اسی دوران فرانسیسی صدر نے تازہ حالات کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ٹیلی فون پر بات کی۔ ٹرمپ کے ساتھ گفتگو میں ماکروں نے واضح کیا کہ ایسے ضروری اقدامات بھی اٹھانے ہوں گے کہ دوبارہ سے جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ سرگرم اور متحرک نہ ہو سکے۔ فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق ماکروں نے پیر چودہ اکتوبر کو تیسرا ٹیلی فون رابطہ ترک صدر سے کیا تھا۔

[pullquote]میکسیکو: مسلح افراد کے حملے میں تیرہ پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک میکسیکو کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ منشیات فروشوں کے تیس سے زائد مسلح افراد نے گھات لگا کر گشتی پولیس کے ایک گروپ پر حملہ کر کے کم از کم تیرہ پوليس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ حملہ آور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ ابھی تک ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نعشیں اُس ٹرک میں ہیں جسے حملے میں تقریباً تباہ کر دیا گیا تھا۔ حکام نے اس کی بھی تصدیق کی ہے کہ جوابی کارروائی کے لیے چالیس سے زائد کمانڈوز کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت گیلیا کے خطرناک قصبے کے قریب ہوئی ہے۔ میکسیکو میں پولیس پر یہ حملہ خوفناک ترین قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]تیونس: قیس سعید نسے صدر منتخب[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس کے الیکٹورل کمیشن نے قیس سعید کو صدارتی الیکشن میں کامیاب قرار دے دیا ہے۔ انہیں بہتر فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں۔ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں قیس سعید کو میڈیا شخصیت نبیل کاروئی کا سامنا تھا۔ تیونسی میڈیا کے مطابق سعید کو نوے فیصد تیونسی نوجوانوں نے ووٹ دے کر کامیاب کیا ہے۔ یہ اہم ہے کہ صدارتی الیکشن کے پندرہ ستمبر کو ہونے والے پہلے مرحلے کے مقابلے میں دوسرے راؤنڈ میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب بہت زیادہ رہا ہے۔ نبیل کاروئی انتخابی نتائج کے خلاف ملکی قانون کے مطابق اگلے دو ہفتوں کے دوران اپیل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ رواں برس جولائی ميں صدر بیجی قائد السبسی کی رحلت کے بعد صدارتی الیکشن کرائے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے