انسانوں کے حقیقی مسائل اور فقہی بحثیں

غامدی صاحب پاکستان تشریف لائے، مجھے بھی اُن کے ادارے "المورد” کے دوستوں کی طرف سے مُلاقات کی دعوت دی گئی، چنانچہ بارش میں بھیگتا سیرینا ہوٹل پہنچا۔ غامدی صاحب بتانے لگے کہ یورپ میں مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ حلال کھانا ہے۔ جہاں بھی گیا ہوں لوگ یہی پوچھتے ہیں کہ یہاں گوشت کھا سکتے ہیں؟ یورپ میں بسنے والے مُسلمانوں کی نظر میں سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے۔

ہمارے ہاں جس قدر ایسی چیزوں پر زور دیا جاتا ہے، اُس کا نتیجہ یہی ہونا چاہیے تھا۔

سیکرٹری جنرل اسلامک شریعہ کونسل یُو-کے، ڈاکٹر صُھیب حسن صاحب نے چند سال پہلے بتایا تھا کہ یورپ میں مسلمان خواتین کا بڑا مسئلہ "حلالہ” کا ہے (بظاہر اس مسئلہ کا شکار ایک مجلس میں تین طلاقوں کے قائل حضرات ہیں)۔ اُنھوں نے بی بی سی لندن کی حالیہ رپورٹ سے پہلے ہی بتادیا تھا کہ وہاں حلالہ سنٹر اور "شرعی” خلع دلوانے کے سنٹر بنائے جا رہے ہیں۔

مولانا زاہد الراشدی صاحب ایک بار نمل یونیورسٹی میں تشریف لائے، عربی اور اسلامیات کے شعبہ کے طُلاب کو لیکچر دیتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ جامعات کے علومِ اسلامی کے شعبے نئے مسائل پر تحقیق نہیں کروا رہے۔ بندہ نے عرض کیا کہ مدارسِ دینیہ سے عام طور پر چھپنے والی کتب کا پسندیدہ موضوع "آمین بالجہر کا اثبات”، "بیس رکعات تراویح کی شرعی حیثیت”، "داڑھی منڈوانے والے کی امامت کا مسئلہ”، "فضائلِ صحابہ”، "فضائلِ اہلِ بیت” جیسے مسائل ہوتے ہیں۔

اسلام میں سب سے زیادہ زور ایمان باللہ، اخلاقیات اور انسانوں کے حُسنِ روابط پر دیا گیا ہے۔ آج پوری انسانیت کو بڑے بڑے مسائل درپیش ہیں، آج ملکوں کے مُلک تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے 2015ء میں ہونے والے سترہویں اجلاس سے مسیحی پوپ فرانسس نے خطاب کرتے ہوئے معاصر مسائل کا یُوں تذکرہ کیا:
” طاقت اور دولت جمع کرنے کی بے مہار ہوس کے ہاتھوں قدرتی وسائل کی بُری طرح سے پامالی کمزور طبقات کو مسلسل کونے میں دھکیل رہی ہے ۔ ماحولیاتی بربادی انسانی بقا کے لئے اب ایٹمی ہتھیاروں سے بھی بڑا خطرہ ہے۔

ریاستیں اپنے لوگوں کو چھت، روزگار اور زمین ہی دے دیں تو بڑی بات ہوگی۔ مساوات کا خواب تب تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک عالمی ساہوکار ادارے کرپشن سے پاک پائیدار ترقی میں مدد کرنے کے بجائے قرضوں کے موجودہ استحصالی نظام سے چمٹے رہیں گے۔ ایسا ہوئے بغیر غربت، کمزور طبقات کی لاچاری اور محتاجی کم نہ ہوگی۔”

یہ ہیں آج کے اصلی زندہ مسائل۔ آج کُتبِ فتاویٰ کو اُٹھائیے، مفتی صاحبان سے پوچھیے، وہ انسان کی انفرادی زندگی سے متعلق چند عبادتی مسائل اور بعض معاملات کو ہی بیان کرتے ہیں۔ کیا ہمارا اسلام یہی ہے؟ کیا چند عبادات اور چند معاملات (از قبیل نکاح، طلاق، زکات، میراث) کے ضوابط کا نام ہی اسلام ہے!

کیا عدل و انصاف، انسانی اخلاقیات، معاشرتی ترقی، بہتر نظامِ حکومت، انسانیت کے لیے مفید نظامِ معیشت اور ماحولیاتی تبدیلیوں نیز اِن جیسے معاملات کے متعلق دین رہنمائی نہیں کرتا؟ اگر کرتا ہے تو اِس پر لکھا کیوں نہیں جاتا؟ لکھا گیا ہے تو عمل کیوں نہیں کیا جاتا؟ عمل بھی کیا جاتا ہے تو آج دین کے نام لیوا معاشرے ہی زوال کا شکار کیوں ہیں؟ آج مدارسِ دینیہ کے اساتذہ کیونکر اپنے مہتمم سے مطمئن نہیں؟ آج دینی طُلاب دینی مُعلموں سے کیوں متنفر ہیں؟ آج کیوں لوگ علماء پر، جو وارثِ انبیاء کہلاتے ہیں، اعتماد کرنے کو آمادہ نہیں! خلافت کے نام پر قائم حکومتیں کیوں عدل و انصاف پر مبنی اچھا معاشرہ تشکیل نہ دے سکیں۔ ماضی قریب میں جائیے تو اورنگ زیب عالمگیر جیسے بادشاہ نے فتاویٰ کو مرتب کروا دیا لیکن برصغیر کو کوئی منظم نظامِ تعلیم، نظامِ صحت نہ دے سکا! کب تک ہمارے فقہاء کی توانائیاں معمولی معمولی مسائل میں صرف ہوتی رہیں گی اور بڑے بڑے مسائل انسانیت کو تباہ کر کے رکھ دیں گے۔

آج بھی ہماری ابحاث میں مخلوط تعلیم کی شرعی حیثیت، طہارت کے طریقے، بیویوں کو بقدرِ حاجت مارنے کے جواز، آمین بالجہر کہنے نہ کہنے، رفع یدین کرنے نہ کرنے، تصویر کے جواز و عدمِ جواز، صحابہ کے دشمنوں کے تعین، اہلِ بیت کے دشمنوں کی تشخیص، ماضی کے واقعات کی کھوج، بینک میں کھاتہ کھلونے کا جواز و عدم جواز، داڑھی کی مقدار کے تعین جیسے مسائل نمایاں ہیں۔ آپ کسی مفتی/فقیہ کے پاس جائیے، کسی دینی مدرسہ کا چکر لگائیے، اُن سے آج انسانیت کو درپیش مسائل کا پوچھیے، پھر اندازہ لگانا کہ حضرت کس دنیا کے باسی ہیں۔ وہ آج سے چودہ سو سال پہلے کے زمانے میں رہ رہے ہیں، اُن کی تمام تر اصطلاحات اور پیمانوں کا تعلق ماضی سے ہے، وہ آج بھی چودہ سو سال پہلے کے پیمانے بتائیں گے، وہ آج بھی کوڑے کو بطورِ سزا اور صاع کو بطور پیمانہ تجویز کریں گے۔ ہماری فکری زبوں حالی کا یہیں سے جائزہ لگائیے کہ امام کعبہ کہتے نظر آتے ہیں کہ صحابہ کے دشمنوں سے دوری اختیار کیجیے۔ وہ انسانیت کے دشمنوں سے دوری کا نہیں بولتے، وہ ظلم، دہشت گردی، قتل، فراڈ، دھوکے اور ایسے جرائم کو اپنانے والوں سے دوری کا نہیں کہتے۔ آج بھی ہماری محبت، دشمنی کا معیار مسلکی افکار و عقائد ہیں، اعمال نہیں۔

حضرت مسیح علیہ السلام کے زمانے میں یہودی علماء و فریسیوں (مذہبی سیاست دانوں) کی یہی کیفیت تھی، وہ دین کے نام پر چند ظواہر پر عمل پیرا تھے، تب آپؑ سے نقل کیا گیا ہے کہ فرمایا:

اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسیو تُم پر افسوس! کہ پودِینہ اور سونف اور زِیرہ تو دہ یکی (عُشر کی طرح کی ادائیگی) دیتے ہو پر تُم نے شَرِیعَت کی زیادہ بھاری باتوں یعنی اِنصاف اور رحم اور اِیمان کو چھوڑ دِیا ہے۔ لازِم تھا کہ یہ بھی کرتے اور وہ بھی نہ چھوڑتے (23) اَے اَندھے راہ بتانے والو جو مچھّر کو تو چھانتے ہو اور اُنٹ کو نِگل جاتے ہو (24) اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسیو تُم پر افسوس! کہ پیالے اور رِکابی کو اُوپر سے صاف کرتے ہو مگر وہ اَندر لُوٹ اور ناپرہیزگاری سے بھرے ہیں (25) اَے اَندھے فرِیسی! پہلے پیالے اور رِکابی کو اَندر سے صاف کر تاکہ اُوپر سے بھی صاف ہو جائیں(26) اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسیو تُم پر افسوس! کہ تُم سفیدی پھِری ہُوئی قَبروں کی مانِند ہو جو اُوپر سے تو خُوبصُورت دِکھائی دیتی ہیں۔ مگر اَندر مُردوں کی ہڈیّوں اور ہر طرح کی نجاست سے بھری ہیں (27) (متی کی انجیل: باب 23)

اے فقیہانِ اُمت! کیا آج ہم سب آگاہ نہیں کہ ہم قربانی کی کھالیں نہ دینے والوں کو سخت وعیدیں سُناتے ہیں لیکن خود کُش بمبار کی کُھل کر مذمت نہیں کرتے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت کا دَم بھرا جاتا ہے لیکن سیرت طیبہ پر عمل نہیں کیا جاتا۔ کیا وجہ ہے کہ دار الافتاء میں سبھی سوالوں کے تسلی بخش جوابات دیئے جاتے ہیں لیکن کالعدم ٹی ٹی پی کے سوالات تشنہءِ جواب ہیں۔

آج مسلمانی کی علامت داڑھی، ٹوپی، نماز و روزہ ہیں، امانت و دیانت کیوں نہیں ہیں۔ آج سادہ دل مُسلمانوں کو اہلِ مذہب کی بد اخلاقی کی شکایت عام ہے۔ آج پوری دنیا مذہبی دہشت گردی کا رونا رو رہی ہے۔ آج وطنِ عزیز پاکستان میں "اللہ اکبر” کی صدا کے ساتھ خودکُش بمبار پھٹتا ہے۔ آج لوگ مساجد اور دینی پروگراموں سے ڈرتے ہیں۔ سچ بتائیے آج انسانیت کو درپیش کون سے چیلنجز ہیں اور ہماری ترجیحات کیا ہیں؟ اٹھائیے "بہشتی زیور”، اُٹھائیے "توضیح المسائل”، اُتھائیے "فتاویٰ” اور بتائیے یہی شخصی فقہی احکام ہی اللہ کا دین ہیں؟ یا ہماری ترجیحات میں دین نہیں ہے۔

آخری بات کہ کیا ہم فقہ کے مروجہ تصور کی مدد سے دنیا کی امامت کے منصب سے سبکدوش ہو سکتے ہیں!

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے