جنگ کے بادل چھٹتے نظر آرہے ہیں: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب اور ایران کی قیادتوں سے ملاقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے ،ایران نےکہا کہ ذہنی طور پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، خطے میں جنگ کے بادل چھٹتے نظر آرہے ہیں، بین الاقوامی برادری پاکستانی قیادت سے رابطے کررہی ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’اگر کوئی نہیں مانتا تو یہ میں نہ مانوں والی بات ہے، اس وقت امریکی صدرٹرمپ کسی کی کال کےمنتظر ہوں گےتو وزیر اعظم عمران خان کی ہوگی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایران اورسعودی عرب میں تنازع بڑھتاہےتوخطہ متاثرہوگا، سعودی عرب اور ایران کی قیادتوں سے وزیراعظم کی ملاقاتیں مفید رہیں، رویہ مثبت دکھائی دیا ، ایران نےکہا کہ ذہنی طور پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات بھی حوصلہ افزا تھی۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان دونوں ممالک کےد رمیان سہولت کاری کا کردار ادا کررہا ہے، ایک چیز پر اتفاق ہواکہ ہم سفارتی عمل کوترجیح دیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اےٹی ایف) میں گزشتہ 10سال میں وہ پیشرفت نہیں ہوئی جو اب 10ماہ میں ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا کہ ایران کے رہبر اعلیٰ نے کشمیر کے بارے میں کھل کرکہا کہ جو پاکستان کا مؤقف ہے وہی ایران کا مؤقف ہے ،سعودی عرب نے بھی حوصلہ افزا بات کی، ہم نے دونوں قیادتوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ نے تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے فروری 2020سے ملک بھر میں مرحلہ وار بنیادوں پر لوکل گورنمنٹ انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، نوکریوں کے حوالے سے فواد چوہدری کا بیان میڈیا نے تروڑ مروڑ کر پیش کیا ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے