جمعرات : 17 ،اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین اور برطانیہ نئی بریگزٹ ڈیل پر متفق[/pullquote]

یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین نئی بریگزٹ ڈیل پر اتفاق ہو گیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس پیشرفت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ادھر یورپی یونین کے مذاکرات کار برائے بریگزٹ میشل بیرنر نے بھی اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اکتیس اکتوبر تک برطانوی پارلیمان اس ڈیل کی حتمی منظوری دے دے گی۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے جمعرات کو طے پانے والی نئی بریگزٹ ڈیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ڈیل دراصل ’نو ڈیل‘ سے بہتر ہی ہوتی ہے۔

[pullquote]ترک فوج شام میں کارروائی بند کرے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شمالی شام میں عسکری کارروائی روک دے۔ میرکل نے پارلیمان میں ایک تقریر میں کہا کہ شام میں ترک عسکری کارروائی کی وجہ سے جنگ سے تباہ حال اس ملک میں لوگوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے- میرکل نے شمالی شام میں جاری ترک فوجی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح مشرق وسطیٰ کے علاوہ یورپ میں بھی نئے سکیورٹی چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی میرکل نے کہا کہ ترکی نے تقریبا 3.6 ملین شامی مہاجرین کو پناہ دے کر یورپ کو مہاجرین کے بحران سے نمٹنے میں مدد فراہم کی ہے۔ جرمن چانسلر کے مطابق تنقید کے باوجود وہ یورپ اور ترکی کے مابین ہونے والے مہاجرین کے معاہدے کا دفاع کرتی رہیں گی۔

[pullquote]شمالی شام میں شہریوں کا انخلا ممکن بنایا جائے، کرد حکام[/pullquote]

شمالی شام میں کرد حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ کے شکار راس العین نامی شہر سے شہریوں کے انخلا کو ممکن بنانے کی فوری کوشش کی جائے۔ یہ شہر ترک فورسز اور کرد جنگجوؤں کے مابین جاری لڑائی کے نتیجے میں متاثر ہو رہا ہے۔ اس شہر کے سرحدی علاقوں میں متحارب فورسز مورچہ بند ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس مقام پر ترک فورسز کی عسکری کارروائی نویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کی سربراہی سمٹ آج سے شروع ہو گی[/pullquote]

یورپی یونین کا دو روزہ سربراہی اجلاس آج سے برسلز میں شروع ہو رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یورپی رہنماؤں کی اس اہم میٹنگ میں بریگزٹ پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر کئی اہم معاملات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ یورپی یونین میں توسیع، روزگار کے مواقع اور شام کی خانہ جنگی جیسے مسائل کے علاوہ مہاجرین کے بحران پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

[pullquote]شام میں سیز فائر کی کوشش، پومپیو ترکی میں[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو آج انقرہ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پومپیو کی کوشش ہو گی کہ وہ شام کے شمالی حصے میں فائر بندی کی خاطر ترکی کو رضا مند کر لیں۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج انقرہ میں ترک صدر سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں ترک افواج کی کارروائی پر غیر جانبدارنہ رویہ اختیار کر لیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ترکی نے سیز فائر نہ کی تو انقرہ پر مزید پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ دوسری طرف ترکی بضد ہے کہ وہ شامی کرد جنگجوؤں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔ ترکی ان جنگجوؤں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

[pullquote]ترکی کو جرمن اسلحے کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ[/pullquote]

جرمنی کی طرف سے ترکی کو فروخت کیے جانے والے اسلحے کی مالیت میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ سن 2019 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ترکی کو روانہ کیے گئے جرمن اسلحے کی مالیت 250 ملین یورو کے برابر رہی۔ یہ مالیت سن دو ہزار پانچ کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ یوں گزشتہ چودہ برسوں کے بعد پہلی مرتبہ کسی ایک سال میں ترکی کو سب سے زیادہ اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ شمالی شام میں ترک افواج کی کارروائیوں کی وجہ سے برلن حکومت نے ترکی کو فروخت کیے جانے والے اسلحے کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]کوبانی میں لڑائی، شامی فورسز کی اہم کامیابی[/pullquote]

شامی فوج کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے بدھ کی رات کو کوبانی شہر کے مضافات تک پہنچ گئی۔ شامی صدر بشار الاسد کی حامی افواج کی اس کامیابی کو شمالی شام میں جاری لڑائی میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کوبانی پر شامی فورسز کے قبضے کی صورت میں وہاں ترک فوجیوں کی کارروائی میں رخنہ پڑے گا۔ ترک افواج نے حالیہ ہفتوں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کوبانی کے کچھ مغربی اور مشرقی علاقوں پر کنٹرول حاصل کیا تھا۔ ترکی ان علاقوں میں کرد جنگجوؤں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔

[pullquote]فلپائن میں زلزلہ، ہلاک شدگان کی تعداد پانچ ہو گئی[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصے میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ بدھ کی رات آنے والی اس قدرتی آفت کی وجہ سے درجنوں افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 نوٹ کی گئی۔ فلپائن میں گزشتہ رات خوف طاری رہا جبکہ لوگوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ مقامی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو اور امداد کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں چھتیس مشتبہ جنگجو گرفتار[/pullquote]

انڈونیشیا کی پولیس نے چھتیس مشتبہ جنگجوؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ گرفتاریاں آٹھ مختلف صوبوں میں کی گئیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب نئے صدر کی تقرری کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ اس تقریب میں متعدد ایشیائی رہنما بھی شریک ہوں گے۔ اپریل میں منعقد کیے گئے صدارتی الیکشن میں صدر جوکو ویدودو نے دوسری مدت کے لیے کامیابی حاصل کی تھی۔

[pullquote]نیپال میں ہاتھ کے حملے میں ایک شخص ہلاک[/pullquote]

نیپال میں ایک جنگلی ہاتھی نے حملہ کرتے ہوئے ایک پینسٹھ سالہ شخص کو ہلاک کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کو ملک کے مغربی علاقے میں واقع نیشنل پارک کے نزدیک رونما ہوا۔ جولائی میں بھی اس علاقے میں ایک ہاتھی کے حملے میں ایک باسٹھ سالہ شخص مارا گیا تھا۔ نیپال میں حالیہ عرصے کے دوران جنگلی جانوروں اور انسانوں کے مابین ٹکراؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کی ان جانوروں کے لیے قدرتی ماحول کی خرابی کو قرار دیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے