جمعہ : 18 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی اور کرد فورسز سیز فائر پر متفق[/pullquote]

ترکی اور کرد فورسز امریکی ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں شام میں سیز فائر پر متفق ہو گئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان، امریکی نائب صدر مائیک پینس اور کرد فورس ایس ڈی ایف کے کمانڈر نے گزشتہ روز ایک ملاقات میں شام میں پانچ روزہ سیز فائر پر رضامندی ظاہر کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیشرفت کو اہم قرار دیا ہے جبکہ نائب صدر مائیک پینس کے مطابق اس سے شام میں جاری خونریزی روکنے میں مدد ملے گی۔ ادھر یورپی رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ ترکی شام میں اپنی کارروائی روک دے اور اپنی افواج کو واپس بلا لے۔

[pullquote]شام میں سیز فائر کے باوجود شیلنگ کی اطلاعات[/pullquote]

شام کے شمالی حصے میں ترکی اور کرد فورسز کے مابین سیز فائر کے باوجود کچھ علاقوں میں شیلنگ اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آج جمعے کے دن بھی راس العین کے گردونواح میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ ترکی نے شام میں پانچ دن کے لیے عسکری کارروائی روکنے کا اعلان کیا تھا تاکہ شمالی علاقوں میں کرد فورسز کے جنگجو وہاں سے نکل سکیں۔

[pullquote]بریگزٹ کی نئی ڈیل، جانسن کے لیے ایک نیا امتحان[/pullquote]

یورپی یونین کے رہنماؤں نے برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ کی نئی ڈیل کو متقفہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو اس ڈیل کی حتمی منظوری کی خاطر اسے ملکی پارلیمان سے منظور کرانا ہو گا۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کی نئی حتمی تاریخ اکتیس اکتوبر ہے اور جانسن کو اس سے قبل ہی اس نئی ڈیل کو پارلیمان سے منظور کرانا ہو گا۔ دوسری صورت میں امکان ہے کہ برطانیہ بغیر کسی ڈیل کے ہی یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ چھ سو پچاس نشستوں والی برطانوی پارلیمان میں جانسن کو اکثریت حاصل نہیں ہے اور انہیں اس مقصد کی خاطر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہو گا۔

[pullquote]یورپی مصنوعات پر امریکی ٹیکس، یورپی رہنما کا شدید ردعمل[/pullquote]

امریکا نے یورپی مصنوعات پر سات اعشاریہ پانچ بلین ڈالر کے نئے محصولات عائد کر دیے ہیں۔ یوں اب امریکا میں پنیر، وائن، زیتون اور دیگر کئی یورپی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ اس امریکی اقدام سے یورپی کمپنیوں کو بھی نقصان ہو گا۔ امریکی صدر کے اس اعلان سے قبل ہی فرانسیسی وزیر اقتصادیات نے خبردار کر دیا تھا کہ ایئر بس تنازعہ پر اگر امریکا نے نئے ٹیکسوں کا نفاذ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ خدشہ ہے کہ اس پیش رفت سے امریکا اور یورپی یونین کے مابین اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ سیاسی تعلقات بھی خراب ہو جائیں گے۔

[pullquote]جنگ زدہ افغانستان میں شہری ہلاکتیں بڑھتی ہوئیں[/pullquote]

افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق جب سے افغانستان میں شہری ہلاکتوں کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا گیا ہے، رواں برس جولائی میں سب سے زیادہ شہری ہلاکتیں ہوئیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ زیادہ شہری ہلاکتیں باغیوں کے حملوں کے نتیجے میں ہو رہی ہیں۔ اس سال کے پہلے نو ماہ کے دوران افغانستان میں دو ہزار پانچ سو تریسٹھ شہری ہلاک جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ افغانستان میں گزشتہ اٹھارہ برسوں سے جاری جنگ کی روک تھام کے لیے عالمی کوششوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]چین کی اقتصادی ترقی کی شرح میں کمی[/pullquote]

چین کی اقتصادی نمو میں معمولی کمی نوٹ کی گئی ہے۔ جمعے کو جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں چینی اقتصادی ترقی میں صرف چھ فیصد کی نمو دیکھی گئی، جو تین عشروں کے بعد کسی سہ ماہی کی کم ترین شرح نمو ہے۔ دوسری سہ ماہی میں یہی ترقی 6.2 فیصد تھی۔ چینی حکام نے کہا ہے کہ یہ صورتحال پریشان کن یا حیرت کا باعث نہیں ہے۔ چینی اقتصادیات میں اس گراوٹ کی وجہ داخلی سطح پر طلب کی شرح میں کمی اور امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کو قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں ویک اینڈ مظاہروں کی تیاریاں شروع[/pullquote]

ہانگ کانگ میں حکومت مخالف ہفتہ وار مظاہروں کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ مظاہرین نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ اتوار کے دن ’جمہوری مارچ‘ بھی کیا جائے گا۔ چین کے اس نیم خود مختار علاقے کی سربراہ کیری لام نے دو ہفتے قبل مظاہرین کے ماسک پہننے پر پابندی عائد کی تھی تاکہ مظاہروں پر قابو پایا جا سکے لیکن اس کے نتیجے میں احتجاج میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ توقع ہے کہ جمعے کی شب سینکڑوں لوگ شہر کے میٹرو اسٹیشن پر جمع ہوں گے اور ایک دوسرے کے ہاتھ پکڑ کر انسانی زنجیر بنائیں گے۔ یہ مظاہرین کیری لام کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]ویت نام میں بارش سے تباہی، تین افراد مارے گئے[/pullquote]

ویت نام میں گزشتہ کئی روز سے بارش کے شدید سلسلے کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے جمعے کو بتایا کہ ویت نام کے وسطی حصے میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر پانچ بچے زخمی بھی ہوئے۔ سیلاب کی وجہ سے چھ سو مکانات تباہ ہو چکے ہیں جبکہ فارموں میں تئیس ہزار سے زائد جانور مارے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ جمعے کی شب سے بارش میں کمی ہو جائے گی لیکن ہنگامی صورتحال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے