شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور اُن کے رفقا کے چہلم کے موقع پر آج ملک بھر میں شبیہ عَلم و ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جائیں گے۔

ملک بھر میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

چہلم کے موقع پر سخت سیکیورٹی کے تحت دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جب کہ مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھی گئی ہے۔

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے5313 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور خود تمام ڈی آئی جیز سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنائیں کیونکہ سیکیورٹی اقدامات پر کوئی بھی لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مرکزی جلوس کے روٹس کے متبادل راستوں سے متعلق شہریوں کوآگاہ کیا جائے۔

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس علمدار روڈ اور دوسرا جلوس ہزارہ ٹاؤن میں نکالا جائے گا تاہم جلوس کےراستے عام آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔

ملتان میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر 9 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جب کہ مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ جوادیہ النگ کے علاقہ سے برآمد ہو گا، اس کی سیکیورٹی پر 1620 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوگا۔

اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی شہدائے کربلا اور اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر جلوس نکالے جارہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے