ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ:پاک فوج کا جوان اور 3 شہری شہید

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور تین شہری شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر جورا،شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں سیزفائر کی خلاف ورزیاں کیں اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان لانس نائیک زاہد اور تین شہری شہید ہوگئے جب کہ دو سپاہیوں سمیت 5 شہری زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک، کئی زخمی اور دو بھارتی بنکرز تباہ بھی ہوئے ۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت مبینہ کیمپوں کونشانہ بنانےکی آڑ میں معصوم شہریوں کونشانہ بنا رہاہے لیکن بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کاہمیشہ منہ توڑ جواب ملےگا۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں کو اپنی جوانوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بھارتی فوج سفید جھنڈے لہرا رہے ہیں جس کے بارے میں انہیں سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے اور فوجی اقدار کا احترام کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ایل اوسی پرمعصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھےگی اور ایل اوسی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین، ملکی، غیر ملکی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی ہے جب کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں یہ آزادی نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے