حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں داخل ہونے کی ویڈیو پر تنازع

اسلام آباد: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی دفتر خارجہ کے میٹنگ روم میں بنائی گئی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا۔

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ دفتر خارجہ کی عمارت میں داخل ہوکر میٹنگ روم میں آزادانہ گھومتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ حریم شاہ نے دفتر خارجہ میں لی گئی اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں لکھا ہے ’’وزیر اعظم حریم شاہ۔‘‘

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ لوگ طنز کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کیا ہم بھی وزیراعظم ہاؤس جاکر وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ سکتے ہیں۔

جب کہ بہت سے لوگ عمارت کی سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ ویڈیو ہم سب کے منہ پر طمانچہ ہے جو تبدیلی کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔ بہت ہی شرمناک بات ہے۔ ہم کسی قسم کی تحقیقات قبول نہیں کریں گے۔

دوسری جانب حریم شاہ نے خود پر تنقید کرنے والے افراد کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری اس ویڈیو کو لے کر بہت سی چہ مگوئیاں ہورہی ہیں سب اپنی اپنی زبانوں کو لگام دیں۔ میری اپنی زندگی ہے میں جیسے چاہوں اسے گزاروں آپ لوگوں کو کوئی حق نہیں میری ذاتی زندگی پر تنقید کرنے کا۔

ایک اور ٹوئٹ میں حریم شاہ نے کہا وزیراعظم ہاؤس میں ویڈیو بنالینے سے کوئی آفت نہیں آئے گی جو سب لوگ بے جا تنقید کررہے ہیں میں نے کسی کو روکا نہیں کہ آپ نہ بنائیں ویڈیو آپ بھی جاکر بنالیں میں آپ کو روکوں گی نہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں حریم شاہ نے لکھا میں وزیراعظم عمران خان کی دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے عزت بخشی اور جو لوگ جل رہے ہیں مجھ سے ان کو میں جلاؤں گی، ان کو تکلیف پہنچے گی میں پہنچاؤں گی خاص کر اس فرحان نامی شخص کو۔

واضح رہے کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ کی عمارت میں موجودگی پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

[pullquote]حریم شاہ اور اُن کے بڑے بڑے خواب[/pullquote]

حریم شاہ پنجاب کے ایک چھوٹے سے قصبے کی رہائشی تھیں، انکی ماں نے بڑی مشکل سے اُنہیں پال پوس کر بڑا کیا کیوں کہ وہ بڑا نہیں بہت بڑا ہونا چاہتی تھیں، اُنکے بڑے بڑے خواب تھے، بچپن سے ہی انہیں وزیر اعظم بننے کا شوق تھا، مگر بدقسمتی سے بی بی شہید کے بعد کوئی عورت یہ رتبہ حاصل نا کر سکی۔

اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وہ بڑے شہر کے امیر ترین شخص کے پاس چلی آئیں جس نے انکی صلاحیتوں کو مزید جلا بخشنے کیلئے وزیروں کی یاترا کروائی اور کُچھ مہینے ٹک ٹاک یونیورسٹی میں خصوصی کورس کروائے،
عملی امتحان کیلئے محترمہ پی ایم ہاؤس آئیں ، ویوا ہوا جس میں سب سے زیادہ نمبر لینے پر وزارت عظمیٰ کی کرسی انکے ہاتھ تھما دی گئی۔ کرسی پر بیٹھ کر وہ اپنے محسن عمران خان کو نہیں بھولی اور پہلی فرصت میں اُنکا شکریہ ادا کرنے گئیں۔

تو دوستوں، کوشش سے کچھ بھی ممکن ہے، اپنے خوابوں پر سمجھوتہ کبھی نا کرو۔
کسی وزیر سے تعلقات ہوں تو کوئی بھی خواب حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے
کیونکہ جہاں خواب وہاں وزیر۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے