کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے بھارتی اداکار سنی دیول بھی پاکستان سے ملنے والی محبت کے گن گانے لگے۔
سکھ مذہب کے بانی بابا گروونانک کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا تھا اور اس موقع پر بھارت سے آنے والے مہمانوں میں اداکار سنی دیول بھی شامل تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سے واپسی پر سنی دیول نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑی تقریب تھی جہاں مجھے بے حد پیار ملا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امن کی شروعات ہے، مجھے امید ہے کہ تمام تر معاملات پہلے کی طرح ہوجائیں گے۔
بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں نے بے حد محبت کا اظہار کیا، یہ ایک بہت بڑا اقدام ہے اور مجھے امید ہے کہ چیزیں اسی طرح جاری رہیں گی، لڑائی کا کیا فائدہ، صرف پیار ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
9 نومبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کی دعوت پر کانگریس رہنما اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی شرکت کی تھی۔