اتوار:17 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بابری مسجد کيس میں فيصلے کے خلاف اپيل کريں گے، مسلم گروپ[/pullquote]

بھارت ميں ايک مسلم گروپ نے ايودھيا ميں بابری مسجد کی زمين ہندوؤں کو ديے جانے سے متعلق حاليہ فيصلے کے خلاف ملکی سپريم کورٹ ميں اپيل دائر کرنے کا اعلان کيا ہے۔ دانشوروں اور مختلف تنظيموں کے گروپ ’آل انڈيا مسلم پرسنل لاء بورڈ‘ کے ايک رکن سيد قاسم الياس نے اتوار کو ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فيصلے ميں واضح خامياں ہيں۔ اس سلسلے ميں مرکزی مسلم فريق سنی وقف بورڈ نے عدالت کا فيصلہ تسليم کرتے ہوئے اسے چيلنج نہ کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔

[pullquote]ايرانی سپريم ليڈر کی تقرير، ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے کا دفاع[/pullquote]

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے ملک ميں ايندھن کی قيمتوں ميں حاليہ اضافے اور صارفين کے ليے ايندھن کی خريداری کی ماہانہ حد مقرر کيے جانے کا دفاع کيا ہے۔ اتوار کو ٹيلی وژن سے نشر کردہ اپنی ایک تقرير ميں انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں نے ماہرين سے مشاورت کے بعد يہ اقدامات کیے ہيں اور ان پر عمل درآمد لازمی ہے۔ ايران ميں جمعے کی شب ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے کے اعلان کے بعد سے پر تشدد مظاہرے جاری ہيں، جن ميں اب تک ايک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہيں۔ خامنہ ای نے کہا کہ کچھ لوگ يقيناً حکومتی فيصلوں سے خوش نہيں تاہم سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا بھی درست نہيں ہے۔

[pullquote]حکومت سازی کے ليے عرب قانون سازوں کی حمايت خطرناک ہے، نيتن ياہو[/pullquote]

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے خبردار کيا ہے کہ اگر ان کے سياسی حريف بينی گينٹس نے عرب قانون سازوں کی حمايت سے حکومت قائم کی، تو يہ ممکنہ پيش رفت ملکی سلامتی کے ليے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ نيتن ياہو نے سوشل ميڈيا پر اتوار کو جاری کردہ ايک ويڈيو ميں يہ تنبيہ کی۔ اسرائيلی ميں ستمبر میں ہوئے انتخابات کے بعد سے مختلف سياسی جماعتيں حکومت سازی کی کوششوں ميں ہيں تاہم اب تک کوئی بھی سیاسی اتحاد مطلوبہ حمایت حاصل نہيں کر سکا۔ مرکزی اميدوار نيتن ياہو اور گینٹس دونوں ہی مطلوبہ اکثريت حاصل کرنے ميں ناکام رہے اور ديگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں ميں ہيں۔

[pullquote]امريکا اور جنوبی کوريا کی مشترکہ جنگی مشقيں ملتوی[/pullquote]

امريکا اور جنوبی کوريا نے اپنی سالانہ مشترکہ جنگی مشقيں ملتوی کر دی ہيں۔ ’کمبائنڈ فلائنگ ٹريننگ ايونٹ‘ نامی ان مشقوں کو شمالی کوريا کے ساتھ جاری امن عمل کو آگے بڑھانے کی نیت سے ملتوی کيا گيا ہے۔ امريکی وزير دفاع مارک ايسپر نے تھائی لينڈ کے دارالحکومت بنکاک میں اس بارے ميں جاری کردہ اپنے ایک بيان ميں واضح کيا کہ يہ فیصلہ پيونگ يانگ کے ليے کوئی رعايت نہيں ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ مشقيں ملتوی کيے جانے کے باوجود جنوبی کوريا اور امريکا کی افواج چوکنا رہيں گی۔ شمالی کوريا کی طرف سے فی الحال اس فیصلے پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی پولی ٹيکنک يونيورسٹی ’ميدان جنگ‘ بن گئی[/pullquote]

ہانگ کانگ کی پولی ٹيکنک يونيورسٹی ميں ہفتے اور اتوار کی درميانی شب شروع ہونے والی شديد جھڑپيں آج سہ پہر تک جاری رہیں۔ پوليس نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے آنسو گيس استعمال کی جبکہ مظاہرين سکیورٹی اہلکاروں پر پٹرول بم پھينکتے رہے۔ يونيورسٹی کے باہر پوليس کی بھاری نفری تعينات ہے۔ ہانگ کانگ ميں طلبہ نے پچھلے ايک ہفتے سے کئی يونيورسٹيوں ميں احتجاج جاری رکھا ہوا تھا تاہم پولی ٹيکنک يونيورسٹی ميں يہ احتجاج اب تک جاری ہے۔ مظاہرين نے شہر کی ايک مرکزی ٹریفک ٹنل کا راستہ بھی روکا ہوا ہے۔ دريں اثناء اپوزيشن کے قانون سازوں نے امن و امان قائم کرنے کے ليے چينی فوج کی ہانگ کانگ ميں موجودگی پر شدید تنقيد کی ہے۔

[pullquote]ارامکو کا ڈيڑھ فيصد حصہ عنقريب رياض اسٹاک ايکسچينج میں برائے فروخت[/pullquote]

سعودی ارامکو کا ڈيڑھ فيصد حصہ عنقریب رياض اسٹاک ايکسچينج میں فروخت کے ليے پيش کر ديا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے اس بارے ميں ایک اعلان آج اتوار کو کيا گيا۔ ارامکو کے مطابق شروع ميں شيئرز کی قيمت تيس سے بتيس سعودی ريال کے درميان ہو گی، جو آٹھ سے ساڑھے آٹھ امریکی ڈالر فی شيئر بنتی ہے۔ اگر بازار حصص ميں ارامکو کے ڈيڑھ فيصد شيئرز تيس ريال فی شيئر کی قيمت پر بکے، تو اس سے نوے بلين سعودی ريال جمع ہو سکتے ہيں۔ سعودی قيادت نے دنيا کی اس سب سے منافع بخش تیل کمپنی کے شيئرز کی بازار حصص ميں تجارت کا فيصلہ معاشی اصلاحات کے تسلسل اور تيل کی فروخت پر اپنا انحصار کم کرنے کے مقصد کے تحت کيا تھا۔

[pullquote]سنکیانگ میں مسلمانوں کے حوالے سے خفيہ چینی دستاويزات ليک ہو گئیں[/pullquote]

چينی صوبے سنکيانگ ميں ايغور اور دیگر نسلوں کی مسلم اقلیتوں کے حوالے سے چينی حکومت کی خفيہ دستاويزات سامنے آئی ہيں۔ یہ انکشاف امريکی اخبار نيو يارک ٹائمز نے کيا۔ ان دستاويزات کے مطابق سن 2014 ميں اکتيس افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے ايغور شدت پسندوں کے ایک حملے کے بعد صدر شی جن پنگ نے خفيہ تقارير ميں سرکاری اہلکاروں کو ہدايات دی تھيں کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائيوں ميں وہ کوئی رحم نہ کھائیں۔ ان دستاويزات کے مطابق ديگر ملکوں ميں دہشت گردانہ حملوں اور افغانستان سے امريکی افواج کے انخلاء سے چينی حکومت کا خوف بڑھ گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق ايک ملين سے زائد ايغور مسلمانوں کو حراستی مراکز ميں رکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]اميروں کا لالچ غريبوں کی مصيبتوں ميں اضافے کا سبب: پوپ فرانسس[/pullquote]

پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ چند امير لوگوں کا لالچ لاکھوں غريبوں کی مصيبتوں ميں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ پاپائے روم نے ويٹيکن سٹی ميں آج اتوار کو منعقدہ ہفتہ وار دعائيہ تقريب دنيا بھر ميں غريبوں سے متعلق آگہی پھيلانے کے لیے صرف کی۔ ان کے بقول يہ بات باعث تشویش ہے کہ لوگوں کو اس کی پرواہ نہيں کہ آمدنیوں ميں فرق بڑھ رہا ہے اور کچھ لوگوں کا لالچ دوسروں کی غربت ميں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ کيتھولک مسيحيوں کے روحانی پيشوا نے حسب روايت اس دعائیہ تقریب کے اختتام پر ڈيڑھ ہزار کے قریب مستحق انسانوں کو ويٹيکن ميں اپنے ساتھ کھانا بھی کھلايا۔

[pullquote]سری لنکا میں صدارتی الیکشن گوٹابايا راجا پاکسے نے جیت لیا[/pullquote]

سری لنکن اليکشن کميشن نے گوٹابايا راجا پاکسے کو صدارتی انتخابات کا فاتح قرار دے ديا ہے۔ راجا پاکسے کو 52.25 فيصد ووٹ ملے جب کہ ان کے قریب ترین حريف اور حکمران جماعت کے اميدوار ساجتھ پريماداسا کو 41.99 فيصد عوامی تائيد حاصل ہوئی۔ سری لنکا ميں کل ہفتے کو صدارتی اليکشن کا انعقاد ہوا تھا۔ پريماداسا نے غير حتمی سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد ہی راجا پاکسے کے ہاتھوں اپنی شکست تسليم کرتے ہوئے کہہ ديا تھا کہ وہ عوام کا فيصلہ تسليم کرتے ہیں۔ گوٹابايا راجاپاکسے سری لنکا ميں تامل باغيوں کے خلاف فیصلہ کن عسکری کارروائیوں کے دور ميں ملکی وزارت دفاع کے سیکرٹری تھے۔

[pullquote]بنگلہ ديش میں گيس پائن لائن دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی[/pullquote]

بنگلہ ديش کے جنوب مشرقی حصے ميں گيس کی ايک پائپ لائن پھٹنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور پچيس ديگر زخمی ہو گئے۔ مقامی پوليس کے سربراہ محمد محسن نے بتايا کہ پائپ لائن ميں دھماکا چٹاگانگ ضلع کے پتھرگھاٹا نامی علاقے ميں ہوا۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ يہ دھماکا کيوں ہوا۔ اتوار کی سہ پہر تک آگ بجھانے والے محکمے کے کارکن امدادی سرگرميوں ميں مصروف تھے۔

[pullquote]دبئی ايئر شو میں نت نئے طياروں کی نمائش جاری[/pullquote]

آج اتوار سے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی ميں ہر دو سال بعد منعقد ہونے والا ايئر شو شروع ہو گيا۔ اس ايئر شو ميں دنيا بھر سے کمپنياں اور عسکری نمائندے شرکت کرتے ہيں۔ دبئی ايئر شو آئندہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ آج اس شو کے افتتاح کے موقع پر يورپی طيارہ ساز کمپنی ايئر بس کے حمايت يافتہ ايک ريسنگ ٹورنامنٹ ’ايئر ريس ای‘ نے بجلی سے چلنے والا ايک اسپورٹس طيارہ بھی متعارف کرايا۔ ’وائٹ لائٹننگ‘ اپنی طرز کا اولين طيارہ ہے اور اسے برطانوی کمپنی کونڈور ايوی ايشن تيار کرے گی۔ ’ايئر ريس ای‘ کے زير انتظام ہوا ميں طياروں کی پہلی باقاعدہ ريسنگ آئندہ برس منعقد ہو گی۔

[pullquote]جرمنی نے فٹبال کی آئندہ يورو چيمپئن شپ کے ليے کواليفائی کر ليا[/pullquote]

جرمنی، ہالينڈ، آسٹريا اور کروشيا کی قومی فٹ بال ٹيموں نے آئندہ برس ہونے والی يورپی فٹبال چيمپئن شپ کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ ہفتے کی شب کھيلے گئے کواليفائنگ مرحلے کے مقابلوں ميں جرمنی نے بيلاروس کو چار صفر سے اور کروشيا نے سلوواکيہ کو تين ايک سے شکست دے دی۔ آسٹريا نے شمالی مقدونيہ کے خلاف اپنا ميچ ایک کے مقابلے ميں دو گول سے جيتا۔ ہالينڈ اور شمالی آئرلينڈ کی ٹيموں کے درميان ميچ ميں کوئی گول نہ ہو سکا تاہم زيادہ پوائنٹس کے نتيجے ميں ہالينڈ نے بھی يورو 2020 کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ يہ ٹورنامنٹ آئندہ برس جون اور جولائی ميں کھيلا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے