چینی شہر چانگشا میں 3 سالہ بچی نے کھیلنے والی چھوٹی مقناطیسی گیندیں نگل لیں جس کے باعث بچی کی حالت بگڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 3 سالہ بچی کو اچانک پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث چانگشا کے ہنان چلڈرنز اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز بچی کا معائنہ کرنے کے بعد حیران رہ گئے۔
ڈاکٹر نے انکشاف کیا کہ 3 سالہ بچی کے پیٹ میں 37 مقناطیسی گیندیں موجود تھیں جو کہ اسکین میں ایک ساتھ جُڑے ہوئے ایک بریسلیٹ کی طرح نظر آرہی تھیں اور ان مقناطیسی گیندوں نے بچی کے معدے میں 5 سوراخ کردیے تھے۔
ڈاکٹر نے کہا کہ بچی کے معدے کے اسکین کے بعد معلوم ہوا کہ یہ مقناطیسی گیندیں جنہیں ’بکی بالز‘ بھی کہا جاتا ہے یہ قوتِ کشش کی وجہ سے آپس میں جُڑ گئیں تھیں اور دِکھنے میں ایک بریسلیٹ نما لگ رہی تھیں۔
ڈاکٹرز نے 3 سالہ بچی کے معدے سے فوری طور پر 37 مقناطیسی گیندیں نکالیں جس کے بعد اس کی ایک اور سرجری کر کے معدے کے سوراخوں کو ٹھیک کیا گیا۔
بچی کے والدین نے بتایا کہ یہ بکی بالز ان کے 12 سالہ بڑے بھائی کی تھیں جس سے وہ کھیلا کرتے تھے وار ان کی غیر موجودگی میں 3 سالہ بچی نے انہیں نگل لیا ہوگا۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ مقناطیسی گیندیں بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے چاہیں کیونکہ یہ 10 انچ کے فاصلے سے دوسری مقناطیسی گیندوں کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ بچی کے معدے میں متعدد سوراخ ہوئے کیونکہ یہ ساری گیندیں ایک دوسرےکو آپس میں کھینچ رہی تھیں اور اس وجہ سے بچی کا معدہ متاثر ہوگیا۔