معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے 5 پاکستانی بینکوں کا آؤٹ لُک (مستقبل کا منظر نامہ) منفی سے مستحکم کردیا۔
موڈیز کی جانب سے جن بینکوں کا آؤٹ لُک منفی سے مستحکم کیا گیا ہے ان میں نیشنل بینک آف پاکستان سمیت دیگر 4 بینک (حبیب بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لیمٹڈ) شامل ہیں۔
موڈیز کے مطابق پاکستانی بینکوں نے حکومتی سیکیورٹیز میں بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جس کے باعث بینکس کی ریٹنگز حکومت کے ساتھ منسلک ہوگئی ہے اور حکومتی آؤٹ لُک میں بہتری بینکوں کی بہتری کا بھی باعث بن رہی ہے۔
اس سے قبل موڈیز نےادائیگیوں کا توازن مزید بہترہونے پر گزشتہ دنوں پاکستان کا معاشی آوٹ لُک بھی منفی سے مستحکم کرتے ہوئے ریٹنگ "بی تھری” برقرار رکھی تھی۔
موڈیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی ہے تاہم مستقبل کا منظر نامہ اب منفی نہیں بلکہ مثبت ہوگیا ہے۔
موڈیز کے مطابق اگرچہ زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی کم ہیں اور انہیں بہتر ہونے میں وقت لگے گا مگر پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی۔