سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد25 ہوگئی جن میں 20 بھارتی فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کے روز لائن آف کنٹرول کے قریب برفانی تودے تلے دبنے والے 5 فوجیوں کو دن بھر کی محنت کے بعد زندہ نکال لیا گیا تھا تاہم وہ شدید زخمی تھے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ فوجی لائن آف کنٹرول پر اپنی چوکی کی جانب جارہے تھے جب ان پر برف کا تودہ گر گیا تاہم زندہ نکالے جانے کے باوجود خراب موسم کی وجہ سے انہیں فوری طور پر 140 کلو میٹر دور سری نگر میں واقع ہسپتال تک نہیں پہنچایا جاسکا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: برفانی تودہ گرنے سے مزید 10بھارتی فوجی ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کے دو کیمپس اور ایک پٹرولنگ یونٹ پر برفانی تودے گرگئے تھے اور اس کے نتیجے میں 15 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں کی لاشیں نکالنے میں دو دن لگے تھے جبکہ تودہ گرنے کے ایک اور واقعے میں 5 عام شہری بھی ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ کشمیر میں ان دنوں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔
کشمیر میں موسم سرما کے دوران برفباری کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے برفانی تودوں کے گرنے کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں 2012 میں برفانی تودہ گرنے سے 140 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ہلاک شدگان میں پاکستانی فوجی بھی شامل تھے۔