ہم ٹی وی کی ڈرامہ سیریل ’بیلاپور کی ڈائن‘ جیسے کہ نام سے ظاہر ہے کہ ایک ڈراؤنی ڈرامہ سیریل ہے۔ لیکن اس بظاہر ڈراؤنی کہانی کے پیچھے ناانصافی، دکھ اور بدلے کی ایک داستان ہے۔
اس پرسرار اور تجسس سے بھرپور ڈرامے کا مرکزی کردار ایک بھوتنی ہے جو اس گھر کو اپنی آماجگاہ بنا چکی ہے جہاں وہ کئی دہائیاں قبل غلطی سے قتل کردی گئی تھی۔ڈرامے کی کہانی کچھ اس طرح ہے کہ جب عزیز احمد ایک طویل قانونی جنگ کے بعد اپنے سوتیلے بھائی رحمت سے اپنے آبائی مکان کی ملکیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اپنے خاندان جس میں ان کی بیوی، بیٹی، بیٹا، بہو، پوتا، پوتی اور ایک خاندانی ملازم شامل ہے کو لے کر شہر کے ایک فلیٹ سے وسیع ترین کرامت ہاؤس میں منتقل ہوجاتے ہیں۔
منتقلی کے کچھ ہی دن بعد پورا خاندان انتہائی پراسرا قسم کی پریشانیوں کا شکار ہونے لگتا ہے خاص طر پر عزیز احمد کی پوتی اور پوتا۔ ان ہی واقعات کے دوران عزیز احمد کے بیٹے رمیز کو احساس ہوتا ہے کہ یہ پراسرار قوت ان کو نقصان نہیں پہچانا چاہتی بلکہ کچھ پیغام دینا یا کچھ بتانا چاہتی ہے۔اس ہی اس راز کو جاننے کے دوران رمیز کو اپنے باپ کے بارے میں ایک ایسے سچ کا پتا چلتا ہے جو اس کو اندر سے ہلا کر رکھ دیتا ہے۔
بیلاپور کی ڈائن ایم ڈی پروڈکشن کی پیشکش ہے جس کو انعام حسن نے تحریر کیا ہے اور جس کی ہدایات سیفی حسن نے دی ہیں۔ سیریل کے اہم اداکاروں میں شکیل یوسف، ساجدہ سید، عرفان کھوسٹ، عدنان صدیقی، سارہ خان، امر خان، اسامہ طاہر، ریان اور دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کا مرکزی کردار امر خان نے ادا کیا ہے جس کے ساتھ وہ مکمل انصاف کرتی نظر آرہی ہیں اور اپنی آواز اور چہرے کے تاثرات سے وہ واقعی ایک پراسرار طاقت لگ رہی ہیں۔ ٹیلی ویژن کی صنف میں پراسرار اور ڈراؤنی کہانی لکھنا کوئی آسان کام نہیں، خاص طور پر قسط وار ڈرامے کی لیکن بیلاپور کی ڈائن اس صنف میں ایک منفرد کہانی ہے جس کی ہر قسط ایک نیا راز کھولتی ہے اور اگلی قسط تک ایک الگ گتھی کو سلجھانے کا اشارہ دے جاتی ہے۔
بیلا پور کی ڈائن ہم ٹی وی سے ہر جمعرات کی شب آٹھ بجے نشر کیا جاتا ہے۔