جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے رہ نما اور شعلہ بیان مقرر مفتی کفایت اللہ کو چینوٹ میں دوران تقریر گرفتار کرلیا گیا ۔
وہ چینوٹ میں سالانہ ختم نبوت ؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رکن مولانا الیاس چینوٹی سمیت مکتب دیوبند کی تمام جماعتوں کے رہ نما اور کارکنان جلسہ گاہ میں موجود تھے ۔
مفتی کفایت اللہ کا تعلق خیبر پختون خواہ کے ضلع مانسہرہ سے ہے اور خیبر پختون خواہ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں ۔
مفتی کفایت اللہ کو طالبان نے اپنی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا رکن نامزد کیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان نے انہیں طالبان کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کا رکن بننے سے روک دیا تھا۔
مفتی کفایت اللہ نے جمیعت علمائے اسلام کے حالیہ جماعتی انتخابات میں مولانا عبدالغفور حیدری کے مقابلے میں جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے انتخاب بھی لڑا تھا تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے ۔