انٹرٹینمنٹ کے حلقوں میں ان دنوں عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کا کافی تذکرہ ہورہا ہے۔ اس سال عید پر کئی سالوں بعد چار فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہورہی ہیں۔ ان ہی میں سے ایک فلم رومینٹک کامیڈی ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ بھی ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ دیگر پاکستانی فلموں کے برخلاف یہ اپنی پہلی دی گئی تاریخ سے قبل ہی ریلیز کی جارہی ہے۔ شروع میں اس کی ریلیز کی تاریخ جولائی کے پہلے ہفتے میں دی گئی تھی لیکن فلم کے پروڈیوسر کے مطابق شائقین کی خواہش اور عید کے تہوار کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے فلم کو عید الفطر پر ہی ریلیز کیا جارہا ہے۔
’نہ بینڈ نہ ن باراتی‘ کی پہلی جھلک مارچ میں جاری کردی گئی تھی جبکی فلم کا میوزک بھی مئی کے شروع میں آگیا تھا۔ حال ہی میں ٹیلیویژن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلم کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد سے ناقدین اور شائقین کو مکمل فلم کا انتظار ہے۔
اس دو منٹ کے ٹریلر کو دیکھنے سے فلم کے پلاٹ اور کہانی کی ایک واضح تصویر سامنے آگئی ہے ظاہر ہورہا ہے کہ فلم میں کامیڈی مکالموں اور ایکشن پر کافی توجہ دی گئی ہے۔
زاشکو انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اس فلم کے پرڈیوسر زین فاروقی جبکہ ہدایات پاکستان کے نامور اداکار اور ہدایت کار محمود اختر نے دی ہیں۔ فلم کی زیادہ تر کاسٹ نئے اور نوجوان اداکاروں پر مشتمل ہے جبکہ انڈسٹری کے نامور فنکار قوی خان اور عتیقہ اوڈھو بھی فلم کا حصہ ہیں۔ فلم میں میکال ذولالفقار، علی کاظمی، نایاب خان، کومل فاروقی، قوی خان، عتیقہ اوڈھو، عذرا محی الدین، محمود اختر، اور فلمی دنیا میں نیا اضافہ شایان خان ہیں۔
فلم سازوں کے مطابق نہ بینڈ نہ باراتی کا خیال اچھوتا ہے۔ فلم کی کہانی کینیڈا میں مقیم ایک روایتی پاکستانی خاندان کے گرد گھومتی ہے جو اپنے دو بیٹوں کی شادی کرنا چاہتے ہیں۔ فلم میں میکال ذوالفقار اور شایان خان آپس میں بھائیوں کا کردار ادا کرہے ہیں جبکہ علی کاظمی ایک منفی کردار میں موجود ہیں۔
کہانی اور کاسٹ دیکھ کر امید کی جاسکتی ہے کہ ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ عید الفطر پر فلم بینوں کے لیے ایک اچھا تحفہ ثابت ہوگی۔